• 28 اپریل, 2024

پاک محمدؐ مصطفی نبیوں کا سردار

پاک محمدؐ مصطفی نبیوں کا سردار
(حضرت سیدہ نواب مبارکہ بیگمؓ)

رکھ پیش نظر وہ وقت بہن، جب زندہ گاڑی جاتی تھی
گھر کی دیواریں روتی تھیں، جب دنیا میں تو آتی تھی

جب باپ کی جھوٹی غیرت کا، خوں جوش میں آنے لگتا تھا
جس طرح جنا ہے سانپ کوئی، یوں ماں تیری گھبراتی تھی

یہ خونِ جگر سے پالنے والے تیرا خون بہاتے تھے
جو نفرت تیری ذات سے تھی فطرت پر غالب آتی تھی

کیا تیری قدروقیمت تھی! کچھ سوچ تری کیا عزت تھی!
تھا موت سے بد تر وہ جینا قسمت سے اگر بچ جاتی تھی

عورت ہونا تھی سخت خطا، تھے تجھ پر سارے جبر روا
یہ جرم نہ بخشا جاتا تھا، تا مرگ سزائیں پاتی تھی

گویا تو کنکر پتھر تھی، احساس نہ تھا جذبات نہ تھے
توہین وہ اپنی یاد تو کر، ترکہ میں بانٹی جاتی تھی

وہ رحمت عالم آتا ہے’ تیرا حامی ہو جاتا ہے
تو بھی انساں کہلاتی ہے، سب حق تیرے دلواتا ہے

ان ظلموں سے چھڑواتا ہے

بھیج درود اس مُحسن پر تو دن میں سو سو بار
پاک محمدؐ مصطفی نبیوں کا سردار
صلِّ علٰی محمَّدٍ

(الفضل خاتم النبیین نمبر مورخہ 12جون 1928ء صفحہ71-72)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 اکتوبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ