• 19 اپریل, 2021

ڈیٹرائٹ اور ڈیٹن جماعت کا مصلح موعودؓ ڈے کا انعقاد

خدا کے فضل سے ۲۱ فروری ۲۰۲۱ بروز اتوار شام ۶:۳۰ سے ۸:۳۰ بجے جماعت احمدیہ ڈیٹرائٹ اور جماعت احمدیہ ڈیٹن نے اکٹھے یوم مصلح موعودؓ کے جلسے کا انعقاد کیا۔

دونوں جماعتوں کے ممبران نے بذریعہ ذوم گھروں سے جلسہ میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز مکرم مقبول احمد صاحب صدر جماعت کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو عزیزم عمیر ملک صاحب نے کی اور اسکا ترجمہ مکرم عدیل احمد صاحب نے پیش کیا۔ عزیزم طاہر احمد منور نے نظم پڑھی۔ مکرم مقبول احمد طاہر نے جلسہ کی غرض و غایت اور پیشگوئی کا پس منظر بیان کیا۔ مکرم بشارت وسیم صاحب نے اردو میں پیشن گوئی مصلح موعودؓ کے الفاظ پڑھ کر سنائے اور عزیزم حسن قریشی صاحب نے اسکا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔

بعد میں مکرم ڈاکٹر مطاہر احمد صاحب نے ’’پیشگوئی مصلح موعود کے حقیقی مصداق‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ انھوں نے حضرت مصلح موعودؓ کی تقریر اور کتاب ’’لمصلح الموعود‘‘ کے قیمتی حوالہ جات سنا کر ثابت کیا کہ آپؓ ہی اس پیشگوئی کے حقیقی مصداق ہیں۔

اس کے بعد مکرم ڈاکٹر نعیم لغمانی صاحب نے نظام جماعت کے عنوان پر تقریر کی۔ جو حضرت مصلح موعودؓ نے جماعت کے سامنے رکھا۔ جسمیں صدر انجمن احمدیہ کے ناظران، تحریک جدید، وقف جدید، خدام الاحمدیہ، انصار اللہ اور لجنہ اماءاللہ شامل ہیں۔ اس بارے میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔

عزیزہ ہاجرہ احمد صاحبہ نے ایک نظم پڑھی۔ نظم کے بعد مکرم عبدالشکور احمد صاحب آف ڈیٹن نے حضرت مصلح موعودؓ کا پیغام جو آپؓ نے جلسہ سالانہ امریکہ ۱۹۴۹ کے موقع پر بھجوایا پڑھ کر سنایا۔ اور انھوں نے اس سے یہ بھی ثابت کیا کہ ’’وہ علوم ظاہری و باطنی سے پُر کیا جائے گا۔‘‘

اسکے بعد مکرم عثمان منگلا صاحب نے تمام بچوں کیلئے ایک سوال جواب پر مشتمل پروگرام کیا۔ اسمیں وقت کی مناسبت سے صرف ۵۰ بچے اور بچیاں حصہ لے سکتے تھے۔ ۱۵ منٹ کے اس پروگرام میں جو زوم پر ہی ہوا اور بڑا دلچسپ تھا۔ عزیزہ ایشال طاہر اسمیں اول رہی۔ بارک اللہ لھا
اس دلچسپ پروگرام میں مکرم ناصر بخاری صاحب نے ’’حضرت مصلح موعودؓ اور استحکام خلافت‘‘ پر تقریر کی۔ انھوں نے خلافت کی اہمیت اور برکات اپنے مخصوص انداز میں بیان فرمائی اور نظام خلافت سے چمٹے رہنے کی تلقین کی۔

سب سے آخر میں خاکسار کی تقریر تھی۔ خاکسار نے احباب جماعت اور مقررین کا شکریہ ادا کیا۔ نیز حضرت مصلح موعودؓ کی محبت الٰہی، عبادت، عشق رسول، بچوں کی تربیت اور جماعت کو ہر حال میں مقدم رکھنے کے بارے میں آپ کی سیرت طیبّہ کے واقعات سنائے۔

پروگرام کے آخر میں خاکسار نے دعا کرائی۔ اور جلسہ کا اختتام ہوا۔

(رپورٹ: سیّد شمشاد ناصر۔ امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 مارچ 2021