• 27 نومبر, 2021

پریشان روحوں کی راحت خلافت

خدا کی عطا کردہ نعمت خلافت
ہے ایمان والوں کی دولت خلافت
نبوت کی زندہ صداقت خلافت
خدا کی طرف سے امانت خلافت
نبوت خدا کی مکمل ہدایت
ہدایت کی کامل اِشاعت خلافت
خلافت نبوت کا اک تکملہ ہے
خلافت نبوت، نبوت خلافت
نہیں ہوتے معزول ہرگز خلیفے
کہ رکھتی ہے اک خاص نصرت خلافت
نہیں چھین سکتا خلیفہ سے کوئی
خدا کا عطیہ ہے خلعت خلافت
ہراساں دلوں کی تسلی کا موجب
سراپا تشفی سکینت خلافت
غمِ رحلتِ انبیا کا مداوا
پریشان روحوں کی راحت خلافت
ہے بندوں پہ گر انتخابِ خلافت
حقیقت میں ہے دستِ قدرت خلافت
تصرف خدا کا جھکاتا ہے سب کو
ہے گویا خدا کی مشیت خلافت
سراجِ نبوت جو ہوتا ہے اوجھل
تو آتی ہے پھر حسبِ سنت خلافت
تقرب اِلی اللہ کا واحد ذریعہ
ہے صدق و وفا کی علامت خلافت
خلافت ہے دینِ متیں کی محافظ
ہے امن و سکوں کی ضمانت خلافت
خلافت سے ہوتی ہے تنظیم قائم
یہی ہے نبی کی نیابت خلافت
کیا سورۃ نور میں حق نے وعدہ
کہ پائے گی یہ خیرِ امت خلافت
خلافت ہے اثبات مرکز کا باعث
خدا کی جماعت کی طاقت خلافت
خلافت کا انکار کرتا ہے فاسق
سمجھتا ہے وہ بے حقیقت خلافت
کرو صدق دل سے اِطاعت ہمیشہ
خدا کی ہے لَاریب رحمت خلافت
ہمیں ناز ہے اس غلامی پہ ہر دم
ملی دائمی ایک نعمت خلافت
مشرف بہ بیعت ہوئے شاد ہم بھی
کہ ہے موجبِ صد سعادت خلافت

(محمد ابراہیم شاد ۔(شعری مجموعہ – بہارِ جاوداں صفحہ 93،94))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 دسمبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 دسمبر 2020