• 25 اپریل, 2024

تکبر سے بچو

’’مَىں اپنى جماعت کو نصىحت کرتا ہوں کہ تکبر سے بچو کىونکہ تکبر ہمارے خداوند ذوالجلال کى آنکھوں مىں سخت مکروہ ہے۔ مگر تم شاىد نہىں سمجھوگے کہ تکبر کىا چىز ہے۔ پس مجھ سے سمجھ لو کہ مَىں خدا کى روح سے بولتا ہوں۔

ہر اىک شخص جو اپنے بھائى کو اس لئے حقىر جانتا ہے کہ وہ اس سے زىادہ عالم ىا زىادہ عقلمند ىا زىادہ ہنرمند ہے وہ متکبر ہے کىونکہ وہ خدا کو سرچشمہ عقل اور علم کا نہىں سمجھتا اور اپنے تئىں کچھ چىز قرار دىتا ہے۔ کىا خدا قادر نہىں کہ اُس کو دىوانہ کردے اور اس کے اُس بھائى کو جس کو وہ چھوٹا سمجھتا ہے اس سے بہتر عقل اور علم اور ہنر دے دے۔ اىسا ہى وہ شخص جو اپنے کسى مال ىا جاہ و حشمت کا تصور کرکے اپنے بھائى کو حقىر سمجھتا ہے وہ بھى متکبر ہے کىونکہ وہ اس بات کو بھول گىا ہے کہ ىہ جاہ و حشمت خدا نے ہى اُس کو دى تھى اور وہ اندھا ہے اور وہ نہىں جانتا کہ وہ خدا قادر ہے کہ اس پر اىک اىسى گردش نازل کرے کہ وہ اىک دم مىں اَسْفَلُ السَّافِلِىْن مىں جاپڑے اور اس کے اس بھائى کو جس کو وہ حقىر سمجھتا ہے اس سے بہتر مال و دولت عطا کردے۔ اىسا ہى وہ شخص جو اپنى صحت بدنى پر غرور کرتا ہے ىا اپنے حسن اور جمال اور قوت اور طاقت پر نازاں ہے اور اپنے بھائى کا ٹھٹھے اور استہزاء سے حقارت آمىز نام رکھتا ہے اور اُس کے بدنى عىوب لوگوں کو سناتا ہے وہ بھى متکبر ہے اور وہ اس خدا سے بے خبر ہے کہ اىک دم مىں اس پر اىسے بدنى عىوب نازل کرے کہ اس بھائى سے اس کو بدتر کردے اور وہ جس کى تحقىر کى گئى ہے اىک مدت دراز تک اس کے قوىٰ مىں برکت دے کہ وہ کم نہ ہوں اور نہ باطل ہوں کىونکہ وہ جو چاہتا ہے کرتا ہے۔ اىسا ہى وہ شخص بھى جو اپنى طاقتوں پر بھروسہ کرکے دعا مانگنے مىں سست ہے وہ بھى متکبر ہے کىونکہ قوتوں اور قدرتوں کے سرچشمہ کو اُس نے شناخت نہىں کىا اور اپنے تئىں کچھ چىز سمجھا ہے۔

سو تم اے عزىزو! ان تمام باتوں کو ىاد رکھو اىسا نہ ہو کہ تم کسى پہلو سے خدا تعالىٰ کى نظر مىں متکبر ٹھہر جاؤ اور تم کو خبر نہ ہو۔ اىک شخص جو اپنے اىک بھائى کے اىک غلط لفظ کى تکبر کے ساتھ تصحىح کرتا ہے اس نے بھى تکبر سے حصہ لىا ہے۔ اىک شخص جو اپنے بھائى کى بات کو تواضع سے سننا نہىں چاہتا اور منہ پھىر لىتا ہے اُس نے بھى تکبر سے حصہ لىا ہے۔ اىک غرىب بھائى جو اس کے پاس بىٹھا ہے اور وہ کراہت کرتا ہے اس نے بھى تکبر سے حصہ لىا ہے۔ اىک شخص جو دعا کرنے والے کو ٹھٹھے اور ہنسى سے دىکھتا ہے اس نے بھى تکبر سے اىک حصہ لىا ہے۔ اور وہ جو خدا کے مامور اور مُرسل کى پورے طور پر اطاعت کرنا نہىں چاہتا اس نے بھى تکبر سے اىک حصہ لىا ہے۔ اور وہ جو خدا کے مامور اور مُرسل کى باتوں کو غور سے نہىں سنتا اور اس کى تحرىروں کو غور سے نہىں پڑھتا اس نے بھى تکبر سے اىک حصہ لىا ہے۔ سو کوشش کرو کہ کوئى حصہ تکبر کا تم مىں نہ ہو تاکہ ہلاک نہ ہوجاؤ تا تم اپنے اہل و عىال سمىت نجات پاؤ۔‘‘

(نزول المسىح، روحانى خزائن جلد18 صفحہ402۔403)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 اکتوبر 2021

اگلا پڑھیں

چھوٹی مگر سبق آموز بات