• 23 اپریل, 2024

مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ اور ہیومینٹی فرسٹ کے زیرِ اہتمام خدمتِ خلق تقاریب کا انعقاد

مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ اور ہیومینٹی فرسٹ کے زیرِ اہتمام
خدمتِ خلق تقاریب کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ کے شعبہ ایثار اور ہیو میونٹی فرسٹ کو مؤرخہ 22؍دسمبر 2022ء کو نوشاتل شہر میں ایک ہی روز خدمت خلق کی دو مشترکہ تقاریب منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

پہلی تقریب

پہلی تقریب کے لئےصبح 10:00 بجے مکرم ملک عارف محمودصاحب صدر مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ، مکرم نجم الحسن بخاری صاحب قائد ایثار، مکرم میاں ناصر صاحب قائد تحریکِ جدیدمعہ اپنی کمسن بیٹی عزیزہ شمامہ اورنو احمدی Mr. Alexander Hosli پر مشتمل وفد نوشاتل اولڈ ہاؤس پہنچ گیا۔

ڈائریکٹر صاحبہ اولڈ ہاؤس Mrs. Evet اور انچارج ڈاکٹر صاحب نے وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

ان کو جماعت کا تعارف کروایا گیا اور جماعت کے تیارکردہ نئے سال کی مبارک باد کے کارڈز دئیے جس پر انہوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا۔

اولڈ ہاؤس کی ڈائریکٹرصاحبہ اور انچارج ڈاکٹر صاحب نےمجلس انصار اللہ اور ہیومینٹی فرسٹ کے آویزاں بینرز، پوسٹر اور تصاویر کی مدد سے دکھائی گئی خدمتِ انسانیت کی جھلکیوں اور امن کے پیغام سے بہت متاثر ہوئےاور ان کے متعلق سوالات کئے جن کے جوابات محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے دئیے۔

اس کے بعد اولڈ ہاؤس کی ڈائریکٹر صاحبہ نے تین منزلہ عمارت کا وزٹ کروایا۔ جس کے دوران کمروں میں موجود 70کمزور اور ضعیف افراد کو چاکلیٹ اور پھولوں کا تحفہ پیش کرتے ہوئے نئے سال کی مبارک باد بھی دی گئی۔ جس سے ان کے چہرےخوشی سے کھل اُٹھے۔

آخر پر ڈائریکٹر صاحبہ نے خدمت خلق کے اس عمل کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

دوسری تقریب

خدا کے فضل سے اسی دن اسی شہر میں دوسری تقریب کے لئے 12:00بجے یہ وفد رفاحی تنظیم ’’کاری تاس‘‘ کے ہال میں پہنچ گیا۔جہاں کاری تاس کے ڈائریکٹر صاحب نے وفد کا پر جوش استقبال کیا۔

جونہی مجلس انصار اللہ اور ہیومینٹی فرسٹ کےبینرز اور پوسٹر آویزاں کئے گئے تو وہاں لوگوں کی آمد شروع ہوگئی۔

وہاں پر ضرورت مند اور مالی مشکلات کے شکار افراد روزانہ سستاکھانا کھانے آتے ہیں۔

کھانے سے قبل کاری تاس کے ڈائریکٹر Mr. Sebastin Winkler نے محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ کو اپنے ساتھ کھڑا کر کے حاضرین کو جماعت کا تعارف کروایا اور افریقہ میں جماعتی اور انسانی خدمات کا تذکرہ کیا۔

تعارف کے بعد احباب نے کھانا لینا شروع کیا اور حسب معمول کاؤنٹر پر کھانے کے پیسے دینے لگتے تو ڈیوٹی پر موجود شخص ہماری طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتا کہ آج کا کھانا احمدیہ مسلم جماعت کی طرف سے ہے جس پر وہ احمدی احباب کے پاس آ کربڑی محبت سے شکریہ ادا کرتے۔ بینرز اور پوسٹر زکو نزدیک جا کر دیکھتے اور ان کی تصاویر لیتے۔ محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ انہیں ان کے تہوار کی مبارک باد دیتے اور ان کی خدمت میں جماعت کے شعبہ امورِ خارجہ کا تیار کردہ نئے سال کی مبارک باد کا خوبصورت کارڈ پیش کرتے۔

33 افراد کو جماعت کے تیارکردہ نئے سال کی مبارک باد کے کارڈز دئیے گئے اور یوں ایک ہی دن میں دو پروگراموں کے ذریعے سےضلع نوشاتل میں جماعت کا امن اور انسانی ہمدردی کا خوبصورت پیغام پہنچانے کی سعادت ملی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ خدمت قبول فرمائے اور آئندہ بھی جماعت کو اس کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔آمین

(صباح الدین بٹ۔ نمائندالفضل آن لائن سوئٹزرلینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی