• 26 اپریل, 2024

جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد اور برکات

جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد اور برکات
ارشادات حضرت مسیح موعودؑ کی روشنی میں

ایمان اور مغفرت میں ترقی

’’اس جلسہ میں ایسے حقائق اور معارف کے سنانے کا شغل رہے گا جو ایمان اور یقین اور معرفت کو ترقی دینے کے لئے ضروری ہیں‘‘

(آسمانی فیصلہ۔روحانی خزائن جلد4 صفحہ352)

’’تا ہر یک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کی معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو‘‘۔

(مجموعۂ اشتہارات۔جلداول،صفحہ340)

روحانی فوائد اور ثواب

’’سو لازم ہے کہ اس جلسہ پر جو کئی بابرکت مصالح پر مشتمل ہے ہر ایک ایسے صاحب ضرور تشریف لائیں جو زاد راہ کی استطاعت رکھتے ہوں‘‘

’’اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولؐ کی راہ میں ادنیٰ ادنیٰ حرجوں کی پرواہ نہ کریں۔خدا تعالیٰ مخلصوں کو ہر یک قدم پر ثواب دیتا ہے اور اس کی راہ میں کوئی محنت اور صعوبت ضائع نہیں ہوتی‘‘

(مجموعہ اشتہارات ۔جلد اول صفحہ341)

‘‘اور بھی کئی فوائد اور منافع ہوں گے جو وقتاً فوقتاً ظاہر ہوتے رہیں گے’’۔

(آسمانی فیصلہ۔روحانی خزائن جلد4 صفحہ352)

اخلاق فاضلہ اور دینی مہمات میں سرگرمی

’’اس جلسہ سے مدعا اور اصل مطلب یہ تھا کہ ہماری جماعت کے لوگ کسی طرح بار بار کی ملاقاتوں سے ایک ایسی تبدیلی اپنے اندر حاصل کریں کہ ان کے دل آخرت کی طرف بکلی جھک جائیں اور ان کے اندر خداتعالیٰ کا خوف پیدا ہو اور زہد تقویٰ اور خدا ترسی اور پرہیز گاری اور نرم دلی اور باہم محبت اور مواخاۃ میں دوسروں کے لئے ایک نمونہ بن جائیں اور انکسار اور تواضع اور راستبازی ان میں پیدا ہو اور دینی مہمات کے لئے سرگرمی اختیار کریں‘‘

(شہادۃ القرآن ۔روحانی خزائن جلد6 صفحہ394)

صالحین کی صحبت سے فیض

’’…غرض یہ ہے کہ تادنیا کی محبت ٹھنڈی ہو اور اپنے مولا کریم اور رسول مقبول ﷺکی محبت دل پر غالب آجائے۔اس غرض کے حصول کے لئے صحبت میں رہنااور ایک حصہ اپنی عمر کا اس راہ میں خرچ کرنا ضروری ہے۔کبھی کبھی ضرور ملنا چاہئے کیونکہ سلسلہ بیعت میں داخل ہو کر پھر ملاقات کی پرواہ نہ رکھنا ایسی …سراسر بے برکت اور صرف ایک رسم کے طور پر ہوگی‘‘۔

(آسمانی فیصلہ۔روحانی خزائن جلد4 صفحہ351)

دینی ہمدردی کے لئے تدابیر حسنہ

’’اس جلسہ میں یہ بھی ضروریات میں سے ہے کہ یورپ اور امریکہ کی دینی ہمدردی کے لئے تدابیر حسنہ پیش کی جائیں کیونکہ اب یہ ثابت شدہ امر ہے کہ یورپ اور امریکہ کے سعید لوگ اسلام کے قبول کرنے کے لئے طیار ہو رہے ہیں‘‘

(مجموعۂ اشتہارات۔جلد اول صفحہ 341,340)

نئے احباب سے تعارف

’’ایک عارضی فائدہ ان جلسوں میں یہ بھی ہوگا کہ ہر نئے سال میں جس قدر نئے بھائی اس جماعت میں داخل ہوں گے وہ تاریخ مقررہ پر حاضر ہو کر اپنے پہلے بھائیوں کے منہ دیکھ لیں گے اور روشناسی ہو کر آپس میں رشتہ تودد و تعارف ترقی پذیر ہوتا رہے گا‘‘

(آسمانی فیصلہ۔روحانی خزائن جلد4 صفحہ352)

رنجشیں اور اجنبیت مٹانے کا ذریعہ

’’اور تمام بھائیوں کو روحانی طور پر ایک کرنے کے لئے اور ان کی خشکی ور اجنبیت اور نفاق کودرمیان سے اٹھا دینے کے لئے بدرگاہ حضرت عزت جل شانہ کوشش کی جائے گی‘‘

(آسمانی فیصلہ ۔روحانی خزائن جلد4 صفحہ352)

وفات پاجانے والوں کے لئے اجتماعی دعائے مغفرت

’’جو بھائی اس عرصہ میں اس سرائے فانی سے انتقال کر جائے گا اس جلسہ میں اس کے لئے دعائے مغفرت کی جائے گی‘‘

(آسمانی فیصلہ۔روحانی خزائن جلد4 صفحہ352)

بیعت کی ایک غرض اور جلسہ سالانہ

’’تمام مخلصین داخلین سلسلہ بیعت اس عاجز پر ظاہر ہو کہ بیعت کرنے سے غرض یہ ہے کہ تا دنیا کی محبت ٹھنڈی ہو اپنے مولا اور رسول مقبولﷺکی محبت دل پر غالب آجائے اور ایسی حالت انقطاع پیدا ہو جائے جس سے سفر آخرت مکروہ معلوم نہ ہو لیکن اس غرض کے حصول کے لئے صحبت میں رہنا اور ایک حصہ اپنی عمر کا اس راہ میں خرچ کرنا ضروری ہے تا کہ اگر خدائے تعالیٰ چاہے تو کسی برہان یقینی کے مشاہدہ سے کمزوری اور ضعف اور کسل دور ہو اور یقین کامل پیدا ہو کر ذوق اور شوق اور ولولہ عشق پیدا ہو جائے۔سو اس بات کے لئے ہمیشہ فکر رکھنا چاہئے اور دعا کرناچاہئے کہ خدا ئے تعالیٰ یہ توفیق بخشے اور جب یہ توفیق حاصل نہ ہو کبھی کبھی ضرور ملنا چاہئے۔کیونکہ سلسلہ بیعت میں داخل ہو کر پھر ملاقات کی پرواہ نہ رکھناایسی بیعت سراسر بے برکت اور صرف ایک رسم کے طور پر ہوگی اور چونکہ ہریک کے لئے بباعث ضعف فطرت یا کمی مقدرت یا بعد مسافت یہ میسر نہیں آسکتا کہ وہ صحبت میں آکر رہے یا چند دفعہ سال میں تکلیف اٹھا کر ملاقات کے لئے آوے۔کیونکہ اکثر دلوں میں بھی ایسا اشتعال شوق نہیں کہ ملاقات کے لئے بڑی بڑی تکالیف اور بڑے بڑے حرجوں کو اپنے پر روا رکھ سکیں لہٰذا قرین مصلحت معلوم ہوتا ہے کہ سال میں تین روز ایسے جلسہ کے لئے مقرر کئے جائیں جس میں تمام مخلصین اگر خدا تعالیٰ چاہے بشرط صحت و فرصت و عدم موانع تو یہ تاریخ مقررہ پر حاضر ہو سکیں‘‘

(آسمانی فیصلہ۔روحانی خزائن جلد4 صفحہ351)

حضرت مسیح موعود ؑکی دعاؤں میں شرکت

’’بالآخر میں دعا پر ختم کرتا ہوں کہ ہر ایک صاحب جو اس للّٰہی جلسہ کے لئے سفر اختیار کریں۔ خدا تعالیٰ ان کے ساتھ ہو اور ان کو اجر عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات ان پر آسان کر دیوے اور ان کے ہم و غم دور فرمائے۔ اور ان کو ہر تکلیف سے مخلصی عنایت کرے اور ان کی مرادات کی راہیں ان پر کھول دیوے اور روز آخرت میں اپنے ان بندو ں کے ساتھ ان کو اٹھاوے جن پر اس کا فضل و رحم اور مشکل کشا یہ تمام دعائیں قبول کر اور ہمیں ہمارے مخالفوں پر روشن نشانوں کے ساتھ غلبہ عطا فرما کہ یک قوت و طاقت تجھ ہی کو ہے۔ آمین ثم آمین‘‘

(اشتہار 7دسمبر 1882ء، مجموعۂ اشتہارات۔جلد اول صفحہ342)

(مرسلہ: ابو سعید)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 دسمبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 دسمبر 2020