• 16 مئی, 2024

ترک احمدی احباب و خواتین کا تبلیغی و تربیتی ریفریشر کورس

شعبہ تبلیغ جرمنی کے زیر انتظام جرمنی میں رہائش پذیر ترک احمدی احباب و خواتین کا سالانہ تربیتی و تبلیغی ریفریشرکورس مورخہ 14 دسمبر2019 ءکو مسجد بیت الواحد Hanau میں منعقد ہوا۔ جس میں جرمنی بھر سے 28 مردوں اور 28 ترک خواتین نے شرکت کی۔ ریفریشر کورس کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں حضور کی اجازت سے آذربائیجان کے صدر جماعت و مبلغ مکرم اطہر محمود نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں ترکی کے مبلغ سلسلہ مکرم صادق احمد بٹ ، صدر انصاراللہ ترکی Mr Kubilay اور معلم جماعت عثمان شکر ترکی سے تشریف لائے۔ مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جمعہ کے روز سے شروع ہوا جن کا طعام و قیام کی ذمہ داری مکرم مبارک احمد چھٹہ ریجنل امیر اور اُن کی ٹیم کے ذمہ تھی۔
ہفتہ کی صبح ریفریشر کورس کی افتتاحی تقریب مبلغ سلسلہ مکرم ڈاکٹر عبدالغفار کی صدارت میں شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم مکرم عثمان شکر نے کی۔ مکرم ڈاکٹر عبدالغفار نے اپنی افتتاحی تقریر میں برکات خلافت پر اظہار خیال کیا۔ مکرم محمد احمد راشد مبلغ سلسلہ نے جرمنی میں ترک ڈیسک کے کام کی تفصیلات بیان کیں۔ جن میں اجلاسات کے علاوہ ہر ہفتہ کی شام کو راہ ہدیٰ کی طرز پر پیش کیا جانے والا لائیو پروگرام۔ کتب کے تراجم اور دوستوں میں باہمی محبت کت فروغ بڑھانے کے لئے ذاتی رابطے بڑھانے کی تفاصیل پیش کیں۔ صدر انصارا للہ ترکی نے ’’مسیح کے آنے کا مقصد‘‘ جیسے اہم موضوع پر تقریر کی۔
دوپہر کے کھانے کے وقفہ کے دوران نماز ظہر و عصر ادا کی گئی ۔شام کے اجلاس میں مکرم حافظ فرید احمد خالد نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے جرمنی میں جماعت کی تبلیغی سرگرمیوں کی تفاصیل سے آگاہ کیا۔ مکرم صادق احمد بٹ مبلغ سلسلہ نے جماعت کے مالی نظام اور چندہ کی اہمیت بیان کی۔ چندہ تحریک جدید اور وقف جدید کے نظام کے تحت بیرونی مشنوں کے قیام سے آگاہ کیا۔
آزربائیجان میں کیونکہ ترکی زبان بولی جاتی ہے اس لئے ترکی جماعت اور آزر بائیجان میں تبلیغی تعاون بڑھانے کے حوالے سے نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے مشاورتی اجلاس بھی کیا۔ نماز عشاء کے بعد عشائیہ کا اہتمام تھا۔ جس میں مہمانوں کے علاوہ Hanau ریجن اور حلقہ کے احباب بھی مدعو تھے۔ اس موقع پر مہمانوں اور مبلغین سلسلہ نے مختصر تقاریر کیں۔ ریجنل امیر مکرم مبارک احمد چھٹہ اور حلقہ کے صدر مکرم احمد حسنی جنجوعہ نے خدمت کا موقع دینے پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے بعد سب نے ایک ساتھ کھانا کھایا۔ کھانے کے اختتام پر ترک روایات کے مطابق مہمانوں نے قیام و طعام میں مدد کرنے والے کارکنان سے ملنےکی خواہش ظاہر کی۔ چنانچہ کارکنان کے آنے پر سب سے نام با نام تعارف حاصل کیا ۔
یاد رہے کی بیت السبوح کے بعد بیت الواحد اپنی وسعت کی بدولت مرکزی تقریبات کا ہیڈکوارٹر ہے۔ جماعت اور ذیلی تنظیموں کی میٹنگز، سیمینارز، ورکشاپ اور تربیتی کلاسز کا انعقاد یہاں ہونے کا معمول ہے ۔ جس میں ممبران جماعت Hanau کو خدمت بجا لانے کی توفیق ملتی ہے۔

(عرفان احمد خان۔جرمنی)

پچھلا پڑھیں

خطبہ جمعہ سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزفرمودہ 29نومبر2019ء بمقام مسجد بیت الفتوح

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24دسمبر 2019