جماعت احمدیہ ٹرینیڈاڈ و ٹباگو کی پہلی مسجد گارے کے ساتھ 1970ء میں بنائی گئی تھی۔ جس کا ذکر سلسلہ احمدیہ جلد3 صفحہ703 میں یوں ملتا ہے۔
’’خلافت ثالثہ کے دوران ٹرینیڈاڈ میں ایک نئی مسجد تعمیر ہوئی اور حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے 1970ء کے جلسہ سالانہ کی تقریر میں اس کا ذکر بھی فرمایا۔ محمد حنیف یعقوب صاحب نے اپنی زمین کا ایک قطعہ جماعت کے لیے وقف کیا اور اس پر مسجد کی تعمیر کا کام شروع ہوا۔ 1974ء میں اس مسجد کی تعمیر کاکام مکمل ہوا۔‘‘
(سلسلہ احمدیہ جلد3 صفحہ703)
یہ مسجد چونکہ گارے سے بنی تھی اس لیے موسم کی سختیوں کی وجہ سے زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکی اور اسے شہید کر کے اسی جگہ پر 1989ء میں ایک نئی پختہ اینٹوں کے ساتھ خوبصورت مسجد تعمیر کی گئی۔ اس کا نام مسجد ناصر ہی رکھا گیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے 1990ء کے تاریخ ساز دورہ کے دوران اس مسجد کا افتتاح فرمایا۔
مکرم مولانا محمد حنیف یعقوب مرحوم سابق مبلغ ٹرینیڈاڈ نے دو پلاٹ جماعت کو تحفہ میں دیے تھے۔ جن میں سے ایک پر مسجد ناصر تعمیر ہوئی اور دوسرے پلاٹ پر بعد میں مربی ہاؤس تعمیر ہوا۔ مسجد ناصر میں واش رومز اور وضو گاہ ہر دو مردانہ و زنانہ اطراف میں موجود ہیں۔ دو کمرے گیسٹ ہاؤس اور ایک ہال برائے میٹنگز بھی تعمیر شدہ ہے۔
(ابراہیم بن یعقوب۔ امیر و مشنری انچارج ٹرینیڈاڈ)