• 25 اپریل, 2024

نیشنل آن لائن جلسہ یومِ خلافت جرمنی

خدا تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں سے امسال مورخہ 27مئی 2021ء کو نیشنل شعبہ تربیت جماعت احمدیہ جرمنی کو نیشنل سطح پر آن لائن لائیو جلسہ یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذلک۔

جماعت احمدیہ میں جلسہ یوم خلافت اس الٰہی وعدہ کے پورا ہونے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ جس دن خدا تعالیٰ نے اپنی قدرت ثانیہ کا ظہور فرمایا اور اس دن سے اسلام کی نشأۃ ثانیہ کے ایک نئے دَور کا آغاز ہوا۔اس قدرت ثانیہ کے ظہور کی خوشخبری دیتے ہوئے سیدنا حضرت اقدس مسیح موعودؑ فرماتے ہیں: ’’سو اے عزیزو! جبکہ قدیم سے سنّت اللہ یہی ہے کہ خدا تعالیٰ دو قدرتیں دکھلاتا ہے تا مخالفوں کی دو جھوٹی خوشیوں کو پامال کر کے دکھلادے۔ سو اب ممکن نہیں ہے کہ خدا تعالیٰ اپنی قدیم سنّت کو ترک کر دیوے۔ اس لئے تم میری اس بات سے جومَیں نے تمہارے پاس بیان کی غمگین مت ہو‘‘ یعنی اپنی وفات کی اطلاع دی تھی ’’اور تمہارے دل پریشان نہ ہو جائیں کیونکہ تمہارے لئے دوسری قدرت کا بھی دیکھنا ضروری ہے اور اس کا آنا تمہارے لئے بہتر ہے کیونکہ وہ دائمی ہے جس کا سلسلہ قیامت تک منقطع نہیں ہوگا۔ اور وہ دوسری قدرت نہیں آسکتی جب تک مَیں نہ جاؤں۔ لیکن مَیں جب جاؤنگا تو پھر خدا اُس دوسری قدرت کو تمہارے لئے بھیج دے گا جو ہمیشہ تمہارے ساتھ رہے گی۔ جیسا کہ خدا تعالیٰ کا براہین احمدیہ میں وعدہ ہے۔ اور وہ وعدہ میری ذات کی نسبت نہیں ہے بلکہ تمہاری نسبت وعدہ ہے جیسا کہ خدا فرماتا ہے کہ مَیں اِس جماعت کو جو تیرے پَیرو ہیں قیامت تک دوسروں پر غلبہ دوں گا۔ سو ضرور ہے کہ تم پر میری جدائی کا دن آوے تا بعد اس کے وہ دن آوے جو دائمی وعدہ کا دن ہے۔ وہ ہمارا خدا وعدوں کا سچّا اور وفادار اور صادق خدا ہے۔ وہ سب کچھ تمہیں دکھلائے گا جس کا اس نے وعدہ فرمایا ہے۔ اگرچہ یہ دن دنیا کے آخری دن ہیں اور بہت بلائیں ہیں جن کے نزول کا وقت ہے پر ضرور ہے کہ یہ دنیا قائم رہے جب تک وہ تمام باتیں پوری نہ ہو جائیں جن کی خدا نے خبر دی‘‘۔

(رسالہ الوصیت، روحانی خزائن جلدنمبر20 صفحہ305-306)

جب شعبہ تربیت جرمنی کو اس جلسہ کو نیشنل سطح پر انعقاد کرنے کے متعلق حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے از راہ شفقت اجازت موصول ہوئی تو فوراً اس جلسہ کے انتظامات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ۔خاکسار (کامران احمد مربی سلسلہ شعبہ تربیت) کو مکرم و محترم طاہر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت نے جلسہ یوم خلافت کے انتظامات کے حوالہ سے ناظم مقرر کیا۔سب سے پہلے خاکسار نے جلسہ کے انتظامات کے حوالہ سے نیشنل شعبہ تربیت جرمنی میں معاونین کے ساتھ نیشنل سیکرٹری صاحب تربیت کی نگرانی میں میٹنگ کی اور سب کو مختلف کام سپرد کیے۔ سٹیج اور بینرز کی تیاری کے لیے مکرم افتخار الدین صاحب کو نگران مقرر کیا گیا۔ ان کے ساتھ مکرم اسداللہ وہاب صاحب اور مکرم نور گوندل صاحب نے مدد کی۔نیز مکرم بہزاد احمد چوہدری صاحب مربی سلسلہ نے بھی خاکسار کی ہمہ وقت مدد کی۔ اس کے علاوہ لجنہ اماءاللہ جرمنی نے سٹیج کو بہت محنت کے ساتھ تیار کیا۔نیشنل شعبہ ضیافت نے جلسہ کی مناسبت سے شیرینی کا انتظام کیا ۔نیشنل شعبہ سمعی و بصری کی طرف سے مکرم عبدالوحید صاحب نے اس جلسہ کو تاریخ میں محفوظ کرنے کے لیے تصاویر بنائیں۔اسی طرح انتظامیہ بیت السبوح و امیر صاحب لوکل امارت فرینکفرٹ نے خود اور ان کے معاونین نے بھی اس جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے مدد کی۔ اللہ تعالیٰ تمام معاونین کو جزائے خیر عطاکرے۔ (آمین)

جلسہ کو کامیاب کرنے کے لیے مختلف متعلقہ شعبہ جات سے میٹنگز کی گئیں اور وقتاً فوقتاً انتظامات کا جائزہ لیا جاتا رہا۔ ایک طرف جہاں ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمن سٹوڈیوز کے ذریعہ احباب جماعت تک جلسہ کی لائیو کاروائی پہنچانے کا کام تھا تو دوسری طرف مقررین و موضوعات کے انتخاب کا مرحلہ تھا۔ اس سلسلہ میں مکرم و محترم عبد اللہ واگس ہاؤزر صاحب نیشنل امیر جرمنی، مکرم و محترم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی اور مکرم و محترم طاہر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت نے مسلسل رہنمائی فرمائی۔

جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا عزیزم فیصل محمود صاحب نے تلاوت قرآن کریم اور اردو ترجمہ پیش کیا۔مقررین میں سب سے پہلے اردو زبان میں مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مربی سلسلہ نے ’’خلافت سے زندہ تعلق کیسے قائم کیا جا سکتا ہے؟‘‘ کے بارہ میں تقریر کی، پھر جرمن زبان میں مکرم حسنات احمد صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے ’’خلافت عافیت کا حصار‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم و محترم مبلغ انچارج صاحب جماعت احمدیہ جرمنی نے ’’جماعت کے خلافت سے وفا اور محبت کے نمونے واقعات کی روشنی میں‘‘ کے عنوان پرمختلف ایمان افروز واقعات بیان کئے۔آخر پر مہمان خصوصی مکرم و محترم نیشنل امیر صاحب جماعت احمدیہ جرمنی نے ’’برکات خلافت بالخصوص خلافت خامسہ‘‘ کے دور کے بارہ میں روشنی ڈالی۔ اس جلسہ میں تین نظمیں پیش کی گئیں جو کہ بالترتیب مکرم نورالدین اشرف صاحب مربی سلسلہ، مکرم میر نسیم الرشید صاحب، مکرم حماد احمد صاحب نے پڑھیں۔ اس جلسے کی ایک خاص بات جرمن و اردو زبانوں میں لائیو ترجمہ بھی ہے، جو مکرم امتیاز شاہین صاحب مربی سلسلہ اور مکرم لقمان احمد مجوکہ صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت جماعت احمدیہ جرمنی نے کیا۔ فجزاھم اللّٰہ تعالٰی احسن الجزاء

محض خدا تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں سے جماعت احمدیہ جرمنی کا یہ جلسہ نہایت ہی کامیاب رہا ۔اس جلسہ کو ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمن سٹوڈیوز کے یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کیا گیا ۔نیز احباب جماعت کی سہولت کے لیے مین سٹریم لنک، جرمن و اردو زبان کے لیے تین ٹیلیفون نمبرز کا بھی انتظام کیا گیا ۔جس کے ذریعہ احباب جماعت بھرپور مستفیض ہوئے۔

ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمنی سٹوڈیوز کی رپورٹس کے مطابق اس جلسہ میں تقریباً 29000 افراد نے لائیو جلسہ کی کاروائی سے استفادہ کیا۔ اس کے علاوہ اب تک یوٹیوب کے تینوں لنکس پر اس جلسہ کے ویوزکی کل تعداد تقریباً 57047 ہوچکی ہے۔ الحمدللہ علی ذلک۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے امام کو صحت و سلامتی والی لمبی عمر عطا فرمائے اور ہمیں خلافت احمدیہ کا حقیقی سلطان نصیر بنائے۔ آمین۔

(رپورٹ: کامران احمد۔مربی سلسلہ وناظم جلسہ یوم خلافت)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 جون 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ