• 5 مئی, 2024

پاک محمدؐ مصطفیٰ نبیوں کا سردار

پاک محمدؐ مصطفیٰ نبیوں کا سردار
(کلام حضرت سیدہ نواب مبارکہ بیگم ؓ)

ہمارے پیارے مقدس نبی ؐ کی تعلیم ہم کو قطعی ترکِ دنیا پر مجبور نہیں کرتی۔ اسلام ہم کو خالق و مخلوق ہر دو کے حقوق کی الگ الگ بجا آوری کا حکم دیتا ہے اور دنیا میں رہ کر پھر دنیا سے الگ رہنا سکھاتا ہے۔ یہی مذہب ہے جو فطرت کے مطابق ہے اور ہم کوکبھی بھی فطرت کے خلاف مجبور نہیں کرتا۔ بشر بن کر ہی خدا کو ڈھونڈنا یہی نمونہ بانیؐ اسلام نے دکھایا ہے جس نے سب ناقابل عمل سختیوں سے ہم کو بچا لیا۔ نیز مسلمان دنیوی امور سے متعلقہ انعامات سے ہر جائز نفع اٹھانے کے ویسے ہی حقدار ہوتے ہیں جیسا کہ دوسری قومیں مگر مقصود اصلی کو نہیں ضائع ہونے دیتے۔

جب دنیا میں بیداری والے دین سے غافل سوتے ہیں
جب اس کے پیچھے پڑتے ہیں تو اُس کو بالکل کھوتے ہیں

پر شاہِ دوعالم کے پیرو کونین کے وارث بنتے ہیں
موجود ہے جو، ’’مقصود‘‘ ہے جو، دونوں ہی حاصل ہوتے ہیں

جاری سب کاروبارِ جہاں، پر دل میں خیالِ یار نہاں
دن کاموں میں کٹ جاتا ہے، راتوں کو اُٹھ کر روتے ہیں

دنیا سے الگ دنیا کے مکیں ملتے ہیں مگر گھلتے یہ نہیں
دنیا تو ان کی ہوتی ہے یہ آپ خدا کے ہوتے ہیں

سامانِ معیشت بھی کرنا پھر جیتے جی اس پر مرنا
حق نفس کا بھی کرتے ہیں ادا، بیج الفت کے بھی بوتے ہیں

خالق مٹی سے گھڑتا ہے، مٹی میں رہنا پڑتا ہے
یہ خاک ہی کرتی پاک بھی ہے، مل مل کے یہیں دل دھوتے ہیں

لاثانی اُسوہ احمد کا، یہ سیدھی راہ دکھاتا ہے
بے دنیا چھوڑے مسلم کو دنیا میں خدا مل جاتا ہے

بھیج درود اس محسن پر تو دن میں سو سو بار
’’پاک محمدؐ مصطفیٰ نبیوں کا سردار‘‘

(درعدن صفحہ14-19 ایڈیشن 2008ء)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ