• 16 مئی, 2024

کیریباس (کیریباتی) کی پہلی مسجد

1987ء میں حضرت مرزا طاہر احمد رحمۃ اللہ علیہ کی ہدایات کے مطابق پہلے مشینری کیریباس پہنچے اور یہاں جماعت قائم کی۔ جیسے جیسے کیریباس جماعت مزید بڑھی، اس کے ساتھ مسجد کی ضرورت بھی بڑھتی گئی۔ اس ضرورت کے ماتحت اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کے مطابق مسجد کے لیے زمین کے حصول کا کام شروع ہوا۔

2014ء میں مربی سلسلۂ احتشام الحق محمود کوثر نے احمدیہ مسلم کمیونٹی کے ممبران کو جمع کیا اور انہیں بتایا کہ کیریباس میں خدا کے گھر کی تعمیر کا وقت آگیا ہے اور آپ وہ لوگ ہیں جنہیں پہلا گھر بنانے میں شرکت کا موقع دیا جا رہا ہے۔ اس لیے ہمیں زمین چاہیے جس پر ہم یہ مسجد بنا سکیں۔ ایک خاموش، عاجز اور خدا کے محبوب مکرم تاتوا آنگا بیا مرحوم نے مربی صاحب کے اس پیغام کو دل سےقبول کیا اور زمین ڈھونڈنا شروع کر دی۔ اس نے گاؤں کے کچھ لوگوں کو اکٹھا کیا اور کہا کہ محترم مشینری صاحب مسجد کے لیے زمین چاہتے ہیں، ہمیں اس عظیم کام کے لیے اپنی زمینیں پیش کرنی چاہیے۔ انہوں نے ایک خاندان کو مسجد کے لیے اپنی زمین دینے کے لیے راضی کیا۔ اللہ کے فضل سے 2015ء میں احمدیہ مسلم کمیونٹی کیریباس ملک کی پہلی مسجد کی تعمیر کے لیے زمین 99 سال کے لیے لیز پر دینے میں کامیاب ہوئی۔ الحمد للّٰہ

زمین حاصل کرنے کے بعد اس زمین پر مسجد بنانے کے لیے اجازت درکار تھی۔ تعمیر کے لائسنس کی لوکل گورنمنٹ کونسل مسجد کی تعمیر کی مخالفت کر رہی تھی، لیکن اللہ کے فضل سے کونسل کے ممبران میں سے ایک ممبر جو کہ حال ہی میں اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوا تھا، اس نے کہا کونسل کو کہ مسجد کی تعمیر ملک کے لیے اچھی ہو گی۔ انہوں نے کونسل کے دیگر ممبران کو اس کی منظوری دینے پر آمادہ کیا اور خدا کے فضل سے جماعت کو مسجد کی تعمیر کی اجازت مل گی۔

مسجد کی تعمیر کا کام 2016ء میں شروع ہوا جس میں مربی سلسلہ مطیع اللہ جوئیہ اور کریباتی جماعت کے مربی سلسلہ خاکسار خواجہ فہد احمد نے مل کر اللہ کے پہلے گھر کی تعمیر میں شرکت کی۔ الحمدللّٰہ! 2017ء میں اللہ کے فضل سے کیریباس ملک میں اللہ تعالیٰ کا پہلا گھر اور مسجدکی تعمیر مکمل ہوئی۔ الحمدللّٰہ!

پیارے حضور انور نے بڑی شفقت سے مسجد کا نام مسجد بیت الاحد رکھا۔

(خواجہ فہد احمد۔ مبلغ سلسلہ کیریباتی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی