• 26 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

• مکرمہ نبیلہ رفیق فوزی۔ناروے سے لکھتی ہیں:
موٴرخہ 11؍نومبر کے شمارے میں شائع ہونے کے تمام تاثرات نے دل کو حسرت بھری لذت دی۔ خوش نصیب ہیں وہ جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پیشگوئی کی صداقت کو براہ راست دیکھ رہے ہیں اور حسرت اس بات کی ہے کہ کاش! ہم بھی زائن میں ہوتے۔ اللہ تعالیٰ الفضل اور ایم ٹی اے کو سلامت رکھے۔ آمین۔

• مکرمہ صادقہ چوہدری کینیڈا سے لکھتی ہیں:
موٴرخہ 12؍نومبر 2022ء کو خلافتِ احمدیہ کی ہفتہ وار روحانی فلائٹ نے تو ایسی روحانی سیر کروا دی جس کا تصور بھی نہیں کیا تھا۔ پیارے حضور ایدہ اللہ کا مسجد میں آنا اور پھر سب کو اپنے ساتھ اس روحانی فلائٹ کے مختلف روحانی نظارے کروانا ایسے ہی لگ رہا تھا کہ کسی اور ہی فضا میں ہیں۔ جہاں اللہ ہی اللہ ہے۔ اتنا قریب کہ بے اختیار سبحان اللّٰہ منہ سے نکل جائے۔ دعا ہے کہ ہم بھی روحانی ماحول سے خوب استفادہ کرنے والے ہوں۔ آمین ثم آمین۔

• مکرم اے آر بھٹی۔میلبورن آسٹریلیا سے لکھتے ہیں:
خدا کے فضل سے الفضل آن لائن لندن سے روزانہ چھپنے اور دوستوں تک پہنچنے کی تو فیق پا رہا ہے اور اسی طرح دیگر رسائل، کُتب مضامین اور جماعتی کاوشیں بنی نوع انسان کی روحانی بہتری اور آخرت کو سنوارنے کے لئے قارئین تک احسن رنگ میں پہنچ رہی ہیں اور ہماری دعا ہے کہ جماعت کے ان آرگنز کی تمام تر کوششیں رنگ لائیں۔ ان شاءاللّٰہ رنگ لائیں گی اور روزنامہ الفضل اسی طرح بہتر سے بہتر رنگ میں توفیق پاتا رہےگا۔ اللہ تعالیٰ روزنامہ الفضل کے تمام کارکنوں اور خدمت گاروں کو اس کا اجر عظیم عطا فرمائے جو دن رات محنت کر کے اخبار ہم تک پہنچاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے ساتھ ہو آمین۔ خاکسار روزنامہ الفضل کی تحریرات پر مختلف اراء دیکھتا ہے۔ بلاشبہ اس میں لکھنے والے علم کا بیش بہا خزانہ لئے ہوئے ہیں۔ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی رہنمائی میں یہ روزنامہ بہترین خدمت دینیہ بجا لا رہا ہے اللہ تعالیٰ اسے مزید ترقیات سے نوازے۔ آمین۔ حضور انورکے دورہٴ امریکہ کی اقساط پڑھ کر دل اللہ تعالیٰ کی حمد سے بھر جاتا ہے۔ لکھنے والے کمال کا لکھتے ہیں او ر خاکسار پڑھ کر سوچتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نہایت قابل ذہن لکھاری جماعت کو عطا کئے ہیں۔ خدا تعالیٰ ان کی تحریروں سے ہم سب کوفیض پہنچاتا رہے۔ آمین۔

احکام ربانی، پیارے آقائے مدنی ؐ اور حضرت سلطان القلمؑ کے ارشادات اور پیارے امام کا فرمان روحانیت کی پیاس بجھا رہے ہیں۔؎

میں تو کہتا ہوں اس جیسا کوئی اخبار نہیں
علم دیتا ہے سب کو ایسا کوئی اخبار نہیں
اس کے لکھنے والے مصروف عمل ہیں بھٹی
اس جیسا پیارا اخبار دنیا میں کوئی اور اخبار نہیں

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی