• 26 اپریل, 2024

خدمت خلق کے ساتھ نئے سال کا آغاز

دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سال نو کا آغاز مختلف قسم کی تقریبات سے کرتے ہیں۔ تاہم جماعت احمدیہ مالٹا نے امسال خدمت خلق کے ساتھ نئے سال کا آغاز کیا۔

مؤرخہ یکم جنوری 2021 کو معذ ور افرادکے لئے قائم ایک فلاحی ادارہ Dar tal-Providenza نے عطیات جمع کرنے کے لئے آن لائن چیرٹی ایونٹ کا انعقاد کیا جو کہ دوپہر 12 بجے سے لے کر رات 12 بجے تک جاری رہا۔

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل واحسان اور خلیفہ وقت کی دعاؤں کی برکت سے جماعت احمدیہ مالٹا کو اس چیرٹی ایونٹ میں بھرپور خدمت انسانیت کی توفیق ملی۔ اس موقع پر جماعت احمدیہ مالٹا نے اس چیرٹی ایونٹ میں کام کرنے والے تمام رضاکاروں ، سٹاف ممبران اور مہمانوں کے لئے کھانے اور مشروبات کا انتظام کیا۔ ممبران جماعت بڑی مستعدی اور خوش دلی سے سب کو گرم گرم لذیذ کھانا اور مشروبات پیش کرتے رہے۔

اسی طرح افرادِ جماعت اس چیرٹی ایونٹ میں موصول ہونے والی ٹیلیفون کالز کا بھی جواب دیتے رہے اور لوگوں کے عطیات پر ان کا شکریہ ادا کرتے رہے۔ اسی طرح انٹرویوز کی ریکارڈنگ میں بھی تعاون پیش کیا۔

اس موقع پر مالٹا کی اہم شخصیات بھی اظہارِ یکجہتی اور ٹیلیفون کالز کا جواب دینے کے لئے سٹوڈیو میں آتی رہیں۔ افرادِ جماعت احمدیہ مالٹا نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان معزز مہمانوں کو کھانا پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جماعت احمدیہ مالٹا کی خدمت انسانیت کا تعارف بھی کراتے رہے۔

اس موقع پر مالٹا کے صدرمملکت، سابق صدر، وزراء، ممبرانِ پارلیمینٹ، ممبرانِ یورپی پارلیمینٹ اور مالٹا کے آرک بشپ صاحب کو جماعت کی خدمات کا بتانے کا موقع ملا۔ سب نے جماعت احمدیہ مالٹا کی انسان دوستی، یکجہتی اور خدمت خلق کو بہت سراہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یہ ایونٹ جماعت کی نیک نامی اور وسیع تعارف کا ذریعہ بنا۔ یہ پروگرام مالٹا کے تمام ٹیلیویژن چینلز پر لائیو نشر ہوا۔ اس دوران دو سے زائد بار میزبان نے جماعت احمدیہ کی خدمات کا تذکرہ کیا اور بیان کیا کہ آج کے اس پروگرام میں احمدیہ مسلم جماعت مالٹا نے سب حاضرین کے لئے کھانے کا انتظام سنبھالا ہوا ہے اسی طرح ٹیلیفون کالز سننے اور انٹرویوز کی ریکارڈنگ میں بھی بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ فالحمدللہ علیٰ ذلک

قارئین الفضل کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری ان حقیر کاوشوں کو اپنے حضور قبول فرمائے، ہمیں بیعتوں سے نوازے اور اس ملک کے لوگوں کو جلد قبول اسلام احمدیت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: لئیق احمد عاطف مبلغ سلسلہ و صدرجماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 جنوری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 جنوری 2021