• 26 اپریل, 2024

آج کی دعا

اُدْعُوْنِیْ اَسْتَجِبْ لَکُمْ

(تذکرہ صفحہ:537)

ترجمہ:مجھ سے مانگو میں تمہیں دونگا۔ (یعنی دعا کرو تو میں قبول کرونگا)

یہ اللہ تعالیٰ کے حضور جھکنے اور اسی سے مانگنے کی دعا ہے۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام ؑ فرماتے ہیں:۔
ابھی 8جولائی 1906 کے دن سے جو پہلی رات تھی میرا لڑکا مبارک احمد خسرہ کی بیماری سے گھبراہٹ اور اضطراب میں تھا۔ ایک رات تو شام سے صبح تک تڑپ تڑپ کر اس نے بسر کی اور ایک دم نیند نہ آئی۔ دوسری رات میں اس سے سخت تر آثار ظاہر ہوئے۔ اس وقت میرا دل درد مند ہوا اور الہام ہوا اُدْعُوْنِیْ اَسْتَجِبْ لَکُمْ تب معا ًدعا کے ساتھ مجھے کشفی حالت میں معلوم ہوا کہ اس کے بستر پر چوہوں کی شکل پر بہت سارے جانور پڑے ہیں اور وہ اس کو کاٹ رہے ہیں اور ایک شخص اٹھا اور اس نے تمام وہ جانور اکٹھے کرکے ایک چادر میں باندھ دئے اور کہا اس کو باہر پھینک آؤ اور پھر وہ کشفی حالت جاتی رہی۔ اور میں نہیں جانتا کہ پہلے وہ کشفی حالت دور ہوئی یا پہلے مرض دور ہوگئی۔ اور لڑکا آرام سے فجر تک سویا رہا۔ اور چونکہ خداتعالیٰ نے اپنی طرف سے یہ خاص معجزہ مجھ کو عطا فرمایا ہے اس لئے میں یقینا ًکہتا ہوں کہ اس معجزہ شفاءالامراض کے بارے میں کوئی شخص روئے زمین پر میرا مقابلہ نہیں کرسکتا ۔اور اگر مقابلہ کا ارادہ کرے تو خدا اس کو شرمندہ کرے گا۔کیونکہ یہ خاص طور پر مجھ کو موہبت الٰہی ہے جو معجزانہ نشان دکھلانے کے لئے عطا کی گئی ہے ۔مگر اس کے یہ معنی نہیں کہ ہر ایک بیمار اچھا ہوجائے گا بلکہ اس کے یہ معنی ہیں کہ اکثر بیماروں کو میرے ہاتھ پر شفا ہوگی۔

(حقیقۃ الوحی۔ روحانی خزائن جلد 22 ۔ حاشیہ صفحہ 90، 91)

(مرسلہ:مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 اپریل 2021