• 3 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

• مکرم ابن ایف آر بسمل لکھتے ہیں:

13؍ اپریل 2022ء کے شمارہ الفضل میں ’’حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کا وصف شعر و سخن (قسط اول)‘‘ پڑھ کر بہت لطف آیا اور آپؒ کی حسین یادیں ابھر کر سامنے آنے لگیں۔ ماشاء اللہ! ہادی علی چوہدری صاحب کو اللہ تعالیٰ نے ایک لمبا عرصہ حضور ؒ کی قربت میں رہنے اردو کلاس اور دیگر علمی مجالس میں کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ اور ان کا حضور ؒکی بے مثال شاعری پر تبصرہ بہت شاندار ہے۔ ہمیں تو حضور ؒ کی سیرت و سوانح پر کتاب کا بھی شدت سے انتظار ہے۔ہر احمدی اپنے جذبہ ایمان اور للّٰہی محبت کی بناء پر حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒسے اپنے تعلق کا اظہار کرتا ہے۔ ان میں، مَیں بھی شامل ہوں۔

9 جون 1982ء اسلام آباد پاکستان میں حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کی وفات سے لے کر ربوہ میں 10 جون 1982ء اور پھر 19 اپریل 2003ء آپ کے وصال بلکہ 23 اپریل 2003ء کو آپ کی تدفین تک آپؒ سے میرا رابطہ رہا۔ آپؒ کی یاد کبھی محو ہونے والی نہیں اس کے تذکرے ہوتے رہے ہیں اور ہوتے رہیں گے۔

ایک اور مکتوب میں تحریر کرتے ہیں :
آپ کا اداریہ ’’رمضان المبارک انسانی کثافتوں کو صاف کرنے کا روحانی چھٹہ‘‘ بہت پسند آیا۔ اچھی تشبیہات سے مزین سارے اداریے قابل ستائش ہیں۔ ابتلاؤں سے کامیاب ہو کر نکلنا اللہ کے فضل پر منحصر ہوتا ہے وَاِذِ ابۡتَلٰۤی اِبۡرٰہٖیم رَبُّہٗ بِکَلِمٰتٍ فَاَتَمَّہُنَّ ؕ قَالَ اِنِّیۡ جَاعِلُکَ لِلنَّاسِ اِمَامًا کا مضمون ہے۔

  • مکرمہ درثمین احمد۔ جرمنی سے لکھتی ہیں:

آج کا اداریہ ’’رمضان المبارک انسانی کثافتوں کو صاف کرنے کا روحانی چھٹہ‘‘ اور ہادی صاحب کے مضمون بعنوان ’’حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کا وصفِ شعرو سخن‘‘ دونوں اقساط بے حد شاندار ہیں۔ ہر ہر جملے کا لطف آگیا۔

  • مکرمہ عفت وہاب بٹ۔ ڈنمارک سے لکھتی ہیں:

’’رمضان المبارک انسانی کثافتوں کو صاف کرنے کا روحانی چھٹہ‘‘ ما شاء اللہ! ہمیشہ کی طرح ذرا ہٹ کر اور ’’وکھرا‘‘ سا مضمون ہے۔ خدا جزا عطا فرمائے آمین

  • مکرمہ بشریٰ نذیر آفتاب۔ سسکاٹون، کینیڈا سے لکھتی ہیں:

’’رمضان المبارک انسانی کثافتوں کو صاف کرنے کا روحانی چھٹہ‘‘ بہت ہی ایمان افروز اداریہ ہے۔ مجھے تو بہت ہی لطف آیا۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس عاجزہ نے یہ سارے عمل (گنے کے رس رَوسے لیکر کڑاہ میں ڈالنے، پکنے، رنگ کاٹ کا چھٹہ اور گڑ بننے کا عمل) کا بار ہا مشاہدہ کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری روحانی زندگیوں میں بھی اسی طرح نکھار پیدا فرمائے، آمین۔

  • مکرمہ منصورہ فضل من۔ قادیان سے لکھتی ہیں:

ماشاء اللہ! بہت خوبصورت اداریے پڑھنے کو مل رہے ہیں۔ جزاک اللہ۔

  • مکرمہ صادقہ چوہدری ۔ کینیڈا سے لکھتی ہیں:

’’روحانی چھٹہ‘‘ کیا خوبصورت اور اچھوتا اندازِ بیان ہے، روزے کی وضاحت کا ۔ جس نے دل کی میل کو صاف کر دیا ہے۔ پیارے خدا سے کچھ پیار ملتا لگ رہا ہے۔ راستے کی دھند دور ہوگئی ہے۔ کیسا مصفا اور دلفریب راستہ نظر آنےلگا ہے خدا تک پہنچنے کا ۔ جزاک اللہ

  • مکرم اے آر بھٹی لکھتے ہیں:

روزنامہ الفضل آن لائن ہمہ وقت قلمی جہاد میں مصروف ہے اور بلا شبہ دینی خدمات میں اس کا کوئی ثانی نہیں۔ اللہ تعالیٰ اسے مزید کامیابیوں سے ہمیشہ ہمکنار کرے ،آمین۔ اس میں خدمت کرنے والے تمام احباب وخواتین بھی دعاؤں کے مستحق ہیں۔ یہ مکمل دینی اخبار ہے اور فیض عام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اللہ پاک کے احکامات اورہمارے پیارےآقا حضرت محمد ﷺ کے ارشادات، حضرت سلطان القلم ؑ کی تحریرات اور امام وقت کی نصیحتیں ہمارے ایمان کو بڑھانے میں مددگار بنتی ہیں۔ پھر دنیا میں جماعت کی ترقی اور کاوشوں کاہمیں علم ہوتا ہے۔ روزنامہ کے مختلف مضامین سچ پوچھیں تو علمی خزانہ بانٹتے ہیں۔ فقہی مسائل کے حل کے لئے رہنمائی ملتی ہے۔ روزانہ دعا کی طرف ہمیں متوجہ کیا جاتا ہے۔ گویا ہماری آخرت کو سنوارنے کے لئے ہر طرح سے ہمیں تیار کیا جاتا ہے۔ آج کل رمضان کا دوسرا عشرہ جا رہا ہے۔ ہمیں جائزہ لینا ہے کہ ہم ان بابرکت ایام سے کتنا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں زیادہ سے زیادہ ذکروفکر کی توفیق دے، آمین۔

اللہ تعالیٰ سب خدمت کرنے والے احباب و خواتین کی دینی مساعی کو قبول فرمائے اور مقبول خدمت دین کی توفیق دے آمین۔ خاکسار رمضان المبارک میں دعا کے لئے ملتمس ہے۔

ہم یہاں رہ کر ترستے تھے جس کے لئے
مولا نے اسے پہنچا دیا روزانہ ہمارے در پر
جتنا شکر کریں رب کا اتنا کم ہے بھٹی
الفضل ہے آب کوثر جو ملتا ہے روزانہ تیرے در پر

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 اپریل 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ