• 26 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

مکرمہ خالدہ نزہت۔ آسٹریلیا سے لکھتی ہیں :
لجنہ اماءاللہ کی صدسالہ جوبلی کے حوالے سے ہونے والی اشاعت کے تیسرے فیز میں شائع ہونے والے مضامین تاریخی و علمی ہونے کے ساتھ ساتھ ایمان افروز بھی تھے۔ سب لکھاریوں نے بہت اچھے مضامین تحریر کئے ہیں اور ان کے ساتھ آرٹیکلز بعنوان ’’چالیس سال کی عمر کے لیے دعا کا تحفہ ‘‘اور ’’زندگی اور صحت کا ستون خدا کا فضل ہوتا ہے ‘‘،’’ ایک دوسرے کی باتیں کرنے کے بجائے ایک دوسرے سے باتیں کریں ‘‘ بہت ہی عمدہ اور اصلاح سے بھر پور ہیں۔ اگر ہم سب ان باتوں پر عمل کریں تو بلاشبہ ہمارے گھر اور یہ معاشرہ جنت نظیر بن جائیں۔ خاکسارآپ اور آپ کی ساری ٹیم کے لیے دعاگو ہے۔

ایک اور مکتوب میں لکھتی ہیں :
گزشتہ دنوں مہدی آباد میں شرپسندوں نے سفاکیت اور بربریت کا بہیمانہ مظاہرہ کیااور ہمارے نو مخلص اور سچے احمدی بھائیوں نے جام شہادت نوش کیا جس سے دنیا کے ہر خطے اور ملک کے احمدی غمزدہ ہیں مگر ساتھ ہی ساتھ ان شہدائے احمدیت پر رشک بھی کرتے ہیں کہ کس عزم و ہمت اور بہادری سے وہ اپنے ایمان پر ڈٹے رہے۔پھر پیارے آقا نے جس محبت سے خطبہ جمعہ میں ان کا ذکر خیر فرمایا بلا شبہ وہ جنت الفردوس میں اعلی و ارفع مقام پانے والے ہیں۔ بہت سے احباب و خواتین نے ان کے بارے میں مضامین لکھے ہیں اور کچھ نے منظوم کلام کی صورت میں انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔یہ سب پڑھ کر بہت اچھا لگا کیونکہ میں اور میرے جیسی کئی بہنیں ایسی ہیں جو اپنے جذبات اور خیالات کو الفاظ میں ڈھالنے کا سلیقہ نہیں رکھتیں مگر ان کے مضامین پڑھ کر ایسا ہی محسوس ہوا جیسے ہماری طرف سے بھی خراج عقیدت پیش کر دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو ثبات قدم اور صبر جمیل عطا فرمائے اور ہر دم ان کا حامی و ناصر ہو۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 فروری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی