• 27 جولائی, 2025

رپورٹ نعتیہ مجلس زیر اہتمام مجلس انصار اللہ کینیڈا

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ کینیڈا کو مؤرخہ 31؍دسمبر 2020ء بروز جمعرات ایک نعتیہ مجلس (آن لائن) منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس بابرکت مجلس کا آغاز ٹو رانٹو وقت کے مطابق رات آٹھ بجے ہوا جوکہ ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہی۔ اس مجلس کی صدارت محترم عبدالرشید انور صاحب مشنری انچارج کینیڈا نے کی۔ میزبانی کے فرائض مکرم ناصر احمد صاحب نائب صدر مجلس انصار اللہ کینیڈا نے سرانجام دیے۔

مجلس کا آغاز تلاوت کریم سے ہوا ۔ مکرم رافع الزنداقی صاحب نے سورۃالاحزاب کی آیات 57تا 58تلاوت کیں جن کا اردو ترجمہ مکرم فراز احمد قریشی صاحب نے پیش کیا۔ مکرم مولانا سہیل احمد ثاقب صاحب (قائد تعلیم القران) نے درودشریف کی اہمیت کے بارے میں حدیث نبویﷺ اور اس کا اردو ترجمہ پیش کیا۔ بعدازاں مکرم کامران اشرف صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ایک اقتباس بابت مجلس مولود مبارک پڑھ کر سنایا۔ جس کے بعد مکرم عبدالحمید وڑائچ صاحب صدر مجلس انصار اللہ کینیڈا نے اس بابرکت مجلس کی غرض وغایت کے بارے میں اپنے افتتاحی کلمات ارشادفرمائے اس کے بعد مکرم معتز القزق صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے عربی قصیدہ یا عین فیض اللہ … سے منتخب اشعار ترنم سے پڑھ کر سنائے اور مکرم داؤد اسماعیل صاحب (ناظم اعلی ٰ پریری ریجن ) نے ان کا اردو ترجمہ پیش کیا۔

اس مجلس میں تین شعراء حضرات کو بھی اپنا نعتیہ کلام پیش کرنے کی دعوت دی گئی تھی چنانچہ سب سے پہلے مکرم مولانا محمد افضل مرزا صاحب (مربّی سلسلہ) نے خوش الحانی کے ساتھ اپنا کلام پیش کیا۔آپ کے نعتیہ کلام کے چند اشعار یہ ہیں۔

پیشواؤں کا پیشوا وہ ہے
میرے جیسوں کا ناخدا وہ ہے
اس کی خاطر بنے ہیں دونوں جہاں
سارے نبیوں میں مصطفیٰ وہ ہے

اس کے بعد مکرم منصور احمد ناصر صاحب نے حضور علیہ السلام کا سوانح رسول ﷺ کے متعلق اقتباس از ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ پڑھ کر سنایا جس کے بعد دوسرے شاعر محترم انصر رضا صاحب نے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا۔

نہیں ہے نام کوئی تیرے نام سے اوپر
ہے بس الوہیت تیرے مقام سے اوپر
تو دوکمانوں کاہے وتر منتہائے بشر
گیا معراج میں بیت حرام سے اوپر

اس کے بعد مکرم سیّد مبشر احمد صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نظم ’’وہ پیشوا ہمارا‘‘ کے چند اشعار ترنم سے پڑھ کر سنائے۔

اس محفل کے تیسرے شاعر مکرم ہادی علی چوہدری صاحب نے اپنے نعتیہ اشعار سنائے

اس پرنزول ربّ سماں حد تا حد ہوا
مظہر صفات حق کا اتم صد بصد ہوا
احمد ہے وہ بلند ہوا میم گر گئی
وہ ایک ہوکے واصل ربّ احد ہوا

جس کے بعد مکرم عبدالخالق محسن فاروقی صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا فارسی کلام ’’جان ودلم فدائے جمال محمدؐ است‘‘ اپنی مترنم آواز میں پیش کیا اور مکرم سیّد پیام نبی صاحب نے اس کا اردو ترجمہ پیش کیا۔

مکرم ناصر احمد صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی نظم ’’حضرت سید وُلد آدم۔ صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ سے چنیدہ اشعار خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے۔ بعد ازاں مکرم صفی اللہ راجپوت صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ 24؍فروری 2006ء سے موجودہ زمانے میں آنحضور ﷺ کے خلاف مغربی پروپیگنڈے اور ہماری ذمہ داری کے حوالے سے اقتباس پڑھ کر سنایا۔

آخر پر صدر محفل محترم مشنری انچارج صاحب نے اپنے اختتامی کلمات میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ یکم جنوری 2010ء کے ایک اقتباس کہ ’’ہمارے سال اور دن اُس صورت میں ہمارے لئے مبارک بنیں گے جب ہم اپنے اندر پاک تبدیلیاں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔‘‘ کی روشنی میں بتایا کہ پاک تبدیلی پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ آنحضور ﷺ کا اسوۂ حسنہ ہے پس سال 2020ء کے اختتام اور سال 2021ء کے آغاز کے موقع پر ہم نبی اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ کی روشنی میں اپنی زندگی کا جائزہ لیں اور اسی کے مطابق اپنی زندگی کوڈھالنے کی کوشش کریں ان کلمات کے بعد آپ نےدعا کروائی اور اس طرح یہ بابرکت نعتیہ مجلس اپنے اختتام کو پہنچی ۔

(نوٹ: یہ پروگرام اردو زبان میں تھا لیکن آن لائن ہونے کی وجہ سے سکرین پر ساتھ ساتھ انگریزی ترجمہ پیش کیا جاتا رہا۔ اس بابرکت مجلس کو تقریباً گیارہ سو احباب نے یو ٹیوب پر براہ راست دیکھا اور سنا)

(رپورٹ: غلام مصباح بلوچ ۔ نائب صدر صف دوم مجلس انصار اللہ کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 جنوری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 جنوری 2021