• 2 نومبر, 2024

اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ اپنے اندر قناعت پیدا کرو

سوال: کچھ کووِڈ کی وجہ سے اور کچھ موجودہ مالی بحران کی وجہ سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے زیر اثر بہت سے لوگ مالی کمزوری کا شکار ہو رہے ہیں اور اقتصادی طور پر پریشانیاں اور بے چینیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ ایسے میں آپ ہمیں کیا نصیحت فرمائیں گے اور نوجوان نسل کو آپ ان حالات سے نمٹنے کے لیے کیا لائحہ عمل دیں گے؟

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: ’’یہ توساری دنیا کے حالات ایسے ہو رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے یہی فرمایا ہے کہ اپنے اندر قناعت پید اکرو۔ اگر قناعت پیدا ہو جائے تو جو فضول خرچیاں ہیں، غلط قسم کی خواہشات ہیں ان میں کمی آ جاتی ہے۔ اب اگر ایک عورت کہتی ہے کہ میں نے جومیک اپ کا سامان ہے وہ فلاں جگہ کا، مہنگا ترین، ہی لینا ہےیا میں نے کپڑے پہننے ہیں توفلاں ڈیزائنر کے ہی کپڑے پہننے ہیں اور اس پر خرچ کرنا ہے، تو ظاہر ہے بے چینیاں پیدا ہوں گی۔لیکن اگر قناعت ہے۔ توپھر جو بھی ہے اس میں گزارہ کرنا ہے تو خود ہی احساس پیدا ہو جائے گا۔دنیا میں ہر جگہ اب یہ گیس کی کمی ہو نے والی ہے۔ fuel کی مہنگائی ہو گئی ہے اور مزید ہو گی اور اس میں کمی بھی ہو گی۔ تو اس سےقیمتوں میں باقی چیزوں پر بھی اثر ہو گا۔یہ صرف احمدی عورتوں کا سوال نہیں ہے بلکہ یہ دنیا کے ہر شخص کا سوال ہے۔ تو اسی طرح اپنے آپ کو ایڈجسٹ کرنا ہو گا۔جو دین سے تعلق رکھنے والے ہیں تو وہ پھر دنیاوی لالچ میں نہیں ڈوبتے۔ آپ لوگوں نے تو دنیا کو گائیڈکرنا ہے کہ بجائے اس کے کہ دنیا کے لالچ کے پیچھے پڑ کرایک دوسرے کے حقوق کومارو،حقوق غصب کر و، چوریاں کرو اور ڈاکے ڈالویا قتل و غارت کرو یا ملک میں یا حکومتوں کے خلاف فساد پیدا کرو یا جلوس نکالو، اپنے اندر قناعت پیدا کرواور کم سے کم خرچے میں زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کرو۔ یہ احمدی اپنی تربیت اس طرح کر لیں گے تو باقی دنیا کی بھی تربیت کر سکیں گے۔ اس کے لیے تو ایک مستقل کوشش ہے۔اپنے حالات کے مطابق وہاں ایک لائحہ عمل بنائیں۔ ایک عمومی لائحہ عمل تو میں کئی دفعہ دے چکا ہوں کہ قناعت پیدا کریں، اپنے دین سے تعلق پیدا کریں۔ تو جو دنیاوی خواہشات ہیں وہ کم ہو جاتی ہیں۔ ورنہ دنیاوی خواہشات تو کبھی کم ہو ہی نہیں سکتیں، بڑھتی چلی جائیں گی۔ یہ تو ایسی بیماری ہے جس طرح کھجلی کی، سکِن کی بیماری ہوتی ہے۔ انسان کھجلتا رہتا ہے اور اس کو مزا آتا رہتا ہے اور پھر اپنے آپ پر زخم ڈال لیتا ہے۔ یہ تو بالآخر پھر اپنے آپ کو زخمی کرنے والی بات ہو گی۔ اس لیے قناعت، اللہ تعالیٰ کاذکراور نمازوں کی طرف توجہ کرو،تو خود ہی ساری چیزیں ٹھیک ہو جائیں گی۔ اللہ سے تعلق پیدا کر لیں، باقی بیماریاں خود ہی دور ہو جائیں گی۔‘‘

(This Week with Huzoor موٴرخہ 9؍ستمبر 2022ء مطبوعہ الفضل آن لائن 22؍نومبر 2022ء)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی