• 17 مئی, 2024

قبولیت دعا کا ایک نشان

الحمدللّٰہ ثم الحمدللّٰہ اللہ تعالیٰ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قبولیت دعا کا نشان دکھاتے ہوئے خاکسار کو نرینہ اولاد سے نوازا ہے۔ لہذا تحدیث نعمت کے طور پر بیان کرنا ضروری سمجھتا ہوں تا دیگر احباب کو تحریک پیدا ہو اور ازدیاد ایمان کا باعث بنے۔

خاکسار کی دو بیٹیاں ہیں ایک بیٹا ہوا تھا جو 20 دن بعد فوت ہوگیا تھا۔ خاکسار کو سیرت المہدی پڑھنے کا موقع ملا جس میں بہت سی ایسی روایات پڑھیں کہ جو لوگ حضرت مسیح موعودؑ سے نرینہ اولاد کیلئے دعا کی درخواست کرتے تو حضورؑ اسے ایک نمایاں رقم خدا کی راہ میں خرچ کرنے کیلئے فرماتے نیز حضرت مسیح موعودؑ کے منہ مبارک سے کوئی بات رسمًا بھی نکلتی تو خدا تعالیٰ اسے بعینہ ہی پوری کردیتا۔ ان روایات سے متأثر ہوکر خاکسار اور اہلیہ نے شادی کا زیور تحریک جدید میں دے دیا اور دوسرے حصہ کو پورا کرنے کیلئے خاکسار نے حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں درخواست کی کہ حضور! خدا تعالیٰ اپنے پیاروں کے منہ سے نکلے الفاظ ضرور پورا فرماتا ہے آپ خاکسار کو نرینہ اولاد کی دعا لکھ کر بھجوائیں۔ جس طرح حضرت ابراہیمؑ نے ولیطمئن قلبی فرمایا یعنی اللہ تعالیٰ سے اطمینان قلب کیلئے کوئی تسلی مانگی اسی اطمینان قلب کیلئے پیارے آقا خاکسار کو نرینہ اولاد کی دعا دیں تا خدا اپنے پیارے کے منہ سے نکلے الفاظ پورے فرمائے آمین۔ پیارے آقا ایدہ اللہ نے شفقت فرماتے ہوئے خاکسار کی درخواست قبول فرمائی اور اپنے خط مبارک مؤرخہ 2021-07-15 میں خاکسار کو دعا دیتے ہوئے فرمایا ’’اللہ تعالیٰ آپ کی بیٹیوں کو نیک قسمت اور خادمہ دین بنائے اور آئندہ نیک نرینہ اولاد عطا فرمائے‘‘ اس خط کے بعد ایک دفعہ ایک ایسے احمدی دوست میرے پاس بیٹھے جن کی نرینہ اولاد نہ تھی خاکسار نے انہیں حضور انور کی خط میں بھیجی ہوئی دعا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خاکسار کو اتنا یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ ضرور خاکسار کو نرینہ اولاد سےنوازے گا۔ جتنا دن چڑھے سورج پر یقین ہے۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے اہلیہ امید سے ہوئیں۔ دوران حمل باقاعدگی سے حضور انور ایدہ اللہ کو دعائیہ خطوط بھجواتا رہا اور نماز میں ایک ہی دعا مانگتا کہ خدا تعالیٰ خاکسار کو پیارے آقا کی قبولیت دعا کا نشان بنائے۔ آمین۔ باوجود کئی بار آلٹراساونڈز ہونے کے ہم نے آخری دن تک پتہ نہ کروایا کہ بیٹا ہے یا بیٹی۔ بس حضور انور کی قبولیت دعا کا معجزہ دیکھنے کی تڑپ دل میں قائم رہی۔لیکن ساتھ بشری تقاضے کے تحت خفیف سا خیال بھی آتا کہ خدا کے ارادوں کے بھید کون جانے۔ بالآخر مؤرخہ 2022-11-10 کو خدا تعالیٰ نے خاکسار کو بیٹے کی نعمت سے نوازا۔الحمدللّٰہ علی ذلک۔ اس کا نام حضور انور کے بابرکت نام ’’مسرور احمد‘‘ پر رکھنے کی اجازت کیلئے پیارے آقا کی خدمت اقدس میں خط لکھا ہوا ہے اور موصوف وقف نو کی بابرکت تحریک میں بھی شامل ہے دعا ہے اللہ تعالیٰ اسے ہمیشہ اپنی راہوں پر چلائے۔حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ کا سلطان نصیر بنائے اور صحت والی لمبی زندگی عطا فرمائے۔ آمین۔

(مرسلہ: عدنان احمد ورک)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی