• 19 مئی, 2024

نیلسن منڈیلا

تعارف

نیلسن کا پورا نام نیلسن رولہالہ منڈیلا تھا۔ نیلسن 18جولائی 1918ء کو جنوبی افریقہ کے قصبے مویزو میں پیدا ہوا۔ جب نیلسن نے ہوش سنبھالا تو گھر کے حالات بھی اچھے نہ تھے۔ اس کی ایک بڑی وجہ آپ کے والد کا نیلسن کی پیدائش کے بعد جلد ہی اس دنیا سے رخصت ہو جانا تھا۔ آپ کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری آپ کے والد کے ایک دوست نے لی۔ وہ آپ کو پڑھا لکھا کر ایک ترقی کرتا ہوا انسان دیکھنا چاہتا تھا۔ لیکن نیلسن نے اپنی زندگی کی پہلی بغاوت اپنے اسی محسن کے خلاف کر کے کیپ ٹاؤن منتقل ہو کر آزاد رہنے کو ترجیح دی۔

تعليم

نیلسن نے ابتدائی تعلیم کو نو میں حاصل کی۔ نیلسن کی ایک ٹیچر نے سکول کی عیسائی روایات کے تحت نیلسن نام تفویض کیا۔ نیلسن نے ویسلین سکینڈری سکول سے میٹرک کاامتحان پاس کیا۔ بعد ازاں 1943ء میں یونیورسٹی آف فورٹ ہیرسے بی۔ اے کی ڈگری حاصل کی۔ یونیورسٹی آف وٹ واٹر سینڈ سے وکالت کی ڈگری حاصل کی۔

ازدواجی زندگی

نیلسن نے تین شادیاں کیں۔ بیویوں کے نام وینی منڈیلا – کاسا مشعل، ایولین ہیں۔ وینی منڈیلا نے مشکلات کی گھڑی میں آپ کا بھر پور ساتھ دیا۔

سیاسی زندگی

1944ء میں ANCYL میں شمولیت کر کے سیاست کا باقاعدہ آغاز کیا۔ نیلسن کی ساری زندگی سرزمین افریقہ میں مساویانہ حقوق کی بحالی اور نسلی تعصب کے خلاف جد و جہد کرتے ہوئے گزری۔ نسلی تعصب کے خلاف آواز اٹھانے کے جرم کی پاداش میں 27سال پابند سلاسل رہے۔ اس دوران نیلسن پر طرح طرح کے مظالم کیے جاتے رہے جن کا نیلسن نے جوانمردی سے مقابلہ کیا۔ نیلسن کو مشکل حالات میں ثابت قدم رہنے کا انعام عالم گیر مقبولیت کی شکل میں ملا۔ جن کا ثبوت نوبل انعام برائے امن، نشان پاکستان، بھارت رتنا اور صدارتی تمغہ برائے آزادی جیسے عالمی اعزازات ہیں۔ آپ 1994ء سے 1999ء تک جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر منتخب ہوئے۔

وفات

نیلسن کو روبن جزیرہ پر قید کے دوران کئی مرض لاحق ہوئے جن میں سے تنفس کا عارضہ جان لیوا مرض ثابت ہوا۔ اور اس طرح 5 دسمبر 2013ء کو جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کا یہ عظیم بیٹا دنیا کو اکائی کا درس دیتے ہوئے منوں مٹی تلے جا سویا۔

(فضل کریم)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ