• 27 اپریل, 2024

عجب اپنا جلوہ دکھائے خلافت

عجب اپنا جلوہ دکھائے خلافت
خدا کا مقرب بنائے خلافت
ہر اِک شرک و بدعت کو کافور کر کے
ہدایت کی شمع جَلائے خلافت
خدا کی عبادت نبیؐ کی اطاعت
ہو دِیں کی اشاعت رَجائے خلافت
خلیفہ خدا کا ہے دنیا میں نائب
خدا ہی کی باتیں بتائے خلافت
یہ نعمت ہمیں خود خدا نے عطا کی
ہے سایہ فگن اب رِدائے خلافت
جو ہیں حق کے پیاسے اُنہیں اپنے ہاتھوں
مئے وصل مولیٰ پلائے خلافت
جو طاقت کے نشّے میں ہیں چور حاکم
اُنہیں عدل و احساں سکھائے خلافت
کوئی سِحر اِس سے نہ ٹکرا سکے گا
عصائے کلیمی دُعائے خلافت
یہ دُنیا تباہی کی جانب رواں ہے
ہے اِس کی بقا اَب بقائے خلافت
ہماری نِگہ بس خلافت کی جانب
سر آنکھوں پہ جو حکم لائے خلافت
خلافت ہمارا سہارا ہے اس پر
نہ کچھ آنچ آئے خدائے خلافت
دکھا دیں گے باطل کو اوقات اس کی
ہو اِک جنبشِ چشم ہائے خلافت
غرض کیا ہے ناصرؔ کو سُود و زِیاں سے
وہ ہے جان و دِل سے فِدائے خلافت

(تنویر احمد ناصر۔ قادیان)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 اگست 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ