• 19 مئی, 2024

جاپان میں ایک بچی کی تقریب آمین

عزیزہ عنایہ خلود بنت مکرم عبد القیوم و راضیہ قیوم صاحبہ نے محض چار سال پانچ ماہ کی عمر میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کیا۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذالک ۔ بچی کو قرآن کریم پڑھانے کی سعادت بچی کی والدہ مکرمہ راضیہ قیوم کو ملی۔

جاپان میں پیدا ہونے والے بچوں میں سے قرآن کریم کا دور مکمل کرنے کے لحاظ سے یہ ایک ریکارڈ مدت ہے۔مکرم عبد القیوم صاحب اور ان کے اہل خانہ نے تقریب آمین کے ساتھ جماعت احمدیہ ناگویا کے احباب کی خدمت میں نہایت پرتکلف دعوت کا اہتمام کیا ۔مکرم انیس رئیس (نیشنل صدر ومبلغ انچارج جاپان) نے عزیزہ عنایہ خلود سے قرآن کریم کے کچھ حصے سنے اور دعا کروائی۔ دعا سے قبل تلاوت قرآن کریم کی برکات کے حوالہ سے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ رضوان اللہ علیہم کی محبتِ قرآن کریم کے کچھ واقعات پیش کئےنیز والدین کو تحریک فرمائی کہ خیر کم من تعلم القرآن وعلمہ کے تحت ہم سب کو قرآن کریم سیکھنے، بچوں کو قرآن کریم پڑھانے اور قرآن کریم کے معارف سمجھنے کے لئے ہمیشہ کوشش کرتے رہنا چاہیے۔

مکرم انیس رئیس مبلغ انچارج جاپان نے احباب کی خدمت میں ’’محمود کی آمین‘‘ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بچوں کی آمین کی تقریبات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے تحریک فرمائی کہ غیر ضروری رسوم و رواج کی جگہ ایسی پاکیزہ تقریبات کا انعقاد احمدی مسلمان بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت کے لئے ایک مہمیز مہیا کرتا ہے ۔نیز تعلیمِ قرآن کی برکات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ:
’’یقینا ًیاد رکھو کہ جو شخص سچے دل سے اللہ تعالیٰ پر ایمان لاتا ہے اور اس کی پاک کتاب پر عمل کرتا ہے اور رسول اللہﷺ کی اطاعت کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کو لا انتہا برکات سے حصہ دیتا ہے۔ ایسی برکات اُسے دی جاتی ہیں جو اس دنیا کی نعمتوں سے بہت ہی بڑھ کر ہوتی ہیں۔ ان میں سے ایک عفوِ گناہ بھی ہے کہ جب وہ رجوع کرتا ہے اور توبہ کرتا ہے تو خدا تعالیٰ اس کے گناہ بخش دیتا ہے۔‘‘

(ملفوظات جلد چہارم صفحہ141۔ ناشر نظارت نشرو اشاعت قادیان۔ ایڈیشن2003ء)

ایک اور احمدی مسلمان بچے عزیزم عارض احمد ڈار ابن مکرم اطہر احمد ڈار و مکرمہ کائنات ڈار نے سورة فاتحہ کی تلاوت کرکے قرآن کریم کی تعلیم کا آغاز کیا ۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ