• 23 اپریل, 2024

جلسہ سیرت النبیؐ جماعت احمدیہ پولینڈ

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ پولینڈ کو 11؍ نومبر2022ء بروز جمعہ پولینڈ (Poland) کے دارالحکومت وارسا (Warsaw) میں واقع مشن ہاؤس میں جلسہ سیرت النبیؐ منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ جلسہ صبح 11:30 بجے مکرم بشارت احمد شاہد مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت لٹویاکی زیر صدارت شروع ہوا۔ مکرم بشارت احمد شاہد صاحب مبلغ سلسلہ ایک جماعتی کام کے سلسلہ میں پولینڈ آئے ہوئے تھے۔ ہم نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جلسہ کا پروگرام بنالیا اور انہیں بھی شامل ہونے کی دعوت دی۔

جلسہ سیرت النبیؐ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ایک عرب احمدی بھائی مکرم محمود ہمدان صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت جماعت پولینڈ نے سورت البقرہ کی آیات 255-256 کی تلاوت اور پولش زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم رشید احمد صاحب نیشنل سیکٹری وقف نو و وصایا نے ان آیات کا اُردو ترجمہ تفسیر صغیر سے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد خاکسار (منیب احمد چٹھہ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت) نےحضرت اقدس مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام کے پاکیزہ ملفوظات پہلے پولش زبان میں، پھر اُردو زبان میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

اس کے بعد مکرم بشارت احمد شاہد مبلغ سلسلہ نے نبی اکرم ؐ کی سیرت طیبہ کی روشنی میں دعوت الیٰ اللہ اور تبلیغ اسلام احمدیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور احباب جماعت کو ایک خاص جذبے اور ذوق وشوق سےتبلیغ کی طرف توجہ دلائی۔ جس کا پولش زبان میں ترجمہ مکرم ڈاکٹر ایاز احمد صاحب نیشنل سیکرٹری مال نےساتھ ساتھ پیش کیا۔

بشارت احمد شاہد مبلغ سلسلہ کو اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے لٹویا آنے سے قبل لتھوانیا، قرغیزستان اور ازبکستان میں بھی خدمت سلسلہ کی توفیق مل چکی ہے۔ علاوہ ازیں آپ کو ازبک اور قرغیز زبان میں ماسٹرز کرنے اور ان دونوں زبانوں میں ترجمہ قرآن کی سعادت بھی حاصل ہوئی ہے۔ آپ 30 سے زائد کتب کا بھی ترجمہ کرچکے ہیں۔ آجکل جماعت کی قرغیز زبان اور لٹوین زبان کی ویب سائٹس کی نگرانی کی توفیق بھی پارہے ہیں۔

دعا سے قبل احباب جماعت کو سوالات کرنے کا موقع بھی دعا گیا۔ سوال تو کسی نے نہیں کئے، تاہم بعض احباب نےجلسہ کے حوالہ سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مکرم بشارت احمد شاہد مبلغ سلسلہ نے دعا کروائی اور دعاکے ساتھ ہی جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔

جلسہ کے اختتام کے ساتھ ہی نماز جمعہ کا وقت ہوگیا۔ خاکسار نے خطبہ جمعہ پولش اور اردو زبان میں پیش کیا، نماز جمعہ و عصر پڑھائی۔ اس کے بعد تمام احباب جماعت نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ لائیو سنا۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ جمعہ کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا جو احباب جماعت اپنے گھروں سے تیار کرکے لائے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام احباب جماعت نے یہ پروگرام بہت پسند کیا اور یہ تجویز دی کہ ایسے پروگرام وقتًا فوقتًا ہوتے رہنے چاہئیں۔ اس طرح جماعت کے دوستوں کو مل بیٹھنے کا موقع ملتا ہے جو تربیت کے لئے بہت ضروری ہے۔ اس سے قبل اس طرح کہ پروگرام آنلائن ہوتے رہے تھے۔ مکرم رشیداحمد صاحب اُن کی اہلیہ محترمہ اور بیٹا عزیزم حزقیل احمد نیشنل جنرل سیکرٹری، سیکرٹری تبلیغ نے تقریباً 120کلومیٹر کا سفر کرکے اس جلسہ میں شرکت کی۔ اور مکرم فہیم احمد صاحب نے 350کلو میٹر کا سفر طے کرکے جلسہ میں شرکت کی۔

آج کے جلسہ سیرت النبیؐ میں شامل ہونے والے

انصار:4
خدام:4
طفل :1
لجنہ:5
ناصرات :2
بچے:2
مہمان:3

ٹوٹل تعداد:21 تھی۔ جن میں سے 7 افراد لوکل پولش احمدی تھے۔ الحمد للٰہ

جلسہ سیرت النبی ؐمیں شریک ہونے والے تمام احباب وخواتین کے لئے دُعا کی درخواست ہے۔ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ پولینڈ کو بے شمار ترقیات سے نوازے اور پولینڈ جماعت کو اپنے فضلوں سے بڑھاتا چلا جائے۔ آمین ثم آمین

(رپورٹ: منیب احمد چٹھہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن برائے پولینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی