• 24 جولائی, 2025

آج کی دعا

اَللّٰهُمَّ اجْعَلْنِيْ مِنَ التَّوَّابِيْنَ وَاجْعَلْنِيْ مِنَ الْمُتَطَهِّرِينَ۔

(جامع ترمذی أَبْوَابُ الطَّهَارَةِ بَاب فِيمَا يُقَالُ بَعْدَ الْوُضُوءِ حدیث نمبر 55)

ترجمہ:اے اللہ! مجھے توبہ کرنے والوں میں سے بنا اور مجھے پاکیزگی اختیار کرنے والوں میں سے بنادے۔

یہ پیارے رسولِ اکرمﷺ کی نماز پڑھنے سے پہلے وضو کی دعا ہے۔

سعید بن زید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺکو فرماتے سنا۔ جو بسم اللہ کرکے وضو شروع نہ کرے اس کا وضو نہیں ہوتا۔

(جامع ترمذی)

حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انھوں نے (حمران سے) پانی کا برتن مانگا۔ (اور لے کر پہلے) اپنی ہتھیلیوں پر تین مرتبہ پانی ڈالا پھر انھیں دھویا۔ اس کے بعد اپنا داہنا ہاتھ برتن میں ڈالا۔ اور (پانی لے کر) کلی کی اور ناک صاف کی، پھر تین بار اپنا چہرہ دھویا اور کہنیوں تک تین بار دونوں ہاتھ دھوئے پھر اپنے سر کا مسح کیا پھر (پانی لے کر) ٹخنوں تک تین مرتبہ اپنے دونوں پاؤں دھوئے۔ پھر کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جو شخص میری طرح ایسا وضو کرے، پھر دو رکعت پڑھے، جس میں اپنے نفس سے کوئی بات نہ کرے۔ تو اس کے گذشتہ گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں۔

(صحیح بخاری)

حضرت ابو ہریرہ ؓسےروایت ہےکہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا:
’’کیا میں تمہیں ایسی چیز سے آگاہ نہ کروں جس کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ گناہ مٹا دیتا ہے اور درجات بلند فرماتا ہے؟ صحابہ نے عرض کی: اے اللہ کے رسول کیوں نہیں! آپ نے فرمایا (سردی وغیرہ کی وجہ سے) دل نہ چاہنے کے باوجود اچھی طرح وضو کرنا اور مسجد میں دور سے چل کر آنا، ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنا، سو یہی رباط (یعنی سرحد پر چھاؤنی قائم کرنے طرح) ہے۔

(صحیح مسلم کتاب الطہارت)

(مرسلہ:مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 دسمبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 دسمبر 2020