• 20 مئی, 2024

محرم الحرام اور چند دعائیں

محرم الحرام اور چند دعائیں
نیا ہجری قمری سال مبارک ہو

ویسے تو اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے تمام دن، ہفتے، مہینے اور سال مبارک ہیں۔ لیکن بعض دنوں، مہینوں کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دوسرے دنوں اور مہینوں پر فضیلت حاصل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس مضمون کو سورۃ التوبہ آیت 36میں بیان فرمایا ہے کہ مہینے تو سال میں 12ہی ہیں لیکن چار مہینے ایسے ہیں جو حرمت والے مہینے ہیں۔ ان کو دوسرے مہینوں پر فضیلت حاصل ہے۔ ان مہینوں میں اپنی جانوں پر ظلم نہ کرو اور نہ ہی کسی قسم کا لڑائی جھگڑا۔ ان چار مہینوں میں سے ایک ’’محرّم‘‘ کا مہینہ ہے جس سے اسلامی (قمری) سال (ہجری قمری) کا آغاز ہوتا ہے۔

اس لئے اس ماہ کے احترام کو مد نظر رکھتے ہوئے دعائیں اور درود پڑھ کر گزارنا چاہئے۔ جس طرح یکم جنوری کو تہجد پڑھ کر دعائیں کرتے اور اپنی زندگی کو حسین تر بنانے کے لئے مختلف عہد باندھتے ہیں اسی طرح یکم محرم کو تہجد کے ساتھ دعائیں کرتے ہوئے، نئے نئے عہد باندھتے ہوئے سال کا آغاز کرنا چاہئے۔ بالخصوص اس عظیم قربانی کو مد نظر رکھتے ہوئے جو حضرت امام حسین ؑنے کلمہ باطل کے مقابل پر اعلائے کلمۃ الاسلام کی خاطر اپنی جان، جان آفرین کے سپرد کر دی۔ افسوس کہ مسلمان اسلامی سال کی اہمیت اور فضیلت کو مد نظر نہیں رکھتے اور بہت سوں کو تو یہ علم بھی نہیں ہوتا کہ ماہ محرم اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے۔ اور یکم محرّم سے نئے ہجری قمری سال کا آغاز ہو رہا ہے۔ اور پھر افسوس اس بات پر بھی ہے کہ محرم کی فضیلت کے پیش نظر اللہ تعالیٰ نے اپنی جان پر ظلم کرنے اور لڑائی جھگڑے سے روکا ہے۔ یہی دو برائیاں ہمارے ایشیائی معاشرے میں بالخصوص ایشیائی مسلمان ممالک میں ماہ محرم میں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ شیعہ سنی فسادات اور قتل و غارت عروج پر ہوتا ہے۔ نفرتیں بڑھتی ہیں۔ امن و سلامتی کی قلت ہوتی ہے۔ یہی سارے غیر اسلامی افعال اپنے نفوس پر ظلم کرنے کے مترادف ہوتے ہیں۔ اور جب کہ ہمارے امام حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بار ہا احمدی مسلمانوں کو اس طرف توجہ دلا چکے ہیں کہ دنیا میں امن کا قیام ایک احمدی کی اوّلین ذمہ داری ہے۔ امن کے قیام کے لئے دعائیں کرنا بھی ہماری اوّلین ذمہ داری ہے۔ اس لئے آئیں اس اسلامی سال کاغاز ایسی رقت بھری دعاؤں سے کریں کہ آسمان کے کنگرے بھی ہل جائیں اور ہماری دعاؤں کے طفیل اللہ تعالیٰ دنیا بھر میں ایسا امن قائم کر دے جو آج سے 1400سال قبل آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں دیکھنے کو ملتا تھا۔

محرم کی فضیلت، حضرت امام حسینؑ اور اہلِ بیت کا مقام اور درود شریف پڑھنے کے حوالے سے آپ قارئین کو دو دن پر پھیلے محرم نمبر (29-30 جولائی) میں بہت کچھ ملے گا جس سے آپ کے ایمان کو گرمائش ملے گی اور اہل بیت اور حضرت اما م حسن و حسین علیہم السلام سے محبت بڑھے گی۔ اور آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم، اہل بیت اور روحانی آل پر کثرت سے درود پڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

خاکسار اس آرٹیکل میں صرف بعض دعاؤں پر اکتفا کرے گا۔ اس امید کے ساتھ ہم ماہ محرّم میں اور اس اسلامی سال میں ان دعاؤں کے ورد کے ساتھ داخل ہوں گے اور اپنے اللہ کے دربار میں بھی امید رکھتا ہوں کہ وہ ہماری تمام التجائیں اور دعائیں قبول فرمائے گا اور اس اسلامی سال کو ہمارے لئے، جماعت احمدیہ کے لئے، اسلام اور امت کے لئے رحمت و برکت کا موجب بنائے گا۔

نئے دور میں داخل ہونے کی دعا

اللہ تعالیٰ نے کسی نئی جگہ اور نئے دور میں داخل ہونے پر مومنوں کو یہ دعا سکھائی ہے۔ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دعا کو آغاز و انجام کے نیک ہونے اور خاص نصرت الٰہی کی دعا کے نام سے یاد فرمایا ہے۔

رَبِّ اَدۡخِلۡنِیۡ مُدۡخَلَ صِدۡقٍ وَّاَخۡرِجۡنِیۡ مُخۡرَجَ صِدۡقٍ وَّاجۡعَلۡ لِّیۡ مِنۡ لَّدُنۡکَ سُلۡطٰنًا نَّصِیۡرًا

(بنی اسرائیل: 81)

اے میرے ربّ! مجھے اس طرح داخل کر کہ میرا داخل ہونا سچائی کے ساتھ ہو اور مجھے اس طرح نکال کہ میرا نکلنا سچائی کے ساتھ ہو اور اپنی جناب سے میرے لئے طاقتور مددگار عطا کر۔

(ترجمہ حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ)

برکتوں والی جگہ پر داخل کر

رَبِّ اَنۡزِلۡنِیۡ مُنۡزَلًا مُّبٰرَکًا وَّاَنۡتَ خَیۡرُ الۡمُنۡزِلِیۡنَ

(المومنون: 30)

اے میرے ربّ! تُو مجھے ایک مبارک اُترنے کی جگہ پر اتار اور تُو اتارنے والوں میں سب سے بہتر ہے۔

(ترجمہ حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ)

ہم و غم دور کرنے کے لئے صبح و شام پڑھنے کی دعا

حَسۡبِیَ اللّٰہُ ۫٭ۖ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ؕ عَلَیۡہِ تَوَکَّلۡتُ وَہُوَ رَبُّ الۡعَرۡشِ الۡعَظِیۡمِ

(التوبہ: 129)

میرے لئے اللہ کافی ہے۔ اس کے سوا اور کوئی معبود نہیں۔ اسی پر میں توکل کرتا ہوں اور وہی عرشِ عظیم کا ربّ ہے۔

نیا چاند دیکھنے کی دعا

اَللّٰھُمَّ اَھِلَّہٗ عَلَینَا بِالْاَمنِ وَالْاِیمَانِ وَالسَّلَامَۃِ وَالْاِسلَامِ رَبِّی وَ رَبُّکَ اللّٰہُ، ھِلَالُ خَیرٍ وَّ رُشدٍ، ھِلَالُ خَیرٍ وَّ رُشدٍ، ھِلَالُ خَیرٍ وَّ رُشدٍ، اٰمَنتُ بِاللّٰہ ِ الَّذِی خَلَقَکَ۔

(ترمذی الدعوات و حاکم الدعاء)

ترجمہ:- اے اللہ! اس (چاند) کو ہم پر امن و سلامتی اور ایمان و اسلام کے ساتھ طلوع فرما (اے چاند) میرا اور تیرا ربّ اللہ ہے۔ یہ چاند خیر و بھلائی کا چاند ہو، خیر و بھلائی کا چاند، خیر و بھلائی کاچاند، میَں اُس اللہ پر ایمان لایا جس نے تجھے پیدا کیا۔

نئی جگہ اور نئے دَور میں
داخل ہونے کی ایک اور دعا

اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَساَلُکَ خَیرَ المَولِجِ، وَ خَیرَ المَخرَجِ بِسمِ اللّٰہ ِ وَ لَجنَا وَ بِسمِ اللّٰہ ِ خَرَجنَا، وَعَلَی اللّٰہ ِ رَبِّنَا تَوَکَّلنَا۔

(ابو داؤد و ترمذی)

ترجمہ:- اے اللہ! مَیں تجھ سے نئی جگہ و دور میں داخل ہونے اور نکلنے کی بھلائی اور خیر طلب کرتا ہوں۔ اللہ کے نام کے ساتھ ہم (نئی جگہ و دور) میں داخل ہوئے اور اللہ کے نام کے ساتھ ہم (پرانی جگہ سے) نکلے اور اللہ پر جو ہمارا ربّ ہے ہم نے توکل کیا۔

سال کےبا برکت ہونے کی دعا

اَللّٰھُمَّ بَارِک لَنَا فِیھَا۔اَللّٰھُمَّ بَارِک لَنَا فِیھَا۔اَللّٰھُمَّ بَارِک لَنَا فِیھَا۔اَللّٰھُمَّ ارزُقنَا جَنَاھَا وَحَبِّبنَا اِلٰی اَھلِھَا وَ حَبِّب صَالِحِیْ اَھلِھَا اِلَینَا۔

(مستدرک حاکم)

ترجمہ:اے اللہ! ہمارے لئے اس سال میں برکت رکھ دے۔ اے اللہ! ہمیں اس سال میں برکت بخش۔اے اللہ!ہمارے لئے اس سال میں برکت کے سامان مہیا کردے۔ اے اللہ! ہمیں اس کے پھلوں سے رزق دے اور اس کے باشندوں کے دلوں میں ہماری محبت ڈال اور اس بستی کے نیک بندوں کی محبت ہمارے دلوں میں پیدا کر دے۔

نئے دن میں داخل ہونے کی دعا

رَبِّ اَساَلُکَ خَیرَ مَا فِی ھٰذَا الیَومِ وَخَیرَ مَا بَعدَہٗ، وَاَعُوذُبِکَ مِن شَرِّ مَا فِی ھٰذَا الیَومِ وَ شَرِّ مَا بَعدَہٗ، رَبِّ اَعُوذُبِکَ مِنَ الکَسَلِ وَسُوءِ الکِبَرِ، رَبِّ اَعُوذُبِکَ مِن عَذَابٍ فِی النَّارِ وَعَذَابٍ فِی القَبرِ۔

(مسلم کتاب الذکر)


ترجمہ:۔ اے میرے ربّ!مَیں تجھ سے اِس دن کی خیر چاہتا ہوں اوراس کے بعدکی بھلائی بھی اور مَیں تجھ سے اس دن کے شرّ کی پناہ مانگتا ہوں اور اِس کے بعد کی برائی سے بھی۔ اے میرے ربّ! مَیں سُستی اور تکبّر کی برائی سے تیری پناہ میں آتا ہوں۔ میرے پروردگار! مَیں آگ کے عذاب اور قبر کے عذاب سے تیری پناہ میں آتا ہوں۔

آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دعا میں الیَوم کا لفظ استعمال فرمایا ہے۔ الیَوم کی جگہ ھذہٖ السنۃ یعنی اس سال کا بھی کہہ کر دعا ہو سکتی ہے۔

صبح و شام کی دعائیں

• آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہؓ کو صبح و شام پڑھنے اور اپنے ان اوقات کو بابرکت بنانے کے لئے بہت سی دعائیں سکھلائیں ان میں سے دو دعائیں تحریر ہیں۔

• حضرت عبد اللہ ؓ بن عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم ﷺروزانہ صبح اور شام کچھ دُعائیہ کلمات ضرور پڑھتے تھے۔ اُن میں سے ایک دُعا یہ ہے۔

اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَساَلُکَ العَافِیَۃَ فِی الدُّنیَا وَالْآخِرَۃِ اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَساَلُکَ العَفوَ وَالعَافِیَۃَ فِی دِینِی وَدُنیَایَ، وَاَھلِی وَمَالِی، اَللّٰھُمَّ استُر عَورَاتِی، وَآمِن رَوعَاتِی، اَللّٰھُمَّ احفَظنِی مِن بَینِ یَدَیَّ وَمِن خَلفِی وَعَن یَمِینِی وَعَن شِمَالِی وَمِن فَوقِی، وَاَعُوذُ بِعَظمَتِکَ اَن اُغتَالَ مِن تَحتِی

(ابو داؤد)

ترجمہ:- اے اللہ! مَیں تجھ سے دنیا اور آخرت میں عافیت کا طلبگار ہوں۔ اے اللہ! مَیں تجھ سے دین و دنیا، مال و گھر بار میں عفو اور عافیت کا خواستگار ہوں۔ اے اللہ! میری کمزوریاں ڈھانپ دے اور مجھے میرے خوفوں سے امن دے۔ اے اللہ! میرے آگے پیچھے اور میرے دائیں بائیں اور میرے اوپر سے خود میری حفاظت فرما اور مَیں تیری عظمت کی پناہ چاہتا ہوں کہ مَیں اپنے ماتحتوں سے کسی مخفی مصیبت کا شکار ہوں۔

•حضرت ابو بکر ؓ روزانہ صبح و شام تین مرتبہ یہ دُعائیں پڑھتے اور کہا کرتے تھے کہ مَیں نے رسول کریم ﷺ کو یہ دُعائیں پڑھتے سُنا۔اس لئے مجھے پسند ہے کہ یہ دُعائیں پڑھ کر آپ کی سنّت قائم کروں۔

(ابو داؤد کتاب الادب)

(i) اَللّٰھُمَّ عَافِنِی فِی بَدَنِی اَللّٰھُمَّ عَافِنِی فِی سَمعِی، اَللّٰھُمَّ عَافِنِی فِی بَصَرِی، لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنتَ۔

ترجمہ:-اے اللہ! میرے جسم کو عافیت دے۔اے اللہ! میری سماعت کی حفاظت فرما۔ مولیٰ! میری آنکھ کی بھی خود حفاظت فرما، تیرے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔

(ii) اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَعُوذُبِکَ مِنَ الکُفرِ وَالفَقرِ، اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَعُوذُبِکَ مِن عَذَابِ القَبرِ، لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنتَ۔

ترجمہ:- اے اللہ! مَیں کفر اور افلاس سے تیری پناہ میں آتا ہوں۔ اے اللہ! مَیں عذاب قبر سے تیری پناہ میں آتا ہوں۔ تیرے سواکوئی اور عبادت کے لائق نہیں۔

بُرے وقت سے بچنے کی دعا

اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَعُوذُ بِکَ مِن یَومِ السُّوءِ وَمِن لَیلَۃِ السُّوءِ وَمِن سَاعَۃِ السُّوءِ، وَمِن صَاحِبِ السُّوءِ، وَمِن جَارِ السُّوءِ، فِی دَارِ المُقَامَۃِ۔

(طبرانی جلد17 صفحہ294 مطبوعہ بیروت)

ترجمہ:- اے اللہ! مَیں تجھ سے برے دن اور بری رات اور برے وقت سے پناہ مانگتا ہوں اور برے ساتھی اور اپنی رہائش کی جگہ میں برے ہمسائے سے بھی۔

اہلِ بیت اور امت کی روزی میں
برکت کے لئے دُعا

اَللّٰھُمَّ اجعَل رِزقَ آلِ مُحَمَّدٍ فِی الدُّنیَا قُوتًا

(مسلم کتاب الزکوۃ باب فی الکفف)

ترجمہ:- اے اللہ! آل محمدؐ کو دنیا میں قُوت لا یموت (زندہ رہنے کے لئے کم از کم روزی) سے محروم نہ کرنا۔

*حضرت مسیح موعود ؑ نے بھی ایسے موقع پر دعا کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا

’’ہر مہینہ اپنے اندر خیر اور شر کے لوازم رکھتا ہے اس لئے دعا کرنی چاہئے۔‘‘

(ملفوظات جلد سوم صفحہ323)

سورة فاتحہ، آیة الکرسی، تینوں قل
اور درود شریف کا ورد

ایسے مواقع پر فاتحہ، آیة الکرسی تینوں قل اور درود شریف کثرت سے پڑھنا بھی مفید اور کار آمد ثابت ہو سکتے ہیں۔

رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا ؕ اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ

(البقرہ: 128)

اے ہمارے ربّ! ہماری طرف سے قبول کر لے۔ یقینا تو ہی بہت سننے والا (اور) دائمی علم رکھنے والا ہے۔

اللہ تعالیٰ تما م قارئین کو نیا اسلامی سال 1444ہجری قمری مبارک کرے۔

(ابوسعید)

پچھلا پڑھیں

دعا کی تحریک

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 جولائی 2022