• 2 اگست, 2025

آج کی دعا

فَسَیَکۡفِیۡکَہُمُ اللّٰہُ ۚ وَ ہُوَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ

(سورۃالبقرہ:138)

ترجمہ: اور انکی شرارتوں کے دفع کرنے کے لئے خدا تجھے کافی ہے۔ اور وہ سمیع اور علیم ہے۔

یہ حضرت اقدس مسیحِ موعودؑ کو خداتعالیٰ کی مدد ونصرت کا الہامی وعدہ ہے۔

ہمارے پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں :
فَسَیَکۡفِیۡکَہُمُ اللّٰہُ ۚ وَ ہُوَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ اور اُن کی شرارتوں کے دفع کرنے کے لئے خدا تجھے کافی ہے اور وہ سمیع اور علیم ہے۔

(براہین احمدیہ۔ روحانی خزائن جلد1، بقیہ حاشیہ نمبر11)

پھر آپؑ نے فرمایا:
’’خدائے تعالیٰ ان سب کے تدارک کے لئے جو اس کام کو روک رہے ہیں، تمہارا مددگار ہوگا‘‘۔

(تبلیغ رسالت (مجموعہ اشتہارات)، جلد اوّل صفحہ 116)

پس آج کل کے حالات میں کسی بھی احمدی کو مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ خدائی وعدے ہیں۔ خداتعالیٰ ہمیشہ ہمارا مدد گار رہا ہے اور ان شاء اللہ رہے گا۔ لیکن جہاں وہ مخالفین کی بیہودہ گوئی کو سن رہاہے کیونکہ آج کل پاکستان میں پھر کافی شورہوا ہواہے۔ اور اس کو علم ہے کہ یہ لوگ احمدیوں کے ساتھ ظلم روا رکھ رہے ہیں اور اپنی تقدیر کے مطابق ایسے لوگوں کی خدا تعالیٰ نے پکڑ کرنی ہے۔ ان شاء اللہ۔ اور ہمارے تجربہ میں ہے کہ ماضی میں بلکہ ماضی قریب میں ایسی پکڑ کے نظارے وہ ہمیں دکھاتا رہا ہے اور اپنی قدرت نمائی کرتا رہاہے۔ پھر کوئی وجہ نہیں کہ ہمارے دل مایوس ہوں اور ہلکا سا احساس بھی پیدا ہو۔ لیکن ہماری بھی یہ ذمہ داری ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم پر یہ ذمہ دار ی ڈا ل رہا ہے کہ پہلے سے بڑھ کر میری طرف رجوع کرو اور میرے سے مانگو تاکہ وہ الٰہی تقدیر جو غالب آنی ہے ان شاء اللہ، تمہیں بھی احساس رہے کہ تمہاری دعاؤں کا بھی اس میں کچھ حصہ ہے اور اللہ تعالیٰ نے تمہاری دعاؤں کو بھی سنا ہے۔ پس ان دنوں میں بہت زیادہ دعاؤں کی طرف ہمیں توجہ دینی چاہئے۔

(خطبۂ جمعہ 13؍ جون 2003ء، خطبات مسرور جلد1 صفحہ210)

(مرسلہ:مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 مئی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 مئی 2021