• 27 جولائی, 2024

مسجد مبارك ہیگ اور حضرت مصلح موعودؓ 

جماعت احمدیہ ہالینڈ کو تاریخ کا ایک ایسا عظیم الشان اعزاز نصیب ہوا جس پر ہالینڈ کے احمدی خصوصاً اور دوسرے ولندیزی باشندے عموماً جتنا بھی فخر کریں کم ہے۔ یہ اعزاز حضرت مصلح موعودؓ کا ورودِ ہالینڈ ہے۔

18؍جون 1955ء کو حضرت مصلح موعودؓ  اہلِ قافلہ کے ہمراہ دوپہر کے وقت ہالینڈکی سر زمین میں داخل ہوئےاور پانچ بجے کے قریب قافلہ ہیگ کے مضافات میں داخل ہوا۔

24؍جون کو حضورؓ نے نمازِجمعہ پڑھائی اور انگریزی زبان میں تقریباً آدھے گھنٹے کا خطبہ ارشاد فرمایا۔

اس خطبہ میں آپ نے ڈچ زبان میں ترجمہ قرآن کرنے کے متعلق اور ہالینڈ میں مسجد کی تعمیر کے بارے میں جماعت کی رہنمائی فرمائی۔

25؍جون 1955ء کو حضرت مصلح موعودؓ بذریعہ ہوائی جہاز جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے لیے روانہ ہوئے۔

(ماخوذ از رپورٹ مشن ہالینڈ+تاریخ احمدیت جلد16 صفحہ530)

29؍جون کو حضرت مصلح موعودؓ بذریعہ ہوائی جہاز واپس ہیگ تشریف لائے۔

اسی روز آٹھ بجے رات کو ہیگ کی جماعت نے حضورؓ کے اعزاز میں ایک عمارت De Dierentuin میں ایک استقبالیہ کا انتظام کیا تھا۔ اس موقع پر ڈیڑھ سو افراد نے شرکت کی جن میں پریس کے نمائندے اور کئی معززین بھی شامل تھے۔

مکرم ابوبکر ایوب صاحب نے تلاوت کی جس کے بعدہالینڈ کے نو مسلم دوست مکرم عبداللطیف دلیون صاحب نے ایڈریس پیش کیا۔ اس ایڈریس میں آپ نے حضورؓ کی تشریف آوری پر شکر یہ ادا کیا اور مقامی جماعت کی طرف سے خوشی اور عقیدت کے جذبات کا اظہار کیا۔

اس کے بعد حضورؓ نے انگریزی میں تقریر فرمائی۔

حضورؓ نے ہالینڈ میں تعمیر مسجد کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:
’’یہ مسجد پاکستان کی احمدی مستورات کے چندہ سے بنائی گئی۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ہالینڈ میں اللہ تعالیٰ نے متعدد خواتین کو بھی قبولِ اسلام کی توفیق عطا فرمائی ہے اور وہ سب بہت مخلص ہیں۔‘‘

حضورؓ نے فرمایا: ’’ہمیں اس بات پر مطمئن نہیں ہونا چاہیے کہ ہم نے ڈچ زبان میں یا بعض اور زبانوں میں قرآن پاک کے تراجم شائع کیے ہیں اور ہیگ میں مسجد تعمیر کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اگر ہم اپنی ان ذمہ داریوں پر نظر ڈالیں جو اللہ تعالیٰ نے ہم پر عائد کی ہیں تو ہمیں اپنی ان حقیر کوششوں پر شرم محسوس ہوتی ہے۔ ہمارے خدا نے ہمارا یہ فرض قرار دیا ہے کہ ہم دنیا بھر میں اسلام کو پھیلائیں۔ دنیا کی سب زبانوں میں قرآن مجید کے تراجم شائع کریں اور ہر ملک اور ہر علاقہ میں جگہ جگہ مساجد تعمیر کریں…..‘‘

(الفضل 10؍جولائی 1955ء)

حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ نےہالینڈ میں یکم جولائی کو دوسرا خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔
حضور نمازِ جمعہ کے بعد مسجد مبارک (ہیگ)کی زیرِ تعمیر عمارت دیکھنے کے لیے تشریف لے گئے۔اس وقت دیواریں تعمیر ہو چکی تھیں مگر چھتیں ابھی نہیں پڑی تھیں۔ حضور نے مسجد کے ہال والے حصہ میں کھڑے ہوکر اس مسجد کے بابرکت ہونے کے لیے ایک لمبی اور پُر سوز دعا فرمائی۔

(سلسلہ احمدیہ جلد دوم صفحہ478)

(طلحہ چوہدری۔ مبلغ سلسلہ سلووینیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی