• 26 اپریل, 2024

آج کی دعا

’’اے میرے رب !میں نے تجھے چن لیا پس تو مجھے چن لے۔ اور میرے دل کی طرف نظر کر۔اور میرے قریب آجا کہ تو بھیدوں کا جاننے والا ہے اور ہر اس چیز سے خوب باخبر ہےجو غیروں سے چھپائی جاتی ہے۔اے میرے رب! اگر تو جانتا ہے کہ میرے دشمن سچے اور مخلص ہیں تو مجھے اس طرح ہلاک کر ڈال جیسے جھوٹے ہلاک کئے جاتے ہیں ۔اور اگر توجانتا ہےکہ میں تجھ سے ہوں اور تیری طرف سے بھیجا گیا ہوں تو تو میری مدد کر، تو میری مدد کے لئے کھڑا ہوکہ میں تیری مدد کا محتاج ہوں۔ اور میرا معاملہ ایسے دشمنوں کے سپرد نہ کرجو مجھ پر استہزا کرتے ہوئے گزرتے ہیں۔اور دشمنوں اور مکر کرنے والوں سے میری حفاظت فرما۔

(اعجاز المسیح، روحانی خزائن جلد18 صفحہ203)

یہ حضرت مسیحِ موعودؑ کی محبتِ الٰہی سے بھری ہوئی خداتعالیٰ کے حضور دعائے مددو نصرت ہے۔

پیارے امام سیدنا حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز موجودہ حالات کے پیشِ نظر مسلسل جماعت کودعاؤں اور اللہ تعالیٰ سے تعلق بڑھانے کی تلقین فرما رہے ہیں ۔آپ نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 7اکتوبر 2011 میں دعاؤں کی طرف خصوصی توجہ دلاتے ہوئے فرمایا:
’’اگر 100فیصد پاکستانی احمدی خالص ہوکر اللہ تعالیٰ کے آگے جھک جائیں تو ان حالات کا خاتمہ چند راتوں کی دعاؤں سے ہوسکتا ہے۔ ان شاء اللہ۔‘‘

آپ مزید فرماتے ہیں:
’’ہم تو پہلے بھی ان تکلیفوں سے گزرتے رہے ہیں اب بھی ان شاء اللہ، اللہ تعالیٰ کی مدد سے گزر جائینگے۔ لیکن اگر یہ (پاکستان کے مولوی اور حکومت) اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے تو ان کی تباہی یقینی ہے۔ پس احمدی آج کل بہت دعائیں کریں کہ اللہ تعالیٰ یہ مشکلات دور فرمائے۔ خاص طور پر پاکستان میں رہنے والے احمدی اور پاکستان سے آئے ہوئے باہر رہنے والے احمدی بھی اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق میں بڑھیں تاکہ اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت جلد آئے۔ اور ان مشکلات سے وہاں کے رہنے والے احمدی چھٹکارا پاسکیں۔‘‘ آمین

(خطبہ جمعہ 2 اکتوبر 2020)

(مرسلہ: قدسیہ محمود سردار)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 اکتوبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 اکتوبر 2020