• 25 اپریل, 2024

ظہورِ نورِ حق کامل ہوا ہے

ظہورِ نورِ حق کامل ہوا ہے
منور ذرہ ذرہ ہو گیا ہے

وجودِ آدمیت کا تو باعث
ترے دم سے زمانہ جی رہا ہے

ملائک نے جو آدم کو کیا تھا
حقیقت میں تجھے سجدہ ہوا ہے

کہیں یاسین کہیں طٰہٰ ترا نام
کہیں حبلِ خدا تیری ثنا ہے

تو تاجِ مرسلیں، طیب، امیں ہے
تو ہی بدرالدجیٰ، شمس الضحیٰ ہے

ملائک اور جواہر میں نہیں ہے
جو نورِ حق تِرے دل میں بھرا ہے

جبیں انسانیت کی تجھ سے روشن
سبھی داغوں کو تو نے دھو دیا ہے

خدا نے جس قدر جلوے اتارے
تو سب جلووں کا مجمع بن گیا ہے

ترِے ہاتھوں میں روشن شمعِ دیں ہے
تو ہی دنیا کی آنکھوں کی ضیا ہے

ہر اک تو نے بتایا رازِ فطرت
معارف کا دفینہ تجھ سے وا ہے

مہ و خورشید کو کرتا ہے حیراں
وہ دل یادوں سے تیری جو بھرا ہے

( مقبول احمد ظفر مرحوم۔مربی سلسلہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 اگست 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 اگست 2020