• 26 اپریل, 2024

مرا مرزا

لاریب کہ ممدوحِ جہاں ہے مرا مرزا
اللہ کی قدرت کا نشاں ہے مرا مرزا

نام اس کا ہے طاہرؒ تو وہ ہے خود بھی مطہّر
محبوبِ حق و روحِ جہاں ہے مرا مرزا

ربوہ میں وہ رہتا ہے دعاؤں میں ہے مصروف
محو رُخِ دلدار نہاں ہے مرا مرزا

یکتا ہے وہ ہمدردیٔ مخلوقِ خدا میں
تسکینِ دل و راحتِ جاں ہے مرا مرزا

سیرت میں ہے آئینہ تو صورت میں گلِ تر
عکسِ رُخِ خلّاقِ جہاں ہے مرا مرزا

توحید کی جوت اس نے ہر اک دل میں جگائی
اک عاشقِ رب دو جہاں ہے مرا مرزا

ظاہر میں تو بیٹھا ہے وہ ربوہ کی زمیں پر
باطن میں خدا جانے کہاں ہے مرا مرزا

ہوتی ہے سدا بارشِ انوار الٰہی
وہ نور کی بستی ہے جہاں ہے مرا مرزا

لیتا ہوں سلیمؔ اس رُخِ انور کی بلائیں
صد رشکِ حسینانِ جہاں ہے مرا مرزا

(سلیم شاہجہانپوری)
(ماہنامہ تحریک جدید، نومبر1983ء)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 فروری 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 فروری 2020