برطانوی پبلشر ایلن لین کا نام کتابوں کی دنیا میں اس اعتبار سے بہت اہم ہے کہ اس دن کتابوں کی صنعت میں پیپربیک کتابوں کی بنیاد ڈالی اور مجلد مہنگی کتابوں کی بجائے سستی پیپر بیک کتابوں کو رواج دیا۔
ایلن لین کی زندگی کا آغاز ہی کتابوں کے کاروبار سے ہوا تھا اور صرف 23 برس کی عمر میں وہ کتابوں کی ایک فرم کا ڈائریکٹر بن چکا تھا۔ 1935 ء میں اس نے سو پونڈ کے سرمایہ سے ایک نئی فرم بنا کر پیپربیک کتابوں کی اشاعت کی بنیاد ڈالی۔ پیپر بیک کتابوں کی اشاعت کوئی نئی اختراع نہیں تھی اور کچھ لوگ پہلے بھی اس نوع کی کتابیں چھاپ چکے تھے۔ لیکن ایلن کا انداز اور تھا اس نے ادب کے دس شہ پاروں کا انتخاب کیا اور ایک ہی وقت میں دس کتابوں کا سیٹ بناڈالا۔ ہرکتاب کی قیمت فقط چھ شلنگ تھی کیونکہ ان کتابوں کا ایک بڑا آرڈر وول ورتھ سٹور کی جانب سے وصول ہوا تھا، جہاں ہر شے کی قیمت چھ شلنگ ہوا کرتی تھی۔
30 جولائی 1935ء وہ یادگار دن تھا۔ جب ایلن لین کی شائع کردہ پہلی کتاب منظر عام پر آئی۔ یہ آندرے موریس (Andre Mourois) کی لکھی ہوئی، شیلے کی سوانح تھی جس کا نام Aerial تھا۔
لین کا یہ تجربہ آہستہ آہستہ اتنا کامیاب ہوا کہ اسے بعض کتابوں کی 80,80 ہزار کتابیں چھاپنا پڑیں۔ ادبی کتابوں کے علاوہ سیاسی موضوعات پر لکھی ہوئی کتابوں کو بھی بڑی پذیرائی حاصل ہوئی اور دوسری جنگ عظیم کے آغاز سے پہلے صرف 1939ء میں لین کا ادارہ ایک لاکھ جلدیں شائع کرچکا تھا۔ اس کامیابی کا راز ارزانی اور معیار میں پوشیدہ تھا۔ چنانچہ جب 1960ء میں ایلن کے ادارے کی سلور جوبلی منائی گئی تو اس وقت تک یہ 3300 ٹائٹل چھاپ چکا تھا۔
ایلن کی دیکھا دیکھی دوسرے اشاعتی ادارے بھی دوڑ میں شریک ہوگئے اس نے نہ صرف نت نئی کتابیں شائع کیں بلکہ بعض مجلد بیسٹ سیلرز بکس کے پیپر بیک ایڈیشن بھی شائع کئے۔
ایلن لین کو 1952ء میں سر کا خطاب عطا ہوا۔ اس نے 1970ء میں 67 برس کی عمر میں وفات پائی۔