• 27 اپریل, 2024

ڈیلی روٹین برائے اطفال

اطفال کارنر
ڈیلی روٹین برائے اطفال

پیارے بچو! وقت اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ ایک بہت بڑی نعمت ہے اور ہم نے اس زمانہ کے امام حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کی بیعت کی ہے جن کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا عربی زبان میں الہاماً یہ وعدہ ہے جس کا ترجمہ ہے کہ تو وہ بزرگ مسیح ہے جس کا وقت ضائع نہیں کیا جائے گا

(الہام 900 تذکرہ طبع چہارم صفحہ 389)

پس آج میں آپ کو اس طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ اپنے وقت کو ضائع ہونے سے بچائیں۔ اس لئے آج میں آپ سب بچوں کو دن بھر کو ترتیب دینے اور اپنے دن گزارنے کی روٹین کے متعلق بتاؤں گا۔یہ روٹین ہم نے جامعہ احمدیہ سے سیکھی اور آپ میں سے جو بچے جامعہ احمدیہ میں داخلہ لینا چاہتے ہیں۔ ان کے لئے یہ روٹین جامعہ کی تیاری کے لئے بھی اہم ہوگی۔

دن کا آغاز:دن کے آغاز میں سب سے پہلا کام جو ہم نے کرنا ہے وہ اللہ تعالیٰ کی عبادت ہے۔ جو بچے نماز تہجد ادا کرنا چاہتے ہیں وہ نماز فجر سے قبل اٹھ کر وضو کر کے نوافل ادا کر لیں اور جووقت فجر پر بیدار ہوئے ہیں۔ انہیں فجر باجماعت ادا کرنی چاہیئے۔ نمازفجر بر وقت ادا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ رات کو آپ جلد سو جائیں۔نماز فجر کے بعد آپ سب تلاوت قرآن کریم کم از کم دو رکوع کریں۔ جو بچے ترجمہ پڑھ سکتے ہیں وہ ترجمہ بھی پڑھ لیں۔ اس کے بعد کچھ وقت سیر کریں اور پھر اسکول کی تیاری کر کے ناشتہ کر لیں۔

اسکول سے واپس آکر دوپہر میں نماز ظہر با جماعت ادا کریں اور کھانا کھا کر کچھ وقت آرام کر لیں۔شام کو اٹھ کر نماز عصر ادا کریں۔ کچھ وقت گراؤنڈ ومیں کھیل لیں یا کھلی جگہ پر ورزش کر لیں۔پھر فریش ہو کر نماز مغرب باجماعت ادا کریں۔ نماز مغرب ادا کرنے کے بعد اگر آپ نے گھر کا کوئی کام کرنا ہے۔ بازار سے کچھ خریداری کرنی ہے۔ کسی دوست یا عزیز سے ملاقات کرنی ہے۔ ٹی وی پر ایم ٹی اے کے پروگرامز یا معلوماتی پروگرامز دیکھنے ہیں تو یہ سب کام کر لیں۔

دن کا اختتام: نماز عشاء کا وقت ہوتے ہی نماز عشاء باجماعت ادا کریں۔ پھر شام کا کھانا کھا لیں اور کم از کم دو گھنٹے اپنے سڈی ٹیبل اور کرسی پر بیٹھ کر سڈی کریں۔ اس دوران پانی کی بوتل وغیرہ اپنے پاس رکھیں تاکہ آپ کو باربار ٹیبل سے اٹھنا نہ پڑے۔ اس کے بعد برش کرلیں۔ صبح اسکول جانے کے لئے تیاری جس میں اسکول بیگ، یونیفارم اور شوز وغیرہ کی تیاری ہے کر لیں۔ رات کو سوتے ہوئے کسی بھی بزرگ کی سیرت پڑھ لیں۔بہتر یہ ہے کہ آپ سیرت النبیﷺ سے اس مطالعہ کا آغاز کریں۔ اسی طرح جماعت کے اخبارات اور رسائل جیسا کہ الفضل آن لائن کے اطفال کارنر کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔ پھر درود شریف اور دیگر دعاؤں کا ورد کرتے ہوئے سو جائیں۔

جمعے والے دن نماز جمعہ ادا کرنے اور خطبہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سننے کا اہتمام ضرور کریں۔ اسی طرح ویک اینڈ پر اپنے والدین کے ساتھ پکنک یا سیر کے لئے بھی جاسکتے ہیں۔ والدین کا ان کے کاموں میں ہاتھ بٹا سکتے ہیں۔ اپنے پورے اگلے ہفتہ (Week) کی تیاری کر سکتے ہیں۔والدین کے ساتھ فیملی کلاس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ واقفین نو کے اور اطفال کے پروگرامز میں شامل ہو سکتے ہیں۔

یہ روٹین دنیا کے مختلف ممالک میں وقت، سورج کے طلوع و غروب ہونے اور انتظامات کے حوالہ سے مختلف ہو سکتی ہے۔ اصل مقصد یہ ہے کہ اس روٹین میں بتائے گئے کاموں پر آپ سب عمل کرنے کی کوشش کریں اور اپنے وقت کو ضائع ہونے سے بچائیں تاکہ آپ جماعت، معاشرے اور اپنے خاندان کے لئے مفید وجود بن سکیں اور ہم ایسے کام کریں کہ اللہ بھی ہم سے خوش ہو جائے۔ آمین

اپنی اس عمر کو اک نعمتِ عظمٰی سمجھو
بعد میں تا کہ تمہیں شکوہ ایام نہ ہو

(ابن زاہد شیخ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ