• 25 اپریل, 2024

انسانیت کی خدمت ہماری پہچان

انسانیت کی خدمت کرنا اور دکھی چہروں پر مسکراہٹ لانا یقیناً ایک بہت ہی احسن عمل ہے۔ اسی طرح کم مالی وسعت رکھنے والوں یا وہ جو اپنی زندگی کے کسی مشکل دور سے گزر رہے ہوں کے ساتھ یکجہتی کرنا اور انہیں حوصلہ دینا بھی بہت اطمینان بخش طریق ہے۔

بلاشبہ انسانیت کی خدمت اسلام کی پہچان ہے اور مومنین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ دوسروں کی زندگیوں کو بہتر اور آسان بنانے میں ہمیشہ پیش پیش رہیں۔ اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں فرماتا ہے۔ ’’تم بہترین امّت ہو جو تمام انسانوں کے فائدہ کے لئے نکالی گئی ہو۔ تم اچھی باتوں کا حکم دیتے ہو اور بری باتوں سے روکتے ہو اور اللہ پر ایمان لاتے ہو۔‘‘ (3:111)

اس قرآنی حکم کے پیش نظر، جماعت احمدیہ مسلمہ دنیا بھر میں بنی نوع انسان کی زندگیوں میں خوشیاں لانے کے لیے ہمیشہ پرعزم رہتی ہے اوراسی عزم کے تحت جماعت احمدیہ مالٹا نے ایک بار پھر، خاص طور پر ماہ دسمبر کے دوران جسے مغربی دنیا میں تہوار کا مہینہ جانا جاتا ہے، چار فلاحی مراکز اور گھروں کا دورہ کیا اور دوستی اور یکجہتی کا ہاتھ بڑھایا اور وہاں پر موجود ضرورت مند لوگوں میں چاکلیٹ اور تحائف تقسیم کئے۔

یکم دسمبر 2022ء کو، جماعت نے ایک خیراتی گھر Fondazzjoni Sebh کا دورہ کیا جو بچوں، تشدد سے بچ جانے والی خواتین اور ان کے بچوں کو رہائشی خدمات فراہم کرتا ہے۔ 8؍دسمبر کو، جماعت نے Id-Dar-tal-Providenza کا دورہ کیا، جس کی بنیاد 1965ء میں معذور افراد کو خاندانی ماحول میں انفرادی رہائشی خدمات مہیا کرنے کے لئے رکھی گئی تھی جو ان کی صلاحیتوں کو بہتر اور زیادہ سے زیادہ بڑھاتی ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو یقینی بنایا جا سکے۔اسی طرح جماعت مالٹا نے منسلکہ جزیرہ Gozo میں رہنے والے تقریباً 50 ضرورتمند خاندانوں کے لئے اشیاء مہیا کیں۔

جماعت احمدیہ مالٹا نے San Blas Therapeutic Community-Caritas Malta کا بھی دورہ کیا، جو کہ منشیات کی بحالی کا ایک فلاحی مرکز ہے جو منشیات سے چھٹکارا پانے کی خواہش رکھنے والے افراد کو 24 گھنٹے موزوں ماحول فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح جماعت احمدیہ مالٹا کو ایک اور بحالی مرکز Sedqa – Komunità Santa Marija کا دورہ کرنے کا موقع بھی ملا۔ یہ حکومتی ادارہ منشیات سے چھٹکارا پانے کی خواہش رکھنے والے افراد کو 14 ماہ کا پروگرام مہیا کرتا ہے تاکہ وہ اس برائی سے پاک ہو کر ایک عام انسان کی طرح معاشرہ میں زندگی گزار سکیں۔ اس پروگرام کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کا مقصد رہائش کے ساتھ ساتھ جسمانی، ذہنی اور جذباتی بحالی کے ابتدائی مراحل سے لے کر معاشرے میں دوبارہ انضمام تک جانا ہے۔

مذکورہ بالا دو دوروں کے دوران ہمیں رہائشیوں سے ملنے، اور ان کے ساتھ کچھ خیالات شیئر کرنے کا موقع ملا جو ان کے لیے بحالی کے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

خاکسار مبلغ سلسلہ مالٹا نے وہاں گفتگو کی اور اپنے دورہ کا مقصد اور اسلام احمدیت کا تعارف پیش کیا۔ اسی طرح قرآن و حدیث کی روشنی میں حوالہ جات بھی پیش کیے جو اللہ تعالیٰ کی رحمت کو نمایاں کرتے ہیں اور جو اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی بخشش کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔ اس لیے ذاتی اصلاح اور تبدیلی بہت ضروری ہے اور صحیح معنوں میں اس وقت ممکن ہے جب کوئی شخص خلوص نیت اور دیانتداری سے اس کے لیے آمادہ ہو اور کامل وفا کے ساتھ جدوجہد کرے۔خاکسار نے بیان کیا کہ کچھ لوگوں کے لیے نشے کی عادت سے نکلنا مشکل امر ہوسکتا ہے لیکن یاد رہے کہ یہ ناممکن نہیں۔ لہٰذا انہیں ناامید نہیں ہونا چاہیے اور اپنے آپ کو مایوس نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اللہ کی اس خوشخبری پر کامل یقین رکھتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنی چاہئے کہ ’’اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہوں‘‘ (12:88)

اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و احسان کے ساتھ یہ تمام پروگرام بہت ہی کامیاب رہے اور کئی ضرورت مند افراد اور خاندانوں کی زندگیوں میں خوشیوں اور ان کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کا باعث بنیں۔ مختلف اخبارات میں ان پروگراموں کی تفصیل شائع ہوئی، اسی طرح سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ہزاروں لوگوں تک جماعت کی خدمت انسانیت کا ذکر پہنچا۔ ایک ٹیلیویژن چینل نے جماعت کی خدمت انسانیت کے بارہ میں 30 منٹ کا انٹرویو بھی نشر کیا۔ اللہ تعالیٰ ہماری یہ حقیر کاوش قبول فرمائے اور اپنے فضلوں، رحمتوں، برکتوں اور ثمرات سے نوازے۔ آمین

ان پروگراموں میں مکرم مصور احمد صاحب، مکرم حافظ وقاص احمد صاحب، مکرم حسن بشیر صاحب اور مکرم تنویر الظفر صاحب نےخصوصی تعاون کیا۔ اللہ تعالیٰ سب خدمت کرنے والوں کو جزائے خیر و اجر عظیم سے نوازے۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآء فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ۔ آمین

(لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ مالٹا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی