• 19 اپریل, 2024

ہم آن ملیں گے متوالو!

ہم آن ملیں گے متوالو!
کلام حضرت خلیفة المسیح الرابعؒ

ہم آن ملیں گے متوالو، بس دیر ہے کل یا پرسوں کی
تم دیکھو گے تو آنکھیں ٹھنڈی ہوں گی، دید کے ترسوں کی

ہم آمنے سامنے بیٹھیں گے تو فرطِ طرب سے دونوں کی
آنکھیں ساون برسائیں گی اور پیاس بجھے گی برسوں کی

تم دور دور کے دیسوں سے، جب قافلہ قافلہ آؤ گے
تو میرے دل کے کھیتوں میں، پھولیں گی فصلیں سرسوں کی

یہ عشق و وفا کے کھیت رضا کے خوشوں سے لد جائیں گے
موسم بدلیں گے، رُت آئے گی ساجن! پیار کے دَرسوں کی

مرے بھولے بھالے حبیب مجھے لکھ لکھ کر کیا سمجھاتے ہیں
کیا ایک اُنہی کو دُکھ دیتی ہے، جدائی لمبے عرصوں کی؟

یہ بات نہیں وعدوں کے لمبے لیکھوں کی، تم دیکھو گے
ہم آئیں گے، جھوٹی نکلے گی، لاف خدا ناترسوں کی

دور ہو گی کلفت عرصوں کی
اور پیاس بجھے گی برسوں کی

ہم گیت ملن کے گائیں گے
پھولیں گی فصلیں سرسوں کی

(الفضل ربوہ۔ صدسالہ جشن تشکر نمبر 1989ء)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی