• 20 اپریل, 2024

مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کے 50 واں سالانہ نیشنل اجتماع

مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کے
50 واں سالانہ نیشنل اجتماع کا کامیاب اور بابرکت انعقاد

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کی 50 واں سالانہ نیشنل اجتماع موٴرخہ 7، 8 اور 9؍اکتوبر 2022ء بروز جمعہ، ہفتہ اور اتور کو بخیر و عافیت شمالی بنگلہ دیش کی جماعت احمدنگر میں واقع بنگلہ دیش کے مرکزی جلسہ گاہ پر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ علمی وورزشی مقابلہ جات پر مشتمل اس تین روزہ پروگرام سے ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے خدام اور اطفال نے بھر پور استفادہ کیا۔ بارشوں کی وجہ سے کچھ دقتیں رہیں لیکن خدا نے کچھ ایسا فضل فرمایا کہ ساری مشکلیں آسان ہو گئیں۔ اجتماع کی کاروائی بروز جمعہ باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر سے شروع ہوا۔

دوران اجتماع نماز باجماعت کی بروقت ادائیگی کی طرف خصوصی توجہ دی گئی۔ اجتماع کے لیے وفود کی آمد کا سلسلہ 5؍اکتوبر بروز بدھ سے شروع ہو گیا۔ملک کے تمام ضلع مجلس سے خدام اور اطفال نے تشریف لائے۔

اجتماع کے پہلا دن 7؍اکتوبر دن کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ صبح سات بجے پرچم کشائی اور دعا سے اجتماع کی آغاز ہوا۔ مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش جناب محمد زاہد علی صاحب نے لوائے خدام الاحمدیہ جبکہ مکرم نیشنل امیر جناب الحاج مولانا عبد الاؤل خان صاحب چوہدری نے بنگلہ دیش کا جھنڈا لہرایا۔ جھنڈا لہراتے وقت جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش کے طلباء نے قومی ترانہ پیش کیا۔ اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات شروع ہوئے۔

نماز جمعہ کے بعد اجتماع کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن اور نظم کے بعد مکرم ناظم اعلیٰ اجتماع کمیٹی جناب محبوب الرحمان صاحب نے حاضرین کو خوش آمدید کہا اور تمام خدام اور اطفال کو اجتماع کے جملہ پروگرامز سے بھرپور استفادہ کرنے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی۔ اس کے بعد مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش نے سب شاملین کے سامنے حضور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام کا بنگلہ ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ حضور نے انگریزی زبان میں یہ خصوصی پیغام بھیجا تھا۔بعد ازاں مقامی دو جماعتوں احمد نگر اور شالشیری کے صدران مکرم محمد مطلب حسین خان صاحب اور مکرم مشتاق احمد صاحب نے مختصر تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم نیشنل امیر صاحب بنگلہ دیش نے تقریر کی اور موصوف نے خدام الاحمدیہ کی ذمہ داری کی طرف توجہ دلائی اور حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کے موقع پر جو تقریر کی اسے بھی یاد دہانی کے طور پر پیش کیا۔ بعد ازاں صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے تقریر کی۔ صدر صاحب نے سب شاملین کو خوش آمدید کہا اور تمام خدام اور اطفال کو اجتماع کے جملہ پروگرامز سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ بنگلہ دیش میں مجلس خدام الاحمدیہ کے اجتماع کی 50 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے، صدر صاحب نے اس موقع پر سب کو 50ویں اجتماع کی مبارک باد دی۔ باجماعت نماز، تہجد، صفائی، خدام الاحمدیہ کی ذمہ داری، دین کو دنیا پر مقدم رکھنے کی طرف توجہ دلائی۔ 50 ویں اجتماع کے موقع پر مجلس خدام الاحمدیہ نے بہت ہی خوب صورت، علمی اور اجتماع کی تاریخ پر 184 صفحات پر مشتمل ایک سوینیئر شائع کیا۔ آخر پر عہد دہرانے کے بعد محترم نیشنل امیر صاحب نے دعا کرائی۔ اس کے بعد باقاعدہ اجتماع کے علمی مقابلہ جات شروع ہوئے۔

ورزشی، تعلیمی و علمی مقابلہ جات تیسرے دن دو پہر کو ختم ہوئے۔ نماز مغرب اور عشاء ادا کرنے کے بعد تربیتی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مکرم نیشنل امیر جناب الحاج مولانا عبد الاول خان صاحب چوہدری نے تقریر کی۔ اس میں سوال جواب کی نشست ہوئی۔ ایک خادم میں کیا کیا خصوصیت ہونی چاہیئے اس طرف بھی توجہ دلائی۔

رات 12 بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سب نے سنا۔ خطبہ جمعہ کے بعد سب آرام گاہ پر پہنچے۔

دوسرے دن بروز ہفتہ دن کا آغاز نماز تہجد اور فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ آج بھی علمی، ورزشی مقابلہ اور انفرادی و اجتماعی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ جن میں سب خدام اور اطفال نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ دوران اجتماع رابطہ خصوصی کا بھی موقع ملا۔ مقامی لیڈران اور صحافیوں کے ساتھ دوستانہ ماحول میں دوپہر کا کھانا کھانے کا پروگرام رکھا گیا تھا۔ اس میں صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف اور خدام الاحمدیہ کا تعارف کرایا۔

نماز مغرب اور عشاء ادا کرنے کے بعد اجلاس عامہ منعقد ہوا اس میں تلاوت قرآن اور نظم کے بعد معتمد صاحب نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اس اجلاس میں گزشتہ تمام صدران کو بلایا گیا جو بنگلہ دیش میں موجود تھے ان میں سے چند صدر صاحبان اجتماع میں شامل ہوئے۔ ہر ایک نے اپنی پرانی سنہری یادوں کو تازہ کیا۔ سب کو اعزازی کریسٹ دیا گیا۔ مکرم نیشنل امیر جناب الحاج مولانا عبد الاؤل خان صاحب چوہدری نے تقریر کی۔ اس کے بعد کیرئر گائڈ لائن پر ایک سمینار منعقد ہوا۔

تیسرے روز بھی دن کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ صبح سب اطفال کو لے کر ایک الگ اجلاس منعقد ہوا۔ دوپہر ساڑھے تین بجے اجتماع کی اختتامی تقریب و تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ اس میں تلاوت قرآن اور نظم کے بعد مکرم ناظم اعلیٰ صاحب اجتماع کمیٹی جناب محبوب الرحمان صاحب نے سب حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مکرم نیشنل امیر صاحب بنگلہ دیش نے تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش نے اختتامی تقریر میں خدام اور اطفال کے چند ایمان افروز واقعات پیش کئے اور علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے خدام اور اطفال کو انعامات سے نوازا۔ اختتامی دعا سے پہلے عہد دہرائے گئے۔ امسال اجتماع میں رجسٹریشن کے مطابق 108 مجالس میں سے 100 مجالس سے خدام، اطفال، نومبائعین اور مہمان سمیت کل حاضری 1720 تھی فالحمد للّٰہ علی ذالک۔ اجتماع میں فری میڈیکل کیمپ، عطیہ خون (31 بیگ خون ریڈ کریسنٹ کو دیا گیا)، بک سٹال اور نمائش لگوائے گئے تھے۔ 4 گھوڑے 10 دن کے لئے کرایہ پر لائے گئے تھے گھڑا سواری کی ٹرینگ کے لئے، اس سے بھی خدام و اطفال نے لطف اٹھایا۔ امسال مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ میں بہترین کار کردگی دکھاتے ہوئے علم انعامی کے حقدار قرار پانے والی قیادتوں کا اعلان کیا گیا۔ امسال اطفال الاحمدیہ میں ’’برہمن بڑیہ‘‘ کی قیادت اول قرار پائی جبکہ خدام الاحمدیہ میں ’’شالشیری‘‘ کی قیادت اول آئی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کو علم و عرفان میں بڑھائے اور اسے صحیح معنوں میں احمدیت کا خادم بنائے۔آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی