• 25 اپریل, 2024

نماز باجماعت کا ستائیس گنا زیادہ ثواب

نماز با جماعت کا قیام دین اسلام کا بنیادی حکم ہے۔ اس کے لیے جہاں قرآن کریم میں تاکید ہے وہاں احادیث میں بھی متعدد روایات ہیں، آنحضرت ﷺ کی مشہور حدیث ہے:

عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ، أَنَّ رَسُوْلَ اللَّهِ صَلَّى اللّٰه عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ ’’صَلاَةُ الْجَمَاعَةِ تَفْضُلُ صَلاَةَ الْفَذِّ بِسَبْعٍ وَعِشْرِينَ دَرَجَةً‘‘

(صحیح البخاری کتاب الاذان باب فَضْلِ صَلاَةِ الْجَمَاعَةِ۔ حدیث نمبر 645)

ترجمہ: حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: باجماعت نماز اکیلے کی نماز سے ستائیس درجے بڑھ کر ہوتی ہے۔

حضرت علامہ ابن حجر العسقلانی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی تالیف فتح الباری شرح صحیح بخاری میں اس حدیث کی تشریح میں ستائیس وجوہات تحریرکئے ہیں جن کی وجہ سے باجماعت نماز میں زیادہ ثواب ہوتا ہے:

  1. مؤذّن کی دعوت سن کر نیت کرنا۔
  2. اول وقت جانا۔
  3. آرام و اطمینان سے چلنا۔
  4. مسجد میں دعا کرتے ہوئے داخل ہونا۔
  5. مسجد میں داخل ہونے پر دورکعت نوافل ادا کرنا۔
  6. جماعت کا انتظار کرنا۔
  7. ملائکۃ اللہ کا اس کے لیے دعائے رحمت کرنا۔
  8. اور اس کا شاہد حال ہونا۔
  9. قَدْ قَامَتِ الصَّلٰوۃُ کی دعوتکی تعمیل کا موقع پانا۔
  10. شیطان سے محفوظ رہنا۔
  11. امام کی تکبیر کا انتظار کرنا۔
  12. صفوں کی درستگی میں شریک ہونا۔
  13. امام کی اطاعت اور اس کی ضرورت کی حقیقت سے آگاہ ہونا۔
  14. امام کی وجہ سے عموما بھول سے محفوظ رہنا۔
  15. امام کو بھولنے پر سبحان اللہ کہہ کر آگاہ کرنا۔
  16. خشوع و خضوع سے حصہ پانا۔
  17. اور جماعت میں شریک ہونے کی وجہ سے اپنے لباس اور وضع قطع کے اچھے رکھنے کا اہتمام کرنا۔
  18. ملائکہ کا قرب حاصل ہونا۔
  19. ملائکہ کا قراءت سے استفادہ کرنا۔
  20. شعار اسلام کے ظاہری طور پر قائم کرنے کا موقع ملنا۔
  21. شیطانی جد وجہد کا مقابلہ کرنا اور دوسروں کے لیے ترغیب کا باعث بننا۔
  22. نفاق سے محفوظ ہوجانا۔
  23. دوسروں کی بد ظنی سے بچنا۔
  24. جماعت کی آمین اور ملائکہ کی آمین میں شریک ہونا۔
  25. جماعت کی مجموعی دعا اور برکت سے فائدہ اٹھانا۔
  26. نظام جماعت کے قیام میں ممد ہونا۔
  27. ایک دوسرے کے ساتھ الفت اور موانست پیدا کرنے اور افراد جماعت کی خبر گیری کا موقع پانا۔

(منقول از صحیح البخاری ترجمہ و شرح حضرت سید زین العابدین ولی اللہ شاہ صاحب ۔ جلد دوم صفحہ 46،47۔ نظارت اشاعت صدر انجمن احمدیہ پاکستان ربوہ)

(مرسلہ: مہیمن احمد۔ کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 اکتوبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 اکتوبر 2020