• 26 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

  • مکرمہ امتہ القیوم انجم ۔کینیڈا سے لکھتی ہیں:

روزنامہ الفضل 15 جنوری 2022ء کے شمارہ میں ’’روزنامہ الفضل آن لائن کا تعارف‘‘ کے عنوان سے آرٹیکل پڑھنے کا موقع ملا۔ بہت ہی معلوماتی مضمون ہے ۔ حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضى الله تعالیٰ کی اجازت اور دعا سے جاری ہونے والی اس نہر سے سیراب ہونے والے قارئین اور اسکی قلمی معاونت میں حصہ لینے والے مضمون نگار اور شعراء سب ہی بہت خوش نصیب ہیں۔ اگرچہ انہیں اپنی اس خوش قسمتی کا کچھ اندازہ تو پہلے سے ہی ہوگا مگر ہمارے پیارے امام حضرت خليفۃ المسیح الخامس ايده الله تعالیٰ بنصره العزيز کا الفضل کے ہر پرچہ پر نشان لگا کر دستخط کرنا یقیناً ان پیاسی روحوں کے دلوں میں جو ہر روز اس کے طلوع ہونے کے انتظار میں ہوتی ہیں الفضل سے محبت کی نئی جوت جگا گیا ہو گا۔ اللہ تعالیٰ پیارے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی قیادت اور رہنمائی میں پھلنے پھولنے والے اس اخبارکو جو کئی طوفانوں سے گزر کر کامیابیوں کی منازل طے کرتا ہوا اب آن لائن جریدے کی شکل میں ہمارے دلوں کو منور کررہا ہے دن دوگنی رات چوگنی ترقی دیتا چلا جائے۔ آمین

  • مکرمہ خالدہ نزہت ۔آسٹریلیا سے تحریر کرتی ہیں:

الفضل میں شائع ہونے والے مضامین تو اپنی مثال آپ ہوتے ہیں۔ ماشاء اللہ۔ لیکن بعض مضمون بہت ایمان افروز ہوتے ہیں جیسے کہ ’’محترم انصر صاحب کا احمدیت کا ورثہ‘‘ بہت اچھا سلسلہ شروع کیا ہے آپ نے۔ جزاک اللہ ۔کیونکہ ہم جیسے پیدائشی احمدی شاید اس چیز کی اتنی قدروقیمت نہ جانتے ہوں ۔ اسی طرح چند روز قبل ’’ہم کفو کی تلاش‘‘ کے موضوع پر بہت اچھا مواد پڑھنے کو ملا۔ اس کے ساتھ ساتھ مولانا عطا ءالمجیب صاحب کا قسط وار ’’حاصل مطالعہ‘‘ اور مولانا شمشاد صاحب نے جو اپنی دادی اماں کے بارے میں لکھا پڑھ کر اپنی نانی جان اور دادی جان یاد آ گئیں۔ واقعی کتنے سادہ ،سچے اور بہادر لوگ تھے ان لوگوں نے کیسی اطمینان بھری زندگیاں گزاری ہیں۔ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔ اللہ تعالیٰ آپ کی ساری ٹیم کو بہترین جزائے خیر سے نوازے ۔آمین

  • مکرم ملک منیر احمد۔ ٹوکیو، جاپان سے لکھتے ہیں:

روزنامہ الفضل آن لائن آج کل کی ٹیکنالوجی کی نعمت سے روزانہ موبائل پر دیکھنے اور پڑھنے کا موقع ملتا ہے۔ الحمد للّہ۔

روزنامہ الفضل میں جہاں بہت سارے علمی اور معلوماتی مضامین پڑھنے کو ملتے ہیں وہاں اگلے دن ہفتہ کے شمارہ میں حضور کے تازہ خطبہ جمعہ کا خلاصہ بھی پڑھنے کو ملتا ہے۔ جو اس لحاظ سے بہت خوش کن ہے کہ یہاں ٹوکیو میں ہر اتوار کی شام کو آن لائن بچوں کی کلاس بھی ہوتی ہے۔ جس میں بچوں کو دوسری علمی باتوں کے ساتھ ساتھ حضور انور کے تازہ خطبہ جمعہ کے خلاصہ سے بعض اہم پوائنٹس کے علاوہ بعض ایمان افروز واقعات بھی باقائدگی سے بچوں کو بتانے کا موقع ملتا رہتاہے۔ الحمد للہ۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

فقہی کارنر