• 23 جون, 2025

آج کی دعا

سُبْحَانَ اللّٰہِ وَ بِحَمْدِہ سُبْحَانَ اللّٰہِ العَظِیْمِ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلیٰ مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِ مُحَمَّد

ترجمہ: ’’اللہ تعالیٰ پاک ہے اپنی حمد کے ساتھ۔ اللہ تعالیٰ پاک ہے ،بڑی عظمت والا ہے۔ اے اللہ! محمدﷺ پر اور آپؐ کی آل پر بڑی رحمتیں اور برکتیں نازل فرما‘‘۔

(تریاق القلوب روحانی خزائن جلد15صفحہ 208۔209)

یہ حضرت مسیحِ موعودؑ کی مصائب سے نجات کی الہامی دعا ہے جو کہ تسبیح و تحمید اور درود شریف کا حسین مجموعہ ہے۔آپؑ فرماتے ہیں:

ایک مرتبہ میں سخت بیمار ہوا یہاں تک کہ تین مختلف وقتوں میں میرے وارثوں نے میرا آخری وقت سمجھ کر مسنون طریقہ پر مجھے تین مرتبہ سورۃ یاسین سنائی۔۔۔تب ایسا ہوا کہ جس طرح خدا تعالیٰ نے مصائب سے نجات پانے کے لئے بعض اپنے نبیوں کودعائیں سکھلائی تھیں مجھے بھی خدا نے الہام کرکے ایک دعا سکھلائی اور وہ یہ ہے (مندرجہ بالا دعا)۔ اور میرے دل میں خدا تعالیٰ نے الہام کیا کہ دریا کے پانی میں جس کے ساتھ ریت بھی ہو ہاتھ ڈال اور یہ کلماتِ طیبہ پڑھ اور اپنے سینہ اور پشت سینہ اور دونوں ہاتھوں اور منہ پر اس کو پھیر کہ اس سے تو شفا پائے گا۔ چنانچہ جلدی سے دریا کا پانی مع ریت منگوایا گیا اور میں نے اسی طرح عمل کرنا شروع کیا۔جیسا کہ مجھے تعلیم دی تھی اور اس وقت حالت یہ تھی کہ میرے ایک ایک بال سے آگ نکلتی تھی اور تمام بدن میں دردناک جلن تھی اور بے اختیا رطبیعت اس بات کی طرف مائل تھی کہ اگر موت بھی ہو تو بہتر! تا اس حالت سے نجات ہو۔ مگر جب وہ عمل شروع کیاتو مجھے اس خدا کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ ہر ایک دفعہ ان کلماتِ طیبہ کے پڑھنے اور پانی کو بدن پر پھیرنے سے میں محسوس کرتا تھا کہ وہ آگ اندر سے نکلتی جاتی ہےاور بجائے اس کے کہ ٹھنڈک اور آرام پیدا ہوتا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ ابھی اس پیالہ کا پانی ختم نہ ہوا تھا کہ میں نے دیکھا کہ بیماری بکلی مجھے چھوڑ گئی اور میں سولہ دن کے بعد رات کو تندرستی کے خوا ب سے سویا‘‘۔

(تریاق القلوب روحانی خزائن جلد15صفحہ 208۔209)

(مرسلہ: قدسیہ محمود سردار)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 جولائی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 25 جولائی 2020ء