• 19 اپریل, 2024

مربّی بیار مربَّا بخور

یہ اُردو محاورہ ہے جو فیروزاللغات اور دیگر لغات میں موجود ہے جس کے معانی یہ ہیں کہ ’’کامیابی صرف اس صورت میں مل سکتی ہے کہ ہر کوئی مربّی ہو‘‘

یہ معانی آج کے دور میں جماعت احمدیہ پر ہی اطلاق پاتے ہیں اور پانے بھی چاہیے۔ مُربّی کا لفظ ربّ سے لیا گیا ہے جس کے معانی پالنے اور پرورش کرنے کے ہیں۔ جب کہ اس سے قبل بھی ایک آرٹیکل میں لکھا جاچکا ہے کہ لغات میں مربّی کے مختلف لطیف معانی درج ہیں۔ جو دلچسپ بھی ہیں اور سبق آموز بھی۔ جیسے اس لفظ کے تحت لکھا ہے کہ مالی اور باغبان جو درخت کی کانٹ چھانٹ کرتا، پودے کو گوڈی کرکے اسے خوبصورت بناتا اور کیڑے مکوڑوں سے محفوظ بناتا ہے۔ انگریزی میں اس کے لئے Cultivation کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔ تربیت کے معنوں میں Breeding بھی لکھا ہے۔ جس طرح ماں، بچے کو دودھ پلاتی یا غذا دیتے وقت پیار کی نظر سے دیکھتی ہے اور دل کی گہرائیوں سے اُن کے لئے دُعا کرتی ہے۔ تربیت کے معنوں میں Nursing بھی درج ہے۔ یعنی دیکھ بھال۔

تربیت کے ایک معنی تھپکی دینے کے بھی ہیں یعنی حوصلہ افزائی۔

تربیت کے ایک معنی Training کے ہیں۔ لغات میں لکھا ہے کہ یہ Train سے مشتق ہے۔ جس طرح انجن اپنے ساتھ تمام ڈبوں کو لے کر چلتا ہے اور اُن کو روشن بھی کرتاہے بعینہٖ جماعت کے تمام بچوں کو بھی اپنے ساتھ لے کر چلیں اور دینی تعلیمات سے ان کے دل و دماغ کو روشن کریں۔

ان معنوں کے اعتبار سے جماعت احمدیہ کا ہر فرد اور عورت اگر اپنے آپ کو مخاطب سمجھے اور مربی بنے تواصلاح بہت آسان ہوجائے گی۔ اس صورت میں ہر فرد پہلے اپنے آپ کو مخاطب سمجھے اور پھر اپنے اہل خانہ کو سمجھائے اور پھر دیگر افراد جماعت کو۔ داعی الی اللہ کا بھی یہی مفہوم ہے۔ اگر ہم میں سے کوئی «داعی» ہے یعنی اللہ کی طرف بُلانے والا تو سب سے پہلے تودوسروں کے لئے نمونہ بنتے ہوئے اپنے آپ کو مخاطب سمجھ کر اپنی اصلاح کرے ۔ پھر اپنے گھرانہ میں ہر فرد بالخصوص بچوں کی اصلاح کرنے کی طرف توجہ دے ۔ پھر عہدیدار ہونے کی صورت میں جماعت کے افراد کی تعلیم و تربیت کرے۔ یہی مبارک نظام جماعت احمدیہ میں موجود ہے اور اچھی اسلامی تربیت کی وجہ سے جو پھل تیار ہوتے ہیں وہ مُربّٰی کہلاتے ہیں۔

پس آج کے مادی دور میں ضرورت ہے اس امر کی کہ ہم میں سے ہر فرد مربی بنے اور اپنے آپ کو مربی سمجھے تا پوری جماعت اسلام کے اصولوں اور تعلیمات کو اپناتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کی راہوں پر چلتی جائے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 مارچ 2021