• 21 مئی, 2024

سپورٹس ریلی مجلس انصار اللہ ناروے

خدا تعالیٰ کے فضل کے ساتھ 19 فروری 2022ء کو مجلس انصاراللہ ناروے نے ایک سپورٹس ریلی کا انعقاد کیا۔ چونکہ کرونا کی تمام پابندیاں ختم ہوچکی تھیں اس لئے یہ پروگرام نہایت دلچسپی کا باعث تھا۔ تمام مجالس کے انصار کو زعماء مجالس کے ذریعہ تقریباً ایک ماہ قبل سے ہی اس پروگرام کی تفصیل بتا دی گئی تھی۔ پروگرام کے مطابق سپورٹس ریلی میں بیڈمنٹن، والی بال اور نشانہ بازی کے مقابلہ جات شامل تھے۔ ریلی کے لئے ایک سپورٹس ہال کرائے پر لیا گیا تھا۔ اسی طرح ایک منی بس کا بھی انتظام کیا گیا تھا تاکہ ایسے انصار جو خو د ہال تک نہیں پہنچ سکتے تھے، انکو ہال تک پہنچنے میں دشواری نہ ہو۔

پروگرام کا آغاز 11:30 پرمسجد بیت النصر اوسلو ناروے میں صدر مجلس انصار اللہ ناروے کی زیر صدارت ہوا۔ محترم خالد محمود صاحب نے تلاوت کی جس کے بعد صدر مجلس محترم ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب نے انصاراللہ کا عہد دہرایا۔ عہد کے بعد صدر محترم نے ایسے پروگراموں کی افادیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایک صحت مند جسم میں ہی ایک صحت مند دماغ ہوتا ہے۔ حضرت مسیح موعود ؑ نے اپنی کتاب ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ میں جسم اور روح کے تعلق کے بارہ تفصیل سے ہماری راہنمائی فرمائی ہے۔ آنحضور ﷺ کے اس ارشاد ’’اَلْمُؤمِنُ الْقَوِیُّ خَیْرٌ مِّنَ الْمُؤْمِنِ الضَّعِیْفِ‘‘ یعنی صحت مند اور توانا مومن کمزور مومن سے بہتر ہے، پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اچھی عبادت کے لئے بھی جسم کا صحت مند ہونا بہت ضروری ہے ورنہ بیمار جسم سے تو عبادات بھی ڈھنگ سے نہیں ہوسکتیں۔ آنحضور ﷺ خود بھی صبح کی سیر، گھڑسواری اور نشانہ بازی میں حصہ لیا۔ اسی طرح حضرت مسیح موعود ؑ بھی موگریوں سے ورزش کیا کرتے تھے۔ آخرمیں صدر مجلس نے بتایا کہ آج کل ’’quality of life‘‘ پر زور دیا جاتا ہے۔ اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم اپنی صحت کا خیال رکھیں گے۔ ایسے پروگرام جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ روحانی تربیت میں بھی فائدہ دیتے ہیں۔ یہ نصیحت بھی کی کہ ورزش کو ہم سب کو روزانہ کا معمول بنانا چاہئے۔ اتنی ورزش کہ ہلکا پسینہ آجائے۔

نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں جسکے بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ انصار نے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ دیکھنے والوں نے بھی خوب داد دی۔ تواضع کے لئے ہال میں مختلف پھلوں اور مشروبات کا انتظام کیا گیا تھا۔ جنہیں انصار نے بہت پسند کیا۔ مقابلہ جات ختم ہونے پر تمام انصار واپس مسجد بیت النصر میں تشریف لائے۔ جہاں کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ کھانے کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ صدر مجلس نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ انعامات اجتماع کے موقع پر دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ یوں یہ نہایت مفید پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔

(رپورٹ: طاہر محمود۔ قائد ذہانت و صحت جسمانی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 مارچ 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ