• 23 اپریل, 2024

الفضل کے حوالے سے ماہ اکتوبر میں موصول ہونے والی قارئین کی آراء و تبصرے (قسط 11)

الفضل کے حوالے سے ماہ اکتوبر میں موصول ہونے والی قارئین کی آراء و تبصرے (قسط 11)

پر مغز مطالعہ ایک صحت مند مشغلہ

الفضل پڑھنا اتنا دلچسپ کام ہے کہ اس کوصرف ورق گردانی کر کے چھوڑا نہیں جاسکتا۔ اس لئے بعض دفعہ کئی دوسری مصروفیات کی وجہ سے زیادہ شمارے جمع ہو جاتے ہیں اور پھر تاریخ کے حساب سے پڑھنا شروع کرتی ہوں۔ آج آپ کا مضمون انبیاء کا انکار اور اللہ کی آزمائشوں کی یلغار پڑھ کر دل کانپ اٹھا لیکن یہاں تو ابھی بھی آنکھیں، کان اور دلوں پر قفل ہی پڑے ہیں۔ کل سے ایک مولوی کی وڈیو وائرل ہے جس میں وہ حمل والی احمدی عورتوں کو مارنے یا بچہ ضائع کرنے کی تلقین کر رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ احمدیوں کو مخالفوں کے ہر شر سے محفوظ رکھے۔ آمین۔

(سعدیہ طارق)

عمدہ افکار

ماشاءاللّٰہ! کجیوں کے نام سے عمدہ خیالات نے جنم لے کر مضامین کی شکل اختیار کی ہے۔

(ڈاکٹر طارق انور باجوہ۔ لندن)

نئے زاویے سے بیان

ماشاء اللّٰہ! میں نے ہر دواداریے دوبارہ پڑھے اور بلاشک و شبہ کہا جاسکتا ہے کہ لفظ کجی کو بالکل ایک نئے زاویہ سے پیش کیا گیا ہے اور پھر اس لفظ کی توضیح و توصیف کے بیان کو گویا ایک نئے محاورہ کے مطابق ’’دریا کو کجی‘‘ میں بند کر دیا گیا ہے۔ اَللّٰھم زد فزد۔

(رحمت اللہ بندیشہ۔ جرمنی)

الفضل ایک دھنک

الفضل آن لائن کا معیار بہت عمدہ ہے۔ اسےنت نئے رنگ میں دیکھنا ہمارے لئےباعث تحسین ہے۔ آپ کی حوصلہ افزائی نئے لکھنے والوں میں لکھنے کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔

(ذیشان محمود۔ سیرالیون)

پر اثر تحریرات

الفضل آن لائن کا روزانہ شمارہ پڑھ کر بہت دلی سکون ملتا ہے۔ جب تک پورا الفضل پڑھ نہ لوں اور افادہ عام کے لئے اسے ٹویٹر اور انسٹا گرام کے اسٹیٹس پر نہ لگا لوں، سکون نہیں ملتا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ اتنا اچھا روحانی مائدہ روزانہ بلاناغہ ہم تک بہم پہنچانے کے لئے آپ اور آپ کی تمام ٹیم کی انتھک محنت اور عرق ریزی صاف نظر آتی ہے۔اللہ تعالیٰ آپ سب کی سعی کو قبول و مقبول بنائے۔ آمین ثم آمین۔

(منزہ سلیم۔ جرمنی)

بہترین روحانی مائدہ

خاکسارکو الفضل آن لائن کا لنک ڈاکٹر نصیر احمد طاہر صاحب کے ذریعہ روزانہ فوراً مل جاتا ہے اور اسے پڑھ کرہی سونے کے لئے جانا ہوتا ہے۔ الفضل کے ذریعہ روزانہ ہماری تربیت کے لئے، اسلام کی تعلیم پر مبنی قرآن و حدیث ملفوظات حضرت مسیح موعود علیہ السلام، خلفاء کے ارشادات اور پیارے آقا سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ کے تازہ فرمان کے ذریعہ، روحانی خوراک باقاعدگی سے فراہم ہو جاتی ہے۔ جزاکم اللّٰہ احسن الجزاء۔ الفضل کی وساطت سے دنیا بھر میں جماعت پر ہونے والے اللہ تعالیٰ کے احسانات سے آگہی بھی ملتی ہے جو ازدیادِ ایمان کا باعث ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو خلافت کے کڑے کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کی توفیق دیتا چلا جائے آمین۔ موٴرخہ 6؍اکتوبر 2022ء کے الفضل میں ایک علمی مضمون بابت ریزونینس Resonance عزیزہ فرحت سلطانہ بھٹی کا شائع ہوا ہے جس میں انہوں نے جدید سائنسی تحقیق سے انسان کی روحانی کیفیات پر دلیل قائم کی ہے۔ پتہ چلتا ہے کہ مضمون نگار نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی کتاب ’’الہام، عقل، علم اور سچائی‘‘ کا گہرائی سے مطالعہ کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ اِن کے علم میں برکت ڈالے اور ترقیات سے نوازے۔ آمین

(محمد کولمبس خان۔ جرمنی)

لذیذ دسترخوان

بے شک الفضل ایک دسترخوان ہے جس کے سبھی کھانے نہایت لذیذ، خوش رنگ اور خوشبو سے پُر ہیں اور تاثیر کے تو کیا ہی کہنے۔ ہر کوئی اپنے ذوق و توفیق کے مطابق اس سے استفادہ کر سکتا ہے۔

(نمود سحر)

تربیت کا نیا انداز

میں ان خوش نصیبوں میں شامل ہوں کہ جنہیں صبح صبح الفضل آن لائن جیسی اخبار مل جاتی ہے۔ جس میں زندگی کے ہر پہلو پر کچھ نہ کچھ ایسا لکھا مل جاتا ہے۔ جس پر اگر میں عمل کرنے لگوں تو کوئی وجہ نہیں کہ میں صحیح مومنہ نہ بن سکوں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا لجنہ اماءاللہ کے اجتماع پر دیا گیا خطاب اپنی ذات میں اتنا قیمت اور وزن رکھتا ہے کہ ہر لجنہ ممبرکو اسے دن میں کم از کم ایک مرتبہ ضرور پڑھنا چاہیے۔ میرا دل چاہتا ہے کہ اس خطاب کے تمام نکات کو نمبر وار لکھ کر آپ کو بھیجوں۔ تاکہ جو لوگ لمبی تحریر نہیں پڑھ سکتے وہ کم ازکم نکات ہی پڑھ لیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس خطاب سے فائدہ اٹھانے کی توفیق دے۔ آمین۔ مزید تحریر کرتی ہیں۔موٴرخہ13؍اکتوبر کی اشاعت میں یہ قول کہ ’’شخص نہیں شخصیت بننے کی کوشش کرو‘‘ جسے میں بار ہا عمر کے مختلف حصوں میں پڑھ چکی ہوں انسان کی ذات نکھارنے کے لئے بہت عمدگی اور نفاست سے ہولے ہولے تربیت کرتا ہے۔

(نبیلہ رفیق۔ ناروے)

دل عش عش کر اٹھا

موٴرخہ 12؍اکتوبر کے اخبار میں مکرم عبد الماجد طاہر ایڈیشنل وکیل التبشیر کی تحریر کردہ رپورٹ پڑھی جو کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے دورہٴ امریکہ کے حوالہ سے تھی۔ رپورٹ پڑھ کر دل عش عش کر اٹھا کہ ایک عیسائی آدمی بھی حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ سے ایک ملاقات کرنے کے لئے اپنی رخصت منسوخ کر کے ائیر پورٹ پر ڈیوٹی کے لئے پہنچ گیا۔

(مظفر احمد ظفر)

مفید معلومات

جزاک اللّٰہ !میں نے کتاب بعنوان ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘‘ محفوظ کر لی ہے۔ الحمد للّٰہ! بہت مفید معلومات جمع کر کے حضور علیہ السلام کے الہام کے حوالہ سےزمین کی وسعتوں اور کناروں تک کا احاطہ کر لیا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو بہترین جزا دے۔ آمین۔

(ہادی علی چوہدری۔کینیڈا)

ایمان میں تقویت کا باعث

الفضل کا ہر شمارہ میرےعلم میں بہت سی نئی ایمان افروز باتوں کا اضافہ کر رہا ہے۔ دینی اور دنیاوی بہت سارے علوم کی واقفیت ہورہی ہے۔ چند ایک کا ذکر تحدیث نعمت کے طور پر تحریر کرتا ہوں۔ارشاد باری تعالیٰ، فرمان رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور بانیٴ سلسلہ عالیہ احمدیہ کے اقتباسات، پیارے امام امیرالموٴ منین ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعائیں، توقعات اور بےشمار نصائح سر فہرست ہیں۔تلخیص صحیح بخاری،تبلیغ میں پریس اور میڈیا کا کردار، مختلف ممالک میں جماعت احمدیہ کے زیر اہتمام تنظیموں کی ملّی ودینی خدمات، جلسہ سالانہ یو کے 2022ء میں تقریر ’’عائلی زندگی میں میاں بیوی کو صبر اور برداشت کی عادت ڈالنے‘‘ بطور خاص ذکر کے لائق ہیں۔خاکسار بعض تحریرات کا پرنٹ نکال کر اپنے عزیز و اقارب اور دوستوں کو پڑھنے کے لیےپوسٹ کرتا رہتا ہے۔ اسی طرح ان اہم دستاویزات کی فوٹو اسٹیٹ کرکے جلد بنا کر محفوظ کر لیتا ہوں تاکہ تبلیغ اور کسی بھی موضوع کی گفتگو میں حوالہ کے طور پر کام آ سکے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین۔

(آر آر قریشی)

تسکین قلب کا باعث

الحمدللّٰہ! روزنامہ الفضل آن لائن اپنی مثال آپ ہے۔ تمام مضامین انتہائی دلچسپ ہوتے ہیں۔ جب تک کہ پورے اخبار کا بغور مطالعہ نہ کر لیا جائے تو ایسے ہی لگتا ہے کہ آج کوئی خاص کام نہیں کیا۔ کچھ تشنگی سی محسوس ہوتی ہے اورمطالعہ کر لینے کے بعد ہی روح کو تسکین ملتی ہے۔ اس اخبار کی تعریف و توصیف میں جس قدر لکھا جائے کم ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام کارکنان کو صحت و سلامتی والی فعال زندگی عطا فرمائے آمین۔

(عرفان احمد طاہر)

لطیف نکات سے مزین

گزشتہ دنوں پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورہٴ امریکہ کی ایمان افروز اور مفصّل روداد پڑھنے کو ملتی رہی۔ جس کے لئے مکرم عبد الماجد طاہر اور ادارہ الفضل خصوصی شکریہ کے مستحق ہیں۔ فجزاہم اللّٰہ تعالیٰ احسن الجزاء۔ مضمون ’’ایک انگریزی محاورہ پر طبع آزمائی‘‘ کمال نکتہ لیے ہوئے ہے۔ اکثر و پیشتر مضامین منفرد، دلچسپ اور لطیف نکات سے مزّین ہوتے ہیں جنہیں عنوان کے مفہوم، جگ بیتیوں کے بیان اور اسلام احمدیت کی تعلیمات کی روشنی میں خوب کھول کر بیان کیا جاتا ہے۔ سلسلہ ’’سو سال قبل کا الفضل‘‘ کا آغاز کرنے پر خاکسار آپ کی بہت مشکور ہے۔ اس میں دیئے گئے لنک کے ذریعے بہت آسانی سے پرانے الفضل کو دیکھنے اور پڑھنے کی توفیق بھی مل جاتی ہے جو کہ کسی نعمت سے کم نہیں۔

(ثمرہ خالد۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

جنیوا میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں جماعتِ احمدیہ کی نمائندگی

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 نومبر 2022