• 6 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

الفضل کے تیسرے یوم تاسیس پر خطوط
قسط 3

• مکرمہ فوزیہ گل۔ انڈیا سے لکھتی ہیں:
آپ کی جانب سے موصول ہونے والے محبت بھرے پیغام کا بہت بہت شکریہ۔ آپ کے اداریے بھی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہوتے ہیں۔ آپ کی بات بالکل درست ہے کہ یہ اخبار ہر قاری کے دل میں جگہ بنا چکا ہے اور یقیناً یہ قافلہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی دعاؤں کی قبولیت کی طرف رواں دواں ہے۔ اس اخبار کی مدد سے میں اپنی ان ساتھیوں کے لیے بھی دعا کروانا چاہتی ہوں جن تک مجھے پہلی بار احمدیت کا پیغام پہنچانے کی سعادت ملی۔ سر دست انہوں نے اسے قبول نہیں کیا مگر دعاہے کہ اللہ تعالیٰ جلد از جلد ان سب کے بھی اس قافلہ میں شامل ہونے کے سامان کرے تاکہ ان کے دلوں کو بھی تسکین ملے۔آمین
الفضل آن لائن کے تین سال مکمل ہونے اور چوتھے سال کے آغاز پر پیارے حضور پر نور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کو، آپ اور آپ کے تمام ٹیم ممبرز کو اور تمام قارئین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ اللہ کرے کہ آنے والے سال میں ہم سب پہلے سے بڑھ کرفریضہ ٔ تبلیغ کو انجام دینے والے ہوں اور الفضل کی مدد سےحقیقی اسلام کو سعید روحوں تک پہنچانے والے ہوں۔ آمین

آپ کی ہدایت کے مطابق الفضل کا شمارہ روزانہ 75 لوگوں کو بھیج دیتے ہیں۔ اب ان شاءاللہ 100 کی تعداد تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ ان شاءاللّٰہ مضامین لکھنے اور لوگوں سے لکھوانے کی طرف بھی توجہ کریں گے۔

• مکرم آر آر قریشی لکھتے ہیں:
’’الفضل کی اہمیت افادیت اور قلم کے استعمال کی ترغیب‘‘ اداریہ پڑھنے سے بہت خوشی ہوئی ہے۔ آپ اور آپ کے سلطان نصیر کے لئے دل سے دعائیں نکلتی ہیں۔ ہر پڑھنے والے کے لیے معاون و مددگار ثابت ہو۔تبصروں میں خاکسار کا بھی تبصرہ کتاب کی زینت بنا پڑھ کر خوشی ہوئی۔آپ کی طرف سے موصول ہونے والی پی ڈی ایف کو سب سے پہلے خود پڑھتا ہوں۔ آن لائن الفضل اخبار کی جانب سے شائع کردہ کتابیں زیرمطالعہ رہتی ہیں۔ ایک مثالی احمدی بننے کے لیے ان کتابوں کو پڑھنا اور اپنی علمی زندگی میں ان باتوں پر عمل کرنا ہی مقصود حیات ہے۔ اللہ تعالیٰ ہر پڑھنے والے کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آپ اور آپ کی ٹیم کی کاوش قابل رشک ہے کہ پیارے ہر دل عزیز آقا و امام کی دعاؤں میں رہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو مقبول خدمت دین کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین

• مکرم ڈاکٹر نصیر احمد۔ویلز نیو پورٹ یوکے لکھتے ہیں:
الحمد للّٰہ! الفضل 43گروپس میں میری طرف سے شیئر ہوتا ہے اور پی ڈی ایف کے علاوہ کچھ روزانہ کی بنیاد پر مضامین یا جو خاص دنوں کی مناسبت سے بھی شیئر ہوتا ہے، یہاں تک کہ اگر خاص دن ہے تو الفضل کے پرانے شماروں سے آرٹیکل لے کر شیئر کر دیا جاتا ہے۔ الفضل الحمدللّٰہ جماعتی مواد کا منی گوگل ہے۔ ان 43 گروپس سے سینکڑوں لوگ مزید آگے گروپس میں شیئر کرتے ہیں۔ میں کیا اور میری شیئرنگ کیا؟ میں سمجھتا ہوں کہ کچھ بھی نہیں، دنیا میں بڑے بڑے شیئرنگ کرنے والے ہیں اور ذرا لیٹ ہو تو ٹیکسٹ آنے شروع ہو جاتے کہ آج کی اخبارکی شیئرنگ لیٹ کیوں ہے؟ یہاں تک کہ لوگ اتوار کوبھی پوچھتے ہیں کہ آج کا شمارہ نہیں آیا؟ مجھے لگتا ہے اتوار کو بھی شمارہ ہونا چایئے۔ آج بھی لوگ بہت مثبت کمینٹس کر رہے ہیں۔ الحمد للّٰہ

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی