• 26 اپریل, 2024

جرمنی کی جماعت Wittlich سے ایک رپورٹ

یہ جلسہ ہمارا۔ یہ دن برکتوں کے
جرمنی کی جماعت Wittlich سے ایک رپورٹ

اللہ تعالىٰ کے فضل و کرم سے، خالص تائىد حق اور اعلائے کلمہ اسلام کے لىے، پہلے جلسہ سالانہ کا آغاز دسمبر1891ء کو حضرت مسىح موعود علىہ السلام کے مبارک ہاتھوں سے قادىان، بھارت سے ہوا۔ آج اس کى شاخىں دُنىا کے چاروں کونوں مىں پھىل گئى ہىں۔اورىہ تناور درخت اپنى تناورى مىں مزىد قوت و مضبوطى اختىار کرتا، پھلوں سے لدا ہوا اورمزىد شاخ دارى کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ اسى درخت کى اىک شاخ، جرمنى مىں بھى دسمبر 1975ء کو ہمبرگ مىں لگى اور ىوں جماعت جرمن کے پہلا جلسہ سالانہ کى شُروُعات ہوئى۔ پہلے تو اس جلسہ کو جلسہ سالانہ ہمبرگ کانام دىا گىا، لىکن ىہ الہٰى درخت اپنے تىسرے جلسہ مىں ہى جلسہ سالانہ جرمنى کا نام پا گىا اور آج تک اِس کو جلسہ سالانہ جرمنى کے نام سے پکارا اور جانا جاتا ہے۔ ىہ جلسہ مختلف اوقات اوراَدوَار مىں متفرق مقامات پر مُنعقد ہوتا رہا۔ ہمبرگ کے بعد فرنکفورٹ کے حصّہ مىں آىا۔ لىکن اللہ تعالىٰ نے جب Gross-Gerauمىں ناصر باغ جماعت کو عطا کىا تو پھر اس کى منتقلى بھى اِس جگہ پر ہوگئى۔ اس طرح کئى سالوں تک ىہ اپنى پورى شان وشوکت کے ساتھ اس جگہ پر ہى منعقد ہوتا رہا۔ بعدہ اس کو مئى مارکىٹ Mannheim مىں منتقل کردىا گىا۔ مئى مارکىٹ ہى وہ خوش نصىب جگہ ہے جس کو 2001 مىں انٹر نىشل جلسہ سالانہ کى سعادت نصىب ہوئى۔چند سالوں سے جلسہ سالانہ جرمنى Karlsruhe مىں اىک بہت بڑے ہال کى زىنت بن رہا تھا۔ لىکن کرونا کى وبا نے اس پر بھى اپنا اثر دکھاىا اور ىوں پچھلے سال اس کا انعقاد نہ ہو سکا اور اس طرح جرمن احمدى اِس کى برکات سے محروم رہے۔اىک سال کى محرومى کے بعد اس سال مورخہ 8 اور 9 اکتوبر بروز جمعہ اور ہفتہ کوجلسہ اپنى برکات وافضال کے ساتھ ظہور پذىر تو ہوا،لىکن بہت سى شرائط و قىود کے ساتھ۔ محدود پىمانے پر احباب کو شامل ہونے کى اجازت ملى۔ قرعہ اندازى کے ذرىعہ ناموں کا انتخاب ہوا۔ کمپىوٹر کےہاتھ مىں تھا کہ کس کو اس شمولىت سے حصّہ دىنا ہے اور کس کو محروم رکھنا ہے؟ جن کے نام شاملىن مىں آئے جب اُن کو فون کے ذرىعہ اطلاع دى گئى تو اُ ن مىں سے بعض کے جذبات تو اىسے تھے جىسے اُن کے نام کوئى لاٹرى نکل آئى ہے۔ جن کے نام قرعہ نکلا تھا وہ تو ہشاش بشاش اور خوش و خرم دکھائى دىئے اور مبارک باد وصول کرتے رہے۔لىکن جن کو کمپوٹر نے شامل ہونے سے روکا،ان کے چہروں پر افسردگى کےآثار نماىاں تھے۔ کىوں؟ کىونکہ! وہ جلسہ کى برکات حاصل کرنے کے لىے بے تاب و بے قرار تھے۔ لىکن انہوں نے اطاعت کا دامن تھامے رکھا اور اللہ کى رضا پر راضى ہوگئے۔ اللہ تعالىٰ جوکہ انسان کى نىّت کو جانتا ہے۔ اُس نے اُن کو بھى جلسہ کى برکات سے محروم نہ رکھا،بلکہ اپنى اپنى مساجد مىں اور نماز سنٹرز مىں جلسہ کى تمام کاروائى کو برقى تاروں اور جدىد سٹلائىٹ کى بدولت پہنچاىا۔ ىہ تجربہ جرمن کے احمدىوں کے لىے نىا تھا،کہ جلسہ سالانہ جرمنى مىں ہو، لىکن وہ اس مىں بنفس نفىس تو شامل نہ ہوں لىکن اپنى مساجد مىں تمام کاروائى سنىں۔ اسى طرح کا انتظام Wittlich کى جماعت نے بىت الحمد مسجد مىں خداتعالىٰ کے فضل و کرم سے کىا۔ مکرم صدر صاحب جماعت Wittlich، برادرم طاہر احمد ظفر صا حب اور اُن کے ساتھ سىکرىٹرى صاحب تربىت مکرم محمد شاہد بٹ صاحب نے جماعت کے ممبرات و لجنہ اماءاللہ کے لىے علىحدہ علىحدہ جلسہ سننے کا انتظام کرواىا۔Video Projector کى مدد حاحل کى گئى اور بڑى سکرىن اور ٹىلى وىژن کے ذرىعہ جلسہ کى تمام کاروائى سنائى گئى۔ مکرم رانا جاوىد اقبال صاحب سىکرىٹرى صاحب ضىافت اور ان کے معاون مکرم قمر زمان صاحب نے اُسى طرح کا کھانا تىار کىا،جس طرح کا کھاناجلسہ کے دنوں مىں جلسہ کے مبارک مقام پر تىا ر کىا جاتا ہے۔ دال اور آلو گوشت مىں وہى مہک اور ذائقہ پىدا کرنے کى کوشش کى گئى جوکہ جلسہ کےاىّام مىں کھانے مىں ہوتى ہے۔ وقارِعمل اور wind up مىں خاص طور پر اطفال سب سے آگے آگے دکھائى دىئے،جن مىں سر فہرست مامون احمد،رانا حسام جاوىد،فاران طارق اورکاشف حبىب تھے۔شاملىن نے روحانى اور جسمانى خوراک کوخوب سمىٹا۔چھوٹےبچّوں نے بھى اس موقع سے فائدہ اُٹھاىااور مسجد کے صحن مىں ڈىرے ڈالےاور وہ باتىں جو کہ اىک سال سے زىد عرصہ سے جمع کررکھىں تھىں، کر ڈالىں۔چونکہ کرونا کى وبا کى بندھن وبندش کے بعد ىہ پہلا پروگرام تھا۔ جس مىں اس طرح کى ملاقات مسجدىا مسجد کےآنگن مىں ہوئى تھى۔اس لىے سب نے احسن رنگ مىں enjoy کىا۔اختتامى خطاب جو کہ ہمارے پىارے امام حضرت خلىفۃ المسىح الخامس اىدہٗ اللہ تعالىٰ کا live تھا۔سب نے اس پىار و عقىدت سے سُنا،کہ آپ اىدہٗ اللہ تعالىٰ کے الفاظ، ہر اىک کے دل مىں اُترتے جارہے تھے، اور اىسا محسوس ہوتا تھا کہ حضورِاقدس سامنے تشرىف فرما ہىں۔ جب آپ نے آخر مىں دُعا کروائى اور جلسہ سالانہ اختتام پذىر ہوا، تو اىسا لگا کہ جىسے فرشتوں کى وہ فوج جن کا اىسى محفلوں مىں نزول ہوتا ہے، اُن کا بھى ساتھ ہى صُعُود ہو گىا ہے۔

اللہ تعالىٰ اس جلسہ مىں شامل ہونے والوں کو حضرت مسىح موعود علىہ السلام کى دعاؤں کا وارث بنائے۔ اورجنہوں نے جلسہ کى کاروائى کو احمدىوں کے کانوں تک پہنچانے اور آنکھوں تک دکھانے نےمىں مدد فراہم کى ہے، اُن کو بھى اجر عظىم سے نوازے۔آمىن

(رپورٹ : جاوید اقبال ناصر۔ مبلغ سلسلہ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 نومبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ