اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضورِاقدس کی ہدایات کی روشنی میں جماعت احمدیہ جرمنی کو گذشتہ 25سال سے یورپ کے مختلف ممالک میں جماعت کے قیام کی توفیق مل رہی ہے۔
امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے سلواکیہ میں باقاعدہ جماعت کی رجسٹریشن ہوئی اور اس کے دارالحکومت Bratislava میں ایک مکان کرائے پر لیکر باقاعدہ مشن ہاؤس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ الحمدللّٰہ علیٰ ذالک۔
اس سلسلے میں مکرم حافظ فرید احمد خالدؔ صاحب نیشنل سیکریٹری تبلیغ اور مکرم کاشف احمد جنجوعہ صاحب مربی سلسلہ چیک ریپبلک نے گذشتہ سال سلواکیہ میں رجسٹریشن کے پراسس کے لئے متعدد دورے کیئے۔ امسال حضور اقدس نے مکرم اویس احمد ملک صاحب مربی سلسلہ کا سلواکیہ کے لئے تقرر فرمایا ہے۔
نئے مشن ہاؤس اور مربی سلسلہ کی آمد کے بعد یہاں سب سے پہلے مورخہ 28مئی 2022 کو جلسہ یوم خلافت کا اہتمام کیا مندرجہ ذیل ٹیم کے ساتھ شامل ہوئے جن میں محمد سرور چیمہ صاحب، غالب احمد چیمہ صاحب، ملک سکندر حیات صاحب، شاہد کلیم صاحب اور خاکسار شامل تھا۔ مقامی احباب کے علاوہ ہمسایہ ملک آسٹریا سے چند احباب جماعت نے بھی شرکت کی اس موقع پر حضور انور کی اجازت سے مکرم ومحترم مولانا محمد اشرف ضیاء صاحب نیشنل صدر جماعت ومشنری انچارج آسٹریا بطور مہمان مقرر شامل ہوئے۔مکرم مولانا صاحب نے نمازِظہر وعصر پڑھائی اس کے بعد جلسے کی کارروائی شروع ہوئی۔
تلاوت قرآن کریم کی سعادت خاکسار (صفوان ملک) کے حصہ آئی۔ آسٹریا سے آئے ہوئے ایک طفل عزیزم ریحان احمد زاہد صاحب نے حضرت مصلح الموعودؓ کی نظم سے چند اشعار پیش کئے۔ پہلی تقریر مکرم اویس احمد ملک صاحب مقامی مربی سلسلہ نے اطاعت خلافت پر کی۔ ان کے بعد مکرم مولانا اشرف ضیاء صاحب نے برکات خلافت کے عنوان سے بڑے دل موہ لینے انداز میں واقعاتی خطاب فرمایا۔ آخر پر مکرم مرزا عرفان احمد صاحب صدر جماعت سلواکیہ نے تمام حاضرین اور مقررین کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ الحمدللّٰہ لمبے اور صبر آزما عرصے کے بعد ہمیں یہاں جماعت کا باقاعدہ قیام کرنے کی توفیق ملی ہے۔
دعا کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا۔ دوپہر کے اس کھانے کو تیار کرنے میں آسٹریا جماعت کے نوجوان شہزاد احمد صاحب نے مثالی تعاون کیا۔ اسی طرح جرمنی سے شامل ہونے والی ٹیم نے جملہ انتظامات میں معاونت کی اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر سے نوازے۔ آمین
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ملک میں آباد چند احمدی نفوس کو ترقیات عطا فرمائے انہیں ہمت وتوفیق عطا فرمائے کہ وہ صحیح معنوں میں تبلیغ اسلام کا حق ادا کرنے والے بنیں اور ان کے ذریعہ سینکڑوں نہیں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں افراد تک احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام پہنچے اور اللہ تعالیٰ اپنی جناب سے اس ملک کے سعید فطرت لوگوں کو اس الہی جماعت کا حصہ بننے کی توفیق عطا فرمائے جو جماعت میں داخل ہوکر اعلائے کلمۃ اللہ کی اشاعت میں ممدومعاون ثابت ہوں۔ آمین
(صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل آن لائن جرمنی)