• 26 اپریل, 2024

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 18)

سیّدنا امیر المؤمنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورہٴ امریکہ 2022ء
13؍اکتوبر 2022ء بروز جمعرات
قسط 18

مسجد کے بیرونی احاطہ میں مختلف جگہوں پر بڑی تعداد میں مارکیز لگائی گئی ہیں اور مرد احباب اور خواتین کے لیے نماز پڑھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ مردو خواتین کے لیے کھانے کا انتظام بھی علیحدہ علیحدہ مارکیز میں ہے۔ رجسٹریشن کے لیے بھی علیحدہ علیحدہ مارکیز ہیں اور covid ٹیسٹ کے لیے بھی علیحدہ علیحدہ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ یہاں روزانہ صبح سے شام تک ہر آنے والا کا Covid Test کیا جاتا ہے۔ اسی طرح ہر روز سینکڑوں ٹیسٹ کیے جاتے ہیں اور بعض دنوں میں یہ تعداد ہزاروں سے بڑھ جاتی ہے۔ الغرض تمام انتظا مات بڑے وسیع پیمانہ پر کئے گئے ہیں۔ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختلف پارکنگ ایریا حاصل کیے گئے ہیں اور وہاں سے احباب کے آنے جانے کے لیے بسیں چلائی گئی ہیں۔ تمام انتظامات بڑے آرگنائز ہیں۔

امریکہ کے مختلف علاقوں اور خطوں سے دو دو ہزار میل سے زائد فاصلوں سے احباب اور فیملیز یہاں آکر بیٹھے ہوئے ہیں اور سارا سارا دن مسجد اور ان مارکیز میں گزار دیتے ہیں۔ اپنے آقا کے دیدار اور زیارت کا کوئی لمحہ ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ یہ اللہ تعالیٰ کے فضلوں کے حصول کے دن ہیں۔ بڑے مبارک اور برکتوں والے دن ہیں۔ یہاں آنے والے ہر ایک ان برکتوں سے فیض پا رہا ہے۔

فیملی ملاقاتیں اور تاثرات

• پروگرام کے مطابق چھ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دفتر تشریف لائے اور فیملیز ملاقاتیں شروع ہوئیں۔

آج شام کے اس سیشن میں 49فیملیز کے 206 افراد نے اپنے آقا کے ساتھ شرف ملاقات پایا۔ ہر ایک فیملی نے حضور انور کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔ حضور انور نے ازراہ شفقت تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں کو چاکلیٹ عطا فرمائے۔

• آج ملاقات کرنے والی یہ فیملیز اور احباب Maryland کی مقامی جماعت کے علاوہ امریکہ کی مختلف 23جماعتوں سے آئے تھے۔ جن میں سے بعض بڑے لمبے اور طویل سفر طے کر کے پہنچے تھے۔

جماعت Syracuse سے آنے والے 356میل، Cleveland سے آنے والے 362میل، جماعت Charlotte سے آنے والے احباب 422میل اور بوسٹن سے آنے والے427میل کا سفر طے کر کے پہنچے تھے۔ جب کہ جارجیا (Georgia) سے آنے والے 2731میل اور Sacramento سے آنے والے احباب 2751 میل کا طویل سفر طے کر کے حضور انور سے ملاقات کے لئے پہنچے تھے۔

آج بھی ملاقات کرنے والوں میں سے بہت سے ایسے احباب اور فیملیز تھیں جن کی زندگی میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ یہ پہلی ملاقات تھی۔

• ایک دوست محسن بیگ صاحب جو جماعت sacramento سے 2751میل کا فاصلہ طے کر کے ملاقات کے لئے آئے تھے۔ جب ملاقات کر کے باہر آئے تو ان کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ کہنے لگے کہ میرے جو جذبات ہیں بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ کہنے لگے کہ میرے والد صاحب بچپن میں فوت ہو گئے تھے۔ پوری زندگی کے لیے ان کی کمی محسوس ہوتی رہی، دل میں ایک خالی پن رہا۔ آج اپنے آقا سے ملنے کے بعد، اپنے روحانی والد سے ملنے کے بعد وہ خالی پن دور ہو گیا ہے اور میرا دل سکون سے بھر گیا ہے۔ حضور کے چہرہ مبارک میں نور ہی نور ہے۔ میں اپنے دل میں بے انتہا خوشی محسوس کرتا ہوں۔

• ایک دوست فاروق خان صاحب نے بتایا کہ میں نے اندر جا کر فوراً سکون پایا اور میری تمام مشکلات اور پریشانیاں دور ہو گئیں اور مجھے اطمینان قلب نصیب ہوا ہے۔

• ایک دوست طاہر نسیم صاحب جماعت بالٹی مور (Baltimore) سے آئے تھے۔ کہنے لگے آج زندگی میں پہلی دفعہ ملاقات ہوئی ہے۔ میرا دل سرور سے بھر گیا ہے۔ حضور انور کے چہرہ پر نظر پڑتے ہی انسان کو سرور حاصل ہوتا ہے۔ چہرہ مبارک پر میں نے نور ہی نور دیکھا ہے۔ میں اپنے ذہن میں بہت کچھ سوچ کر گیا تھا لیکن سب کچھ بھول گیا۔ بس میں نے دعا کی درخواست کی۔ حضور نے ہمیں بہت دعائیں دیں اور بچے کو ازراہ شفقت تبرک دیا۔

• ایک دوست عاشر احمد نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی زندگی میں پہلی دفعہ ملا ہوں۔ بڑا ہی نورانی چہرہ ہے۔ ہم سری لنکا سے یہاں آئے تھے۔ حضور انور نے ازراہ شفقت ہم سے کام کے بارہ میں پوچھا اور دعائیں دیں۔

• ایک نو مبائع دوست حضور بخش ہادی صاحب جماعت سینٹرل جرسی سے آئے تھے کہنے لگے کہ میں نیا احمدی ہوں اور پہلی دفعہ ملا ہوں۔ اس وقت میرا دل اس قدر جذبات سے بھرا ہوا ہے کہ آپ اندازا نہیں لگا سکتے۔ میں پہلے شیعہ ہو گیا تھا۔ وہاں مجھے کوئی سکون نہیں ملا اور دل مطمئن نہ ہوا۔ پھر احمدیوں کے درمیان آنا جانا شروع کیا اور دل کو اطمینان ملا۔ آج حضور انور سے ملاقات کر کے میں برملا اس بات کا اظہار کرتا ہوں کہ یہی صحیح راستہ ہے اور یہی حق ہے۔

• ضیاء الرحمٰن صاحب جماعت Pennsylvania سے ملاقات کے لیے آئے تھے۔ ملاقات کر کے جب باہر آئے تو ان کے چہرہ پر اتنی خوشی تھی کہ بات نہیں ہو رہی تھی۔ الحمدللّٰہ شکر الحمدللّٰہ کہتے جا رہے تھے۔ کہنے لگے کہ حضور نے فرمایا کہ اب چھوٹے بچے کی شادی کرو۔ یہ فیملی اس قدر خوش تھی کہ آپس میں ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارکباد دے رہے تھے۔

• ایک دوست عبدالشکور صاحب جماعت کولمبس سے آئے تھے۔ جذبات سے بھرے ہوئے تھے رونے لگ گئے۔ کہنے لگے کہ آج میری زندگی کی خواہش پوری ہو گئی۔ ایک ہی خواہش تھی کہ حضور سے ملاقات ہو۔ آج اللہ تعالیٰ نے پوری کر دی۔ 13سال میں نے نیپال میں گزارے ہیں اور تین سال پہلے یہاں امریکہ آیا ہوں۔ ان کی اہلیہ کہنے لگیں کہ ہم اس قدر خوش ہیں کہ بیان نہیں کر سکتے۔ یہ ہماری زندگی کے بہترین لمحے تھے۔ حضور نے ہمارے لئے دعا بھی کی۔

• طاہر محمود صاحب جو کہ بالٹی مور سے آئے تھے کہنے لگے کہ آج زندگی میں پہلی بار ملاقات کی سعادت نصیب ہوئی ہے۔ ہم کافی دنوں سے آج کے دن کا انتظار کر رہے تھے۔ ہم بہت خوش نصیب ہیں کہ حضور سے ملے اور حضور کی اقتداء میں نماز پڑھ رہے ہیں۔ بڑا روحانی ماحول ہے۔

• جماعت روچسٹر (Rochester) سے آنے والے دوست حفیظ احمد صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں میرے خلاف مقدمات تھے۔ میں نے ملائشیا میں جو مشکل ترین حالات میں پانچ سال گزارے ہیں وہ میں بیان نہیں کر سکتا۔ لیکن آج حضور انور سے ملاقات نے یہ ساری تکلیفیں اور مشکلات دور کر دی ہیں اور مجھے سکون ملا ہے۔ آج میں بہت خوش ہوں۔ حضور میرے سامنے تھے، میں حضور کے ساتھ تھا۔ مجھے یقین نہیں آرہا کہ میں حضور سے مل کر آیا ہوں۔ آج میں بہت سکون میں ہوں۔

• ملاقاتوں کا یہ پروگرام سواآٹھ بجے تک جاری رہا۔ بعد ازاں ساڑھے آٹھ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد بیت الرحمٰن میں تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِ مَا مَنا بِرُوْ حِ الْقُدُسِ وَ بَا رِکْ لَنَا فِیْ عُمُرِ ہٖ وَ اَمْرِہٖ

(کمپوزڈ بائی : عائشہ چوہدری۔ جرمنی)

(رپورٹ: عبدالماجد طاہر۔ ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد برطانیہ)

پچھلا پڑھیں

جنیوا میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں جماعتِ احمدیہ کی نمائندگی

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 نومبر 2022