اَللّٰهُمَّ أَيِّدْهُ بِرُوحِ القُدُسِ
(صحیح بخاری كِتَابُ الأَدَبِ بَابُ هِجَاءِ المُشْرِكِينَ حدیث: 6152)
ترجمہ: اللہ ! روح القدس کے ذریعہ تمہاری مدد فرمائے۔
یہ سید ومولیٰ پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی حضرت حسان بن ثابتؓ کو دی جانے والی دعا ہے جب وہ مشرکوں کو جنگ کے موقعہ پر اشعار کے ذریعہ جواب دیتےتھے۔
حضرت حسان بن ثابت انصاری رضی اللہ عنہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کو گواہ بنا کر کہتے تھے کہ اے ابو ہریرہ! میں آپ کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں، کیا تم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اے حسان! اللہ کے رسول کی طرف سے مشرکوں کو جواب دو، اے اللہ! روح القدس کے ذریعہ ان کی مدد کر۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ ہاں ۔
(صحیح بخاری كِتَابُ الأَدَبِ بَابُ هِجَاءِ المُشْرِكِينَ حدیث: 6152)
حضرت براء بن عازب ؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرتﷺ نے یومِ قریظہ کو حضرت حسان بن ثابت ؓ کو فرمایا مشرکین کی ہجو(مذمت /برائی) کرو۔ جبرائیل تمہارے ساتھ ہے۔ حضرت حسان ؓ جب کفار کے جواب میں ہجویہ اشعار پڑھتے تو آنحضرت ﷺ ساتھ فرماتے جاتے میری طرف سے جواب دیتے جاؤ۔ اللہ روح القدس کے ذریعہ تمہاری مدد فرمائے۔
(مرسلہ:مریم رحمٰن)