• 23 اپریل, 2024

لوکل احمدیہ مسلم کمیونٹی کے ساتھ افطار ڈنر

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مؤرخہ 20اپریل 2022ء کو جماعت احمدیہ ایڈیلیڈ ساؤتھ کو کو کرسٹی ڈاؤن کمیونٹی ہاؤس کے اشتراک سے ایک منفرد پروگرام ’’Iftar dinner with your local Ahmadiyya Muslim Community‘‘ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔ یہ پروگرام اس لحاظ سے منفرد تھا کہ جماعت کوپہلی دفعہ رمضان المبارک کے حوالے سے اس نوعیت کا کوئی بھی پروگرام مسجد سے باہر کسی دوسرے مقام پر منعقد کرنے کا موقع ملا۔

پروگرام کی تیاریوں کا آغاز دو ہفتے قبل شروع کیاگیا۔ چند احباب جماعت پر مشتمل ایک ٹیم بنائی گئی اور انہیں مخصوص ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ پروگرام کی سوشل میڈیا کے ذریعے سے تشہیر کی گئی اور اس مقصد کے لئے ایک پوسٹربھی تیا رکیا گیا۔ تبلیغی مہمانوں اور dignitaries کو انفرادی دعوت نامے بھی ارسال کئےگئے۔

20اپریل کی صبح کو احبا ب جماعت نے کمیونٹی ہاؤس کوپروگرام کے لئے تیار کیا۔ کمیونٹی ہاؤس کے مین گیٹ کے سامنے برآمدے میں اسلام کے متعلق نمائش اور بکسٹال لگا یا گیا۔ مین ہال کو رسمی پروگرام کےلئے تیا ر کیا گیا جبکہ ملحقہ ہال میں نماز کا انتظام کیا گیا تھا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شام 5:00بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔اس کے بعد خاکسار کو رمضان المبارک کی اہمیت و برکات کےحوالے سے ایک presentation دینے کی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔ اس کے معاً بعد Q&A سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمانوں کی جانب سے درج ذیل سوال پوچھے گئے۔

  • اس پروگرام کو کمیونٹی ہاؤس میں منعقد کرنے کا کیا مقصدہے؟
  • مسلمان کھجور سے روزہ کیوں افطار کرتے ہیں؟
  • روزہ کس عمر میں فرض ہوجاتاہے؟
  • کن لوگوں کو روزوں سے رخصت حاصل ہوتی ہے؟
  • کیا قرآن کریم ایک عالمی کتا ب ہے؟
  • مختلف مذاہب میں خدا تعالیٰ کا کیا تصور پایا جاتاہے؟

شام 5:43 پرایک خادم نے اذان دی اورہال میں موجود تمام لوگوں نے روزہ افطار کیا۔افطارکے لئے مہمانوں کی خدمت میں مکس فروٹ اور آم کی لسی پیش کی گئی۔

افطارکے بعد احباب جماعت نے نماز مغرب اداکی۔ تمام مہمانوں کو نماز کو مشاہدہ کرنے اور اس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔ اکثر مہمانوں نے ہمیں نماز پڑھتے ہوئے مشاہدہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود خدام نے ان کو اسلامی نما ز سے متعارف کروایا نیز اس ضمن میں ان کے سوالوں کےجواب دئیے۔اکثر مہمانوں کے لئے یہ ایک منفرد تجربہ تھا۔

نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد مہمانوں کو رات کا کھانا پیش کیا گیا اور اسلام کے متعلق مختلف موضوعات پر غیر رسمی طورپر گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے پروگرام نہایت کامیاب رہا اور ساٹھ سے زیرِ تبلیغ مہمان اور پانچ dignitaries اس میں شامل ہوئے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

مہمانوں کے چند تاثرات درج ذیل ہیں

ممبر پارلیمنٹ و سٹیٹ منسٹر محترمہ کیٹرین ہلیارڈ (Katrine Hildyard) صاحبہ نے کہا:
’’آج یہاں احمدیہ مسلم کمیونٹی کے ساتھ کرسٹی ڈاؤن کمیونٹی ہاؤس میں اکھٹے ہوکر بہت ہی اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ آپ کا بہت شکریہ کہ آپ نے آج ہم سب کویہاں اکٹھا کیا تا کہ ہم بطور، کمیونٹی رمضان المبارک، روزوں، روحانیت، دعا اور صدقہ و خیرات کے متعلق مزید علم حاصل کر سکیں، اور یہ باتیں رمضان کے بنیادی مقاصد میں سے ہیں۔میں آپ کی ممنون ہوں کہ آپ نے اپنا کلچر ہمارے ساتھ شیئر کرتے ہوئے ہم آہنگی کو فروغ دیا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے۔ا ٓپ کی طرف سے ایسا کرنا ا ایک نہایت احسن کام ہے۔میں احمدیہ مسلم کمیونٹی کے تمام احباب کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ آپ ہمیشہ اپنی اقدار ’’محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں‘‘ پر عمل کرتے ہیں۔ آپ ہماری کمیونٹی کو بہتر، مضبوط اور خوبصورت بناتے ہیں۔ مجھے مدعو کرنے کا بہت بہت شکریہ۔ میں مستقبل میں آپ کے ساتھ ملکر کمیونٹی کی خدمت کرنے کی خواہاں ہوں۔‘‘

کاؤنسلر جیف اِیٹن (Geoff Eaton)صاحب نے کہا:
’’2018ء میں کاؤنسلر منتخب ہونے کے بعد سے اب تک یہ آپ کا تیسرا پروگرام ہے جس میں مجھے شامل ہونے کا موقع ملا ہے۔ میں حقیقۃ ً یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی جماعت اور آپ کی مسجد سے میرا interaction بہت زبردست رہاہے۔ یہ ایک بہترین مثال ہےجسے باقی آسٹریلیا کے سامنے پیش کیا جاسکتاہےکہ کسطرح آپ کی جماعت ہماری (آسڑیلوی) کمیونٹی کے ساتھ integrate ہوئی ہے اور کسطرح آپ کی جماعت ہماری کمیونٹی کی مدد کرتی ہے۔یہ ہمارے لئے ایک بونس ہے۔‘‘

کاؤنسلرجیسن ہیسکٹ (Jason Haskett) صاحب نے کہا:
’’مجھے بہت خوشی محسوس ہوئی کہ مجھے یہاں روزہ افطار کرنے کے لئے مدعو کیا گیا۔ آپ کی سخاوت اور مہمان نوازی کے لئے بہت مشکور ہوں۔آپ کے کلچر اور مذہب کے متعلق مزید جان کر بہت اچھا لگا۔ آپ کا بہت بہت شکریہ۔‘‘

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری تبلیغی مساعی میں برکت ڈالے اور ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عاطف احمد زاہد۔ مربی سلسلہ، ایڈیلیڈ،آسٹریلیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ