• 19 اپریل, 2024

تعارف سورۃ القمر (54 ویں سورۃ)

(تعارف سورۃ القمر(54 ویں سورۃ))
(مکی سورۃ، تسمیہ سمیت اس سورۃ کی56 آیات ہیں)
(ترجمہ از انگریزی ترجمہ قرآن (حضرت ملک غلام فرید صاحب) ایڈیشن 2003)

وقت نزول اور سیاق و سباق

یہ سورت اپنی سابقہ سورۃ (النجم) کے ساتھ ہی نازل ہوئی، جو نبوت کے پانچویں سال میں نازل ہوئی تھی۔ سورۃ نجم کا اختتام اس بیان پر ہوا تھا کہ کفار کی تباہی کا وقت نزدیک آ پہنچا ہے اور موجودہ سورت اس ذکر سے شروع ہوتی ہے کہ ان کے خوف کا وقت آ چکا ہے اور ان کے دروازوں پر کھڑا ہے۔ یہ ان سات قرآنی سورتوں کے گروپ کی پانچویں سورت ہے جو سورۃ ق سے شروع ہوکرسورۃالواقعہ پر ختم ہوتی ہیں۔ یہ سب سورتیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نبوت کے آغاز میں نازل ہوئیں اور بنیادی اسلامی عقائد پر روشنی ڈالتی ہیں یعنی ہستی اور توحید باری تعالیٰ، قیامت اور وحی والہام اور قوانینِ فطرت ،انسانی عقل، شعور اور گزشتہ انبیاء کی تاریخ پر جو ان نظریات کی حقیقت کے لئے بطور دلیل کے ہیں۔ بعض سورتوں میں ان میں سے کسی خاص پہلو پر زور دیا گیا ہے اور اسی پہلو کو بنیاد بنا کر دوسرے دلائل کو بھی ثابت کیا گیا ہے۔

موجودہ سورۃ میں آنحضرت ﷺ کے الہٰی دعویٰ اور قیامت کو گزشتہ انبیاء کی تاریخ کے آئینہ میں بیان کیا گیا ہے، خاص طور پر قومِ نوح، قوم عاد، ثمود اور قوم لوط (جو الٰہی عذاب کا نشانہ بنے)۔ اپنے اختتام پر یہ سورۃ عرب کے بدوؤں کی تباہی کے متعلق ایک پیشگوئی کے پورا ہونے کا پرتحدی بیان کرتی ہے جن کے بارے میں ایک تنبیہ گزشتہ سورۃ کی آیت نمبر(58) میں بیان ہوئی تھی۔

(ابو سلطان)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 مارچ 2021