• 23 اپریل, 2024

مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کی نیشنل تقاریب

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کو تیسری سالانہ نیشنل تربیت کلاس اور چوتھے سالانہ اجتماع کے انعقاد کی توفیق ملی۔ ہر دو پروگراموں کا انعقاد مسجد بیت الاحد، زمبوآنگا میں ہوا۔

پانچ روزہ تربیت کلاس کا آغاز 22؍دسمبر 2022ء کو افتتاحی تقریب سے ہوا جس میں تلاوت، نظم اور عہد کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن سالیوسا سہود صاحب نے افتتاحی خطاب فرمایا۔ بعد ازاں مکرم طلحہ علی صاحب، نیشنل صدر و مشنری انچارج فلپائن نے بھی شاملین کو قیمتی نصائح سے نوازا۔ تربیتی کلاس میں اطفال اور خدام کے لئے علیحدہ کلاسوں کا انتظام تھا۔ متعدد معلمین نے اساتذہ کے فرائض سر انجام دئے جن میں مکرم عبدالحلیم صاحب، مکرم فیصل ہیڈنگ صاحب، مکرم نورالدین رزاری صاحب، مکرم عبدالمخلص صاحب اور مکرم طلحہ علی صاحب شامل تھے۔

پانچ روزہ تربیتی کلاس کے دوران دن کا آغاز تہجد اور فجر کی نمازوں سے ہوتا رہا جس کے بعد قرآن کریم کا درس دیا جاتا۔ ناشتہ کے بعد باقاعدہ کلاسوں کا آغاز ہوتا جو کھانے اور نماز کے وقفے کے ساتھ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک لگتی رہیں۔ تربیتی کلاس کے دوران جن موضوعات پر لیکچر دئے گئے ان میں سے چند ایک یہ ہیں:نظام خلافت کی اہمیت و برکات، نظام جماعت، جنازے اور تدفین کے مسائل، اسلام اور احمدیت کی تاریخ، مسائل نماز، احمدی نوجوانوں کی اخلاقی ذمہ داریاں، نشہ آور اشیاء سے بچنے کے طریق، صحبت صالحین، مردوں اور عورتوں کے اختلاط کے بارے میں اسلامی تعلیمات وغیرہ۔ اس کے علاوہ اختلافی مسائل پر بھی لیکچر دئے گئے جن میں وفات عیسیؑ، ختم نبوت کے حقیقی معنی، صداقت حضرت مسیح موعودؑ اور متعدد اعتراضات کے جوابات شامل تھے۔ اس کے علاوہ روزانہ مغرب اور عشاء کی نمازوں کے درمیانی وقفہ میں سوال جواب کی مجالس کا انعقاد ہوتا رہا جس میں خدام نے دور حاضر میں پیش آنے والے مختلف مسائل کے بارے میں سوالات پوچھے۔ ان مجالس عرفان کو خدام نے بہت پسند کیا۔

تربیتی کلاس میں خاص طور پر نماز اور اس کے ترجمہ پر توجہ دی گئی اور ان کے یاد کرنے کے لئے علیحدہ سے انتظام کیا گیا۔ الحمد للّٰہ، دوران کلاس 5 طلباء جنہیں پہلے سے نماز نہیں آتی تھی نے عربی نماز یاد کی اور 13 طلباء جنہیں پہلے نماز کا ترجمہ نہیں آتا تھا کو لوکل زبان میں نماز کا ترجمہ یاد کرنے کی توفیق ملی۔ تربیتی کلاس میں خدام کے لئے وفات پر غسل اور تدفین کے طریق پر ایک خصوصی سیمینار کا بھی انعقاد کیا جس کا مقصد یہ تھا کہ کسی تکلیف دہ ایمرجنسی صورتحال میں غسل اور تدفین کے فرائض کی ادائیگی کے لئے خدام موجود ہوں۔ یہ 5 روزہ تربیتی کلاس 23 تا 27؍دسمبر منعقد ہوئی۔

کلاس کے معاً بعد 28-29؍دسمبر 2022ء کو مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کو اپنے چوتھے نیشنل اجتماع کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اجتماع میں متعدد تعلیمی و ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ اطفال الاحمدیہ کے تعلیمی مقابلہ جات میں تلاوت، نظم، حفظ قرآن و احادیث و ادعیہ، اذان اور تقریر کے مقابلہ جات ہوئے۔ خدام الاحمدیہ کے تعلیمی مقابلہ جات میں ان مقابلوں کے علاوہ فی البدیہہ تقریر اور ترسّل کا مقابلہ ہوا۔ ترسّل مقامی زبان میں خود سے حمدیہ و نعتیہ نظم لکھنے اور پڑھنے کا طریق ہے۔ورزشی مقابلہ جات میں اطفال نے سو میٹر دوڑ، تین ٹانگوں کی دوڑ، چمچ میں لیموں رکھ کر چلنا، رسہ کشی، رومال پکڑنا اور پنجہ لڑانے کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ خدام کے لئے باسکٹ بال، والی بال، بیڈمنٹن، شطرنج اور رسہ کشی کے مقابلے رکھے گئے تھے۔

تربیتی کلاس اور اجتماع کی مجموعی حاضری 77 تھی جس میں 6 مجالس سے 63 خدام اور 14 اطفال شامل ہوئے۔ پروگرام کے دوران تقریبًا تمام خدام و اطفال نے اجتماع گاہ میں قیام کیا اور اس کی بدولت بھی آپس میں دوستیاں اور بھائی چارہ پروان چڑھا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان پروگراموں کو مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن اور تمام جماعت کے لئے بابرکت بنائے اور ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو احسن رنگ میں سر انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(ترجمہ:طلحہ علی۔ نمائندہ الفضل فلپائن)

(رپورٹ: نورالدین محمد رازی۔ نائب ناظم اعلیٰ اجتماع فلپائن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 فروری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی