• 23 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ جرمنی کا نیشنل سطح پر آن لائن جلسہ یوم مسیح موعود

خدا تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں سے امسال مؤرخہ 23مارچ 2021 کو نیشنل شعبہ تربیت جماعت احمدیہ جرمنی کو نیشنل سطح پر آن لائن لائیو جلسہ یو م مسیح موعود ؑمنعقد کرنے کی توفیق ملی ۔الحمد للہ علی ذلک۔

جماعت احمدیہ میں جلسہ یوم مسیح موعودؑ اس الٰہی وعدہ کے پورا ہونے کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔جس دن خدا تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰﷺسے کیا ہوا وعدہ پورا فرمایا اور اس دن سے اسلام کی نشأۃ ثانیہ کے دَور کا آغاز ہوا۔ اس پیشگوئی کی اہمیت کے بارہ میں سیدنا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں: ’’اللہ تعالیٰ نے حضرت مرزا غلام احمد صاحب قادیانی علیہ السلام کو اُس دن مسیح موعود اور مہدی معہود ہونے کے اعلان کی اجازت دی جنہوں نے جہاں خدا تعالیٰ کی وحدانیت کو دنیا میں قائم کرنے کے لئے براہین و دلائل پیش کرنے تھے وہاں دین اسلام کی برتری تمام ادیان پر کامل اور مکمل دین ثابت کرتے ہوئے ثابت کرنی تھی اور اللہ تعالیٰ کے آخری نبی حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت سے دلوں کو بھرنا تھا۔‘‘ خطبہ جمعہ 25؍ مارچ 2016ء

جب شعبہ تربیت جرمنی کو اس جلسہ کو نیشنل سطح پر انعقاد کرنے کے متعلق حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے از راہ شفقت اجازت موصول ہوئی تو فوراً اس جلسہ کے انتظامات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ۔خاکسار (کامران احمد مربی سلسلہ شعبہ تربیت) کو مکرم و محترم طاہر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت نے جلسہ یوم مسیح موعودؑ کے انتظامات کے حوالہ سے ناظم مقرر کیا۔ سب سے پہلے خاکسار نے جلسہ کے انتظامات کے حوالہ سے نیشنل شعبہ تربیت جرمنی میں معاونین کے ساتھ نیشنل سیکرٹری صاحب تربیت کی نگرانی میں میٹنگ کی اور سب کو مختلف کام سپرد کیے گئے۔ سٹیج اور بینر کی تیاری کے لیے مکرم افتخار الدین صاحب کو نگران مقرر کیا گیا۔ان کے ساتھ مکرم اسداللہ وہاب صاحب اور مکرم نور گوندل صاحب نے مدد کی۔نیز مکرم بہزاد احمد چوہدری صاحب مربی سلسلہ نے بھی خاکسار کی ہمہ وقت مدد کی۔ اس کے علاوہ لجنہ اماءاللہ جرمنی نے سٹیج کو بہت محنت کے ساتھ تیار کیا۔ نیشنل شعبہ ضیافت نے جلسہ کی مناسبت سے شیرینی کا انتظام کیا ۔نیشنل شعبہ سمعی و بصری کی طرف سے مکرم عدیل خالد صاحب نے اس جلسہ کو تاریخ میں محفوظ کرنے کے لیے تصاویر بنائیں۔ اسی طرح انتظامیہ بیت السبوح و امیر صاحب لوکل امارت فرینکفرٹ نے خود اور ان کے معاونین نے بھی اس جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے مدد کی۔ اللہ تعالیٰ تمام معاونین کو جزائے خیر عطاکرے۔ (آمین)

جلسہ کو کامیاب کرنے کے لیے مختلف متعلقہ شعبہ جات سے میٹنگز کی گئیں اور وقتاً فوقتاً انتظامات کا جائزہ لیا جاتا رہا۔ ایک طرف جہاں ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمن سٹوڈیوز کے ذریعہ احباب جماعت تک جلسہ کی کاروائی پہنچانے کا کام تھا تو دوسری طرف مقررین و موضوعات کے انتخاب کا مرحلہ تھا۔اس سلسلہ میں مکرم و محترم عبد اللہ واگس ہاؤزر صاحب نیشنل امیر جرمنی ،مکرم و محترم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی اور مکرم و محترم طاہر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت نے مسلسل رہنمائی فرمائی

جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا مکرم حافظ احتشام احمد صاحب متعلم جامعہ احمدیہ جرمنی نے تلاوت قرآن کریم اور اردو ترجمہ پیش کیا۔مقررین میں سب سے پہلے جرمن زبان میں مکرم احمد کمال صاحب مربی سلسلہ وصدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی نے ’’اسلام اور حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی حقانیت کے لیے ظاہر ہونے والے الہی نشانات‘‘ کے بارہ میں تقریر کی پھر اردو زبان میں مکرم ساجد احمد نسیم صاحب مربی سلسلہ نے ’’حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی عائلی زندگی و تربیت اولاد‘‘ کے بارہ میں تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم و محترم نیشنل امیر صاحب جماعت احمدیہ جرمنی کی دیگر جماعتی مصروفیات کے باعث ریکارڈ شدہ تقریر سنائی گئی جس میں آپ نے ’’حضرت عیسٰی ؑکی آمد ثانی‘‘ کے بارہ میں عقلی و نقلی دلائل پیش کیے ۔آخر پر مہمان خصوصی مکرم و محترم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جماعت احمدیہ جرمنی نے ’’حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے ذریعہ برپا ہونے والا روحانی انقلاب‘‘ کے موضوع پر مختلف ایمان افروز واقعات کی صورت میں روشنی ڈالی۔ اس جلسہ میں تین نظمیں اور ایک ترانہ پیش کیا گیا جو کہ بالترتیب مکرم راحیل احمد صاحب، مکرم رانا شیراز احمد صاحب، مکرم محمد اکبر بیگ صاحب اور ترانہ مکرم اشفاق احمد سندھو صاحب، مکرم فلاح الدین خان صاحب اور مکرم اسحاق طاہر صاحب نے پیش کرنے کی توفیق پائی۔ اس جلسے کی ایک خاص بات جرمن و اردو زبانوں میں لائیو ترجمہ بھی ہے، جو مکرم انصر بلال چٹھہ صاحب مربی سلسلہ اور مکرم عدنان احمد رانجھا صاحب مربی سلسلہ نے کیا۔ فجزاھم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء

محض خدا تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں سے جماعت احمدیہ جرمنی کا یہ جلسہ نہایت ہی کامیاب رہا ۔اس جلسہ کو ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمن سٹوڈیوز کے یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کیا گیا ۔نیز احباب جماعت کی سہولت کے لیے مین سٹریم لنک، جرمن و اردو زبان کے لیے تین ٹیلیفون نمبرز کا بھی انتظام کیا گیا ۔جس کے ذریعہ احباب جماعت بھرپور مستفیض ہوئے ۔

ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمنی سٹوڈیوز کی رپورٹس کے مطابق اس جلسہ میں تقریباً 31000 افراد نے لائیو جلسہ کی کاروائی سے استفادہ کیا ۔اس کے علاوہ اب تک 35000 یوٹیوب کے تینوں لنکس پر اس جلسہ کے ویوزکی کل تعداد تقریباً 66000 ہوچکی ہے ۔ الحمدللہ علی ذلک۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی تعلیمات پر کما حقہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔

(رپورٹ :کامران احمد مربی سلسلہ شعبہ تربیت جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 اپریل 2021